مینارۂ وفا و صداقت حسینؑ ہے

مینارۂ وفا و صداقت حسینؑ ہے

سید بصیر الحسن وفاؔ نقوی

مینارۂ وفا و صداقت حسینؑ ہے
سر تا قدم خلوص کی طاقت حسینؑ ہے

ٹوٹے نہیں ہیں آج بھی ہم غم کے باوجود
تیرے غموں کی ہم پہ عنایت حسینؑ ہے

ورنہ کہیں مٹا ہے مقدر کی لوح سے
یہ تو فقط تری ہی کرامت حسینؑ ہے

اب بھی ہزاروں حر ہیں تلاشِ نجات میں
اب بھی ترے سخن کی ضرورت حسینؑ ہے

کیسے کسی یزید کے در پر وہ جائے گا
منظور جس کو آپ کی بیعت حسینؑ ہے

کرتے ہیں تجھ کو یاد غریبوں کے خاندان
فاقہ کشوں میں تیری ہی مدحت حسینؑ ہے

کرتا نہیں ہے باطل و ظالم سے ساز باز
جس کی نظر میں آپ کی ہجرت حسینؑ ہے

لاکھوں شہادتوں کے مناظر ہیں سامنے
بے مثل اب بھی تیری شہادت حسینؑ ہے

دریائے تشنگی میں بدن بہہ گئے تمام
لیکن ہر اک شہید کی طاقت حسینؑ ہے

میرا قلم نہیں ہے وفاؔ غیر کا مرید
رب کا کرم ہے صاحبِ مدحت حسینؑ ہے
***
ہلال ہاؤس
مکان نمبر ۴۱۱/۴
نگلہ ملاح سول لائن
علی گڑھ یوپی
موبائل:9219782014
 وفا نقوی کی یہ نگارش بھی ملاحظہ ہو :کربلا اور حسینؑ

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے