رمضان مبارک

رمضان مبارک

مسعود بیگ تشنہ

اللہ کا مہینہ ہے یہ رمضان مبارک
ہر چند وداع ہو گیا شعبان مبارک
کس شوق کا رمضان ہے، رمضان مبارک
اب دورِ وبا ختم ہے، فیضان مبارک
مومن کہ جو ہے کلمۂ طیب کا فدائی
یہ روزہ، نماز، حج، زکات، ایمان مبارک
تسبیح، تراویح، یہ نوافل یہ تلاوت
تسکینِ دل و جان کا سامان مبارک
روزوں میں عبادت کا مزا سب سے سَوا ہے
تسبیح ہے اللہ کی، گُن گان مبارک
اس ماہ الِف رات کی اک رات بھی اتری
اس ماہ میں نازل ہوا قرآن مبارک
سحری کا مزا اور تو افطار کا کچھ اور
مشروب روح افزا ہے تو فرسان مبارک
یہ ساری کھجوریں تو یہ پھل طرح طرح کے
بریانی، پلاؤ، فیرنی، مِشٹھان مبارک
آ جائے گا پھر "تشنہ" نظر عید کا بھی چاند
رمضان کا یہ چاند ہے رمضان مبارک
(2 اپریل 2022 ،اِندور ،انڈیا)
صاحب کلام کی گذشتہ نگارش:ڈاکٹر مظفر حنفی : یم بہ یم سے چنیدہ تک، ایک مطالعہ

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے