بجھی ناوقت شمعِ زندگی پروین شاکر کی

بجھی ناوقت شمعِ زندگی پروین شاکر کی

(بہ یاد پروین شاکر بہ مناسبت یوم تولد
نسائی احساسات و جذبات کی ترجمان شہرۂ آفاق شاعرہ پروین شاکر کی نذر) 

احمد علی برقیؔ اعظمی

بجھی ناوقت شمعِ زندگی پروین شاکر کی
مگر باقی ہے اب تک روشنی پروین شاکر کی
غزل خواں ہے عروسِ فکر و فن اشعار میں اُس کے
نہایت دل نشیں ہے شاعری پروین شاکر کی
غزل بن کر دھڑکتی ہے دلوں میں اہل دل کے وہ
نہ کم ہوگی کبھی بھی دل کشی پروین شاکر کی
بنالیتی ہے اپنے فکر و فن کا سب کو گرویدہ
غزل میں ہے جو عصری آگہی پروین شاکر کی
ترو تازہ ہیں گلہائے مضامیں آج بھی اُس کے
یوں ہی قایم رہے گی تازگی پروین شاکر کی
علم بردار تھی وہ جذبۂ احساسِ نسواں کی
نمایاں ہے کتابِ زندگی پروین شاکر کی
دلوں پر نقش ہیں برقیؔ نقوشِ جاوداں اُس کے
ہے عصری معنویت آج بھی پروین شاکر کی
برقی اعظمی کی یہ تخلیق بھی پڑھ سکتے ہیں :فیضؔ تھے دنیائے اردو کے دلوں پر حکمراں

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے