١٥ آزاد اردو صحافی این ایف آئی میڈیا فیلوشپ کے لیے منتخب

١٥ آزاد اردو صحافی این ایف آئی میڈیا فیلوشپ کے لیے منتخب

نئی دہلی (پریس ریلیز) : نیشنل فاؤنڈیشن فار انڈیا (این ایف آئی)، نئی دہلی نے اُردو میں رپورٹنگ کرنے والے 15 آزاد صحافیوں کو فیلوشپ کے لیے منتخب کیا ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ان آزاد صحافیوں میں سے 12 کو ٹیکسٹ اسٹوری جب کہ تین کو ملٹی میڈیا اسٹوری کے لیے مالی گرانٹ فراہم کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ این ایف آئی نے رواں سال سے اُردو میں بھی یہ فیلوشپ شروع کیا ہے۔
این ایف آئی میڈیا فیلوشپ پروگرام کے منیجنگ ایڈیٹر مہتاب عالم نے اس بارے میں بتایا کہ، این ایف آئی نے اُردو صحافت کے دو سو سال مکمل ہونے پر اُردو زبان کے صحافیوں کے لیے بھی فیلوشپ کا آغاز کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس قدم سے نہ صرف اردو صحافت کو فروغ ملے گا بلکہ اُردو صحافیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔
مہتاب عالم نے کہا کہ ٹیکسٹ اسٹوری کے زمرے میں ہر منتخب فیلو کو ایک ہزار سے پندرہ سو الفاظ کی ایک رپورٹ جب کہ ملٹی میڈیا کے زمرے میں پانچ سے سات منٹ کی ملٹی میڈیا/ویڈیو اسٹوری کے لیے 30 ہزار روپے کی گرانٹ دی جائے گی۔
واضح ہو کہ فیلوز کا انتخاب اسٹوری آئیڈیا اور پچھلے کام (ورک سیمپل) کی بنیاد پر ماہرین کی جیوری نے کیا ہے اور انتخاب کے عمل کے دوران پس ماندہ طبقات اور دور دراز کے درخواست گزاروں کو ترجیح دی گئی ہے۔
فیلوز کو منتخب کرنے والی جیوری میں مہتاب عالم کے علاوہ دی وائر کی سینئر ایڈیٹر عارفہ خانم شیروانی، ممبئی اردو نیوز کے ایڈیٹر شکیل رشید، مولانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی حیدرآباد کے شعبہ ترسیل عامہ و صحافت کے ایسوسی ایٹ پروفیسر محمد مصطفیٰ علی سروری اور سینئر صحافی و این ایف آئی میڈیا فیلوشپ پروگرام کی ایڈوائزر سیما چشتی شامل تھے۔
جیوری ممبران میں شامل دی وائر کی سینئر ایڈیٹر عارفہ خانم شیروانی نے کہا کہ گزشتہ دو دہائی میں جو ڈیجیٹل انقلاب آیا ہے اور اس کے جو ثرات میڈیا پر مرتب ہوئے ہیں، ان میں اُردو کہیں نہ کہیں پیچھے چھوٹتی ہوئی نظر آتی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اکثر کہا جاتا ہے کہ اُردو مسلمانوں کی زبان ہے تو اس طرح کی فیلوشپ سے جہاں اُردو صحافت کی مین اسٹریمنگ ہوگی، وہیں اُردو پڑھنے، لکھنے اور بولنے والے بھی یقینی طور پر اس انقلاب سے مستفید ہو سکیں گے۔
عارفہ نے اس بات پر زور دیا کہ دوسری ہندستانی زبانوں میں جس طرح کا معیاری مواد دیکھنے کو ملتا ہے امید ہے کہ اس فیلوشپ کی وجہ سے اُردو میں بھی کوالٹی کنٹنٹ آئے گا۔
انھوں نے کہا کہ مجھے بے حد مسرت ہے کہ میں اس فیلوشپ کے عمل میں شامل رہی، مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ دی وائر نے ملٹی میڈیا اسٹوری کے لیے این ایف آئی سے پارٹنر شپ کی ہے۔
بتادیں کہ منتخب فیلوز مفاد عامہ سے جڑے مختلف النوع موضوعات پر 45 دنوں میں اپنی رپورٹ تیار کر کے جمع کریں گے، جو مختلف اردو اخبارات و ویب سائٹ میں شائع ہوں گے۔ مالی گرانٹ کے علاوہ ہر ایک منتخب فیلو کو کسی سینئر صحافی یا مدیر کی رہ نمائی بھی فراہم کی جائے گی۔
اس فیلوشپ کے تحت ملٹی میڈیا اسٹوری کے پبلی کیشن کے لیے این ایف آئی نے ’دی وائر‘ کے ساتھ پارٹنر شپ کی ہے۔ یعنی ملٹی میڈیا فیلوز کی جانب سے تیار کی جانے والی رپورٹیں ’دی وائر‘ کے پلیٹ فارم پر شائع ہوں گی۔
آپ یہ بھی پڑھ سکتے ہیں :مانو لکھنؤ کیمپس کے اسکالر شاہد حبیب این ایف آئی اسکالرشپ کے لیے منتخب

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے