مانو لکھنؤ کیمپس کے اسکالر شاہد حبیب این ایف آئی اسکالرشپ کے لیے منتخب

مانو لکھنؤ کیمپس کے اسکالر شاہد حبیب این ایف آئی اسکالرشپ کے لیے منتخب

لکھنؤ (23 مئی)۔ این ایف آئی کے باوقار میڈیا فیلوشپ کے لیے پندرہ آزاد صحافیوں کے انتخاب کے ساتھ ہی مانو لکھنؤ کیمپس کے اسکالر شاہد حبیب کا بھی انتخاب عمل میں آیا ہے۔ این ایف آئی کے ٹوئٹر ہنڈل کے توسط سے اس اعلان کے آتے ہی مانو لکھنؤ کیمپس کے اساتذہ اور شاہد حبیب کے احباب کے درمیان خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ شاہد حبیب، علم و ادب کا ستھرا ذوق رکھنے والے نوجوان قلم کار ہیں. وہ ناقد، افسانہ نویس اور تجزیہ نگار کے طور پر اپنی شناخت مستحکم کر رہے ہیں. سیاسی، سماجی و ماحولیاتی موضوعات پر لکھے ان کے کالمز کو "اودھ نامہ" لکھنؤ، آگ لکھنؤ، انقلاب، راشٹریہ سہارا اور دیگر اخبارات کے قارئین کے درمیان اعتبار کی نظروں سے دیکھا جانے لگا ہے. وہ بہار کے سپول ضلعے میں یکم جولائی 1987 کو پیدا ہوئے اور معروف درس گاہ جامعۃ الفلاح، بلریاگنج، اعظم گڑھ سے فراغت کے بعد اس وقت مولانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی، لکھنؤ کیمپس سے ڈاکٹر مجاہد الاسلام کی نگرانی میں”جدیدیت کے تحت لکھے گئے اردو افسانوں کا تجزیاتی مطالعہ : حقوق انسانی کے تناظر میں" کے موضوع پر ریسرچ کی تکمیل کر رہے ہیں. شاہد حبیب نے ٹیلی فونک رابطے میں نامہ نگار کو بتایا کہ 2009 میں انھوں نے صحافت کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ اس وقت ڈاکٹر ابوظفر عادل اعظمی اور یو این این کے بانی مرحوم اصغر انصاری اور مرحوم مفتی اعجاز علی ارشد نے اس میدان کی باریکیوں سے انھیں واقف کرایا تھا۔ اس کامیابی پر شاہد حبیب کو مبارکباد دینے والوں میں ڈاکٹر مجاہد الاسلام، معروف شاعر اور دانشور انتظار نعیم (دہلی)، ڈاکٹر عشرت ناہید، ڈاکٹر فیروز عالم (حیدرآباد)، ڈاکٹر نعیم انیس (کلکتہ) اور ڈاکٹر رمیشا قمر کے نام شامل ہیں۔
آپ یہ بھی پڑھ سکتے ہیں :15 آزاد اردو صحافی این ایف آئی میڈیا فیلوشپ کے لیے منتخب

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے