فیضؔ تھے دنیائے اردو کے دلوں پر حکمراں

(بہ یاد فیض احمد فیضؔ مرحوم) 
یوم پیدائش: ۱۳ فروری ۱۹۱۱
یوم وفات: ۲۰ نومبر ۱۹۸۴

احمد علی برقیؔ اعظمی

فیضؔ تھے دنیائے اردو کے دلوں پر حکمراں
ہیں جہان فکر و فن میں اُن کی عظمت کے نشاں
اُن کے ہیں شعروسخن میں جو نقوشِ جاوداں
آج بھی ہیں اور رہیں گے زیبِ تاریخِ جہاں
اُن کی تخلیقات ہیں اردو ادب کا شاہ کار
جو ہیں دنیائے ادب میں مرجعِ دانشوراں
اُن کی غزلیں اور نظمیں شہرۂ آفاق ہیں
ہوتے ہیں محظوظ یکساں جن سے سب پیر و جواں
شخصیت تھی اُن کی اپنے آپ میں اک انجمن
عہدِ نو میں تھے وہ اردو کے امیرِ کارواں
تھے شعورِ فن سے اپنے خسروِ ملکِ سخن
فکر سے تھے اپنی وہ سب کے دلوں پر حکمراں
فیض اور اردو ادب اب لازم و ملزوم ہیں
باہمی رشتہ ہے اُن کا جس طرح ہوں جسم و جاں
جاری و ساری رہے گا فیضؔ کا یہ فیضِ عام
ہے مُزین فیضؔ سے اردو ادب کی داستاں
تھے وہ برقی آبروئے خطۂ برِ صغیر
جن کے ہیں آثارِ ادبی ایک گنجِ شایگاں
برقی اعظمی کی گذشتہ تخلیق : فیضؔ تھے دنیائے اردو کے دلوں پر حکمراں

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے