صالحہ عابد حسین ہمیشہ صالح معاشرے کی تعمیر میں کوشاں رہیں : امان ذخیروی

صالحہ عابد حسین ہمیشہ صالح معاشرے کی تعمیر میں کوشاں رہیں : امان ذخیروی

اپنی تحریروں کے ذریعے صالح معاشرے کی تعمیر میں ہمیشہ کوشاں رہیں "گوری سوئے سیج پر" کی مصنفہ صالحہ عابد حسین: امان ذخیروی

جموئی 18 اگست(سلطان اختر) معروف ادیبہ، ناول نگار، افسانہ نگار، ترجمہ نگار، ڈراما نگار صالحہ عابد حسین کے یوم پیدائش 18 اگست کے موقعے پر بزم تعمیر ادب ذخیرہ، جموئی کے زیر اہتمام بزم کے خازن پروفیسر محمد رضوان عالم خان کی صدارت میں ایک یادگاری نشست منعقد کی گئی. بزم کے جنرل سکریٹری امان ذخیروی نے محترمہ صالحہ عابد حسین کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اپنی تحریروں کے ذریعے صالحہ عابد حسین صالح معاشرے کی تعمیر میں ہمیشہ کوشاں رہیں. انھوں نے اپنے ناولوں اور افسانوں میں معاشرے میں رونما ہونے والے واقعات کو بڑے موثر اور پردرد انداز میں پیش کرنے اور اس کی اصلاح کی کامیاب کوشش کی. آپ کی پیدائش 18 اگست 1913ء کو ہریانہ کے پانی پت میں ایک علمی و ادبی گھرانے میں ہوئی. صالحہ عابد حسین کا اصل نام مصداق فاطمہ اور قلمی نام صالحہ تھا. 1933ء میں ڈاکٹر سید عابد حسین سے ان کی شادی کے بعد وہ صالحہ عابد حسین ہو گئیں اور اسی قلمی نام سے مشہور ہوئیں. معروف عالم، شاعر، ناقد اور محقق خواجہ الطاف حسین حالی آپ کے پرنانا تھے. آپ کے والد کا نام خواجہ غلام الثقلین اور والدہ کا نام مشتاق فاطمہ تھا. بے وقت والد کے انتقال کے بعد آپ کی پرورش اور تعلیم و تربیت والدہ اور چچا خواجہ غلام الحسنین نے کی. انھوں نے علی گڑھ، پانی پت اور پنجاب میں تعلیم حاصل کی. چونکہ انھیں گھر میں علمی ماحول ملا تھا، اس لیے انھوں نے بچپن ہی سے لکھنا شروع کر دیا تھا. ان کے ناولوں میں عذرا 1941ء، آتش خاموش 1953ء، راہ عمل 1963ء، قطرہ سے گہر ہونے تک 1957ء، یادوں کے چراغ 1966ء، اپنی اپنی صلیب 1972ء، الجھی ڈور 1972ء، گوری سوئے سیج پر 1978ء اور سانولا آنگن 1984ء وغیرہم قابل ذکر ہیں. اس کے علاوہ افسانوی مجموعوں اور ڈراموں کی بھی اچھی خاصی تعداد ہے. ان کی خود نوشت سلسلۂ روز شب کا شمار اردو کی بہترین آپ بیتیوں میں ہوتا ہے. 8 جنوری 1988ء کو قلم کا جادو جگانے والی یہ فن کارہ دنیا سے رخصت ہو گئیں.
آپ یہ بھی پڑھ سکتے ہیں :رابندر ناتھ ٹیگور فنون لطیفہ کے شہنشاہ تھے: امان ذخیروی

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے