نبی کے عشق میں اس درجہ معتبر ہونا

نبی کے عشق میں اس درجہ معتبر ہونا

نثار دیناج پوری

نبی کے عشق میں اس درجہ معتبر ہونا
بلال تیرے ہی حصے میں تھا گہر ہونا

رسول پاک کے قدموں میں اپنا سر ہونا
کسے پسند نہیں جگ میں تاجور ہو نا

یہ صرف ذات محمد کو زیب دیتا ہے
خدا کی ساری خدائی کا راہ بر ہونا

تجھے اے عشق نبی واسطہ صحابہ کا
رہوں جہاں بھی میں تو میرا ہم سفر ہونا

نصیب والوں کو ملتا ہے یہ حسیں موقع
وگرنہ دشت حرم میں گزر بسر ہونا

اسے نصیب کی بس سرفرازی ہی کہیے
یوں عشق آقا میں آنکھوں کا تر بہ تر ہونا

جہاں نے دیکھا حسیں معجزہ یہ بچپن میں
فلک پہ چاند کا پل پل ادھر ادھر ہونا

پہنچتا کیسے نہ پیغام ان کا ہر جانب
نثار دیکھ ہوا کا پیام بر ہونا

نثار دیناج پوری سے متعلق یہ بھی پڑھیں : نثار دیناج پوری: جاں نثار اردو

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے