تمام شہروں سے بڑھ کر حسیں مدینہ ہے

تمام شہروں سے بڑھ کر حسیں مدینہ ہے

سَیّد عارف معین بَلَّے

اگریہ جِسم ہے دُنیا، جبیں مدینہ ہے
تمام شہروں سے بڑھ کر حسیں مدینہ ہے

جہاں اَمان ملی ہے رسولِ ﷺرحمت کو
قَسم خدا کی وہ مکّہ نہیں ، مدینہ ہے

ہے دیس دیس میں رحمت، نبی رحمتﷺ کی
ہے جو بھی دُنیامیں ساری زمیں مدینہ ہے

اِسی لیے کہیں نقشِ قدم نہیں ملتے
نبی ﷺکے عہد کا زیرِ زمیں مدینہ ہے

جمال دونوں جہاں میں مِرے حضور ﷺکا ہے
جہاں بھی جلوے میں دیکھوں، وہیں مدینہ ہے

کتاب ہو یا محمدﷺ، ہیں نور یہ دونوں
امینِ عظمتِ نورِ مبیں مدینہ ہے

جہاں پہ پیڑوں کو بھی کاٹا جا نہیں سکتا
وہ شہرِ امن و اماں بالیقیں، مدینہ ہے

منع ہے ہاتھ میں ہتھیار لے کے چلنا بھی
بتادو دُنیا کو، وہ سرزمیں مدینہ ہے

جہاں جہاں بھی ہیں اُن کے جمال کے جلوے
وہاں حضورﷺ ہیں بے شک، وہیں مدینہ ہے

جہاں پہ ہوتا ہے دن رات رحمتوں کا نزول
جہاں پہ پھولا پھلا نخلِ دیں مدینہ ہے

جہاں سے پھوٹی ہیں اسلام کی حسیں کرنیں
وہ دارالہجرت و شہرِ حسیں مدینہ ہے
***
سَیّد عارف معین بَلّے کی یہ تخلیق بھی ملاحظہ فرمائیں : مولا یا صَلِّ وسلم: نعت کملی کےحوالے سے

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے