بچوں کی حمدیہ رباعیاں

بچوں کی حمدیہ رباعیاں

امان ذخیروی، ذخیرہ، جموئی، بہار، ہند
رابطہ: 8002260577

ہم دل میں بٹھا رکھے ہیں عظمت تیری
پھر شام و سحر کرتے ہیں مدحت تیری
تو ہم پہ سدا اپنا کرم کر مولا
ہر گام ہمیں چاہیے رحمت تیری
***
لکھ لال قلم سے مری قسمت مولا
ہر بات پہ قادر تری قدرت مولا
چاہت دل معصوم کی کچھ اور نہیں
کر ہم کو عطا علم کی دولت مولا
***
یہ چاند، یہ سورج، یہ ستارے تیرے
گلشن کے حسیں شوخ نظارے تیرے
اظہار پہاڑوں سے تری عظمت کا
دریاؤں کے بہتے ہوئے دھارے تیرے
***
دنیا کی ہر اک جاہ و حشم کا مالک
بے شک ہے تو ہی لوح و قلم کا مالک
بندے ہیں ترے ہندو، مسلماں سارے
اک تو ہی تو ہے دیر و حرم کا مالک
***
ہر کام کے ہونے کا سبب بھی تو ہے
اور اس کے نہ ہونے کا سبب بھی تو ہے
نفرت بھی کسی سے تو کسی سے الفت
ہر دل میں سمونے کا سبب بھی تو ہے
***
ہر لمحہ ہماری تو نگہ داری کر
راہوں میں ہماری تو ضیا باری کر
ہر فکر و مصیبت سے بچا ہم کو تو
کر دور ہماری سبھی دشواری کر
***
معصوم پرندوں کی نوا میں تو ہے
ان چاند ستاروں کی ضیا میں تو ہے
ہر رنگ کے پھولوں میں ہے خوش بو تیری
ساون کی بھی گھنگھور گھٹا میں تو ہے
***
امان ذخیروی کی یہ تخلیق بھی پڑھ سکتے ہیں :نذر علامہ سید سلیمان ندوی

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے