کتاب: صدائے انور

کتاب: صدائے انور

تبصرہ: مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ، پھلواری شریف، پٹنہ، ہند

مولانا محمد دبیر عالم نعمانی متخلص انورؔ ساکن موضع بہورار، تھانہ نان پور ضلع سیتامڑھی مشہور عالم ہیں، بافیض ہیں، دار العلوم دوری (قیام ۱۹۸۰) کے ذریعہ ان کا فیض آج بھی عام و تام ہے، شاعری مولانا کا نہ کبھی مشغلہ رہا اور نہ ہی باعث عزت و شہرت، لیکن طبع موزوں ہو اور خیالات وارد ہوتے ہوں تو وزن، بحر، قافیہ، ردیف کے سانچے میں ڈھل کر افکار و خیالات اشعار بن جاتے ہیں، ان میں اصناف کی قید نہیں ہوتی، جو خیال آگیا وہ شعر میں ڈھل گئے، اب وہ حمد، نعت، غزل، ہزل کچھ بھی ہوسکتا ہے، درجہ بندی بعد میں ہوتی ہے اور جب یہ کثیر تعداد میں جمع ہوجاتی ہیں تو شاعر کو اس کی بقا کی فکردامن گیر ہوتی ہے اور وہ اسے کتابی شکل میں لانے میں کامیاب ہوجاتا ہے، کبھی شاعر اپنی زندگی میں ایسا نہیں کر سکا تو بعد میں ان کے وارثین اور شاگردان اس کام کو کر گذرتے ہیں، لیکن اب ایسے علمی ذوق والے وارث اور شاگرد بھی عنقا ہیں، یہاں سب اپنے اپنے پیرہن کی بات کرتے نظر آتے ہیں، میں نے بڑے علما کے افادات اور کئی شعرا کے دواوین کو ضائع ہوتے دیکھا ہے، اس لیے یہ بات علی وجہ البصیرت کہہ رہا ہوں۔
مولانا محمد دبیر عالم انورؔ نعمانی نے یہ اچھا کیا کہ مدرسہ کی چہار دیواری اور دیہات کے مرغ زاروں میں بیٹھ کر جو فکر سخن کیا، اس کو صدائے انورؔ کے نام سے محفوظ کرنے کا عزم کیا اور الحمد للہ کتاب ’’صدائے انور‘‘ کے نام سے تیار ہو گئی، اور اب یہ قارئین کی ضیافت طبع کے لیے طباعت کے مرحلے سے گذرنے والی ہے۔
میں نے صدائے انور کے پورے مسودہ کا حرف حرف مطالعہ نہیں کیا ہے، لیکن ہر صنف سے کچھ کچھ اشعار، نعتیں اور غزلیں میرے مطالعہ سے گذری ہیں، اور بہت سارے اشعار سے محظوظ ہوا ہوں، بعض مجلسوں میں ان کا کلام ان کی زبانی بھی سنا ہے، شاعر کا کلام بزبان شاعر سننے کا مزہ اور کیف کچھ اور ہی ہوتا ہے، اس مجموعے میں کئی نعتیں ہیں اور یقینا نعت نبی کہنا ایک طرف بڑی سعادت کی بات ہے، اور دوسری طرف یہ پل صراط پر چلنے جیسا عمل ہے، ذرا سا ادھر ادھر ہوئے اور بات بگڑ گئی، مولانا دبیر عالم صاحب کی نعتیں اچھی ہیں اور ان میں حمد، نعت، مناجات کے فاصلے کو بر قرار رکھا گیا ہے اور برتا گیا ہے، لیکن دوسری طرف نعت کے نام سے لکھے گئے اشعار میں کافی تنوع پیدا ہو گیا ہے، اور اس سے کہیں کہیں قاری کو الجھن ہوتی ہے کہ یہ نعت ہے یا عصری حسیت سے بھر پور غزل کے اشعار، میرے مطالعے کی روشنی میں نعت کے بیش تر اشعار میں توصیف نبی کا عنصر دب گیا ہے، جو نعت کی جان ہوا کرتی ہے۔ مثلا ایک عنوان نعت مقدس ہے، جس کا مطلع ہے:
میری برکت کا اس دن عرش پہ اعلان ہوتا ہے
کہ جس دن میرے گھر میں جب کوئی مہمان ہوتا ہے
اس پوری نعت میں ایک بھی شعر مدح رسول اور توصیف نبی پر نہیں ہے، ایک دوسری نعت کا مطلع ہے۔ ’’طائف میں نبی پتھر کھائے ہوئے تو ہیں‘‘۔ اس نعت میں پانچ اشعار ہیں، جن میں آخر کے دو اشعار کا نعت سے کوئی تعلق نہیں ہے، ایک شعر آپ بھی دیکھئے۔
جنت ملے گی مجھ کو دعاء ماں سے ملی ہے
قدموں کو اپنی ماں کے دبائے ہوئے تو ہیں
اس طرح کی اور کئی نعتیں اس مجموعے میں شامل ہیں، جن میں نعت اصطلاحی کا فقدان ہے اور اگر اس کے اوپر سے نعت کا عنوان ہٹا دیا جائے اور اس پر غزل لکھ دیا جائے تو قاری تمیز نہیں کر سکے گا کہ یہ نعت کے اشعار ہیں، بلکہ عصری حسیت سے بھر پور غزل کے اشعار ہی سمجھے گا، نعت کے عنوان سے درج اس مطلع کو دیکھئے۔
تب روتا غریب باپ ہے لے لے کے سسکیاں
جب ہاتھوں میں لیے زہر کو سوتی ہیں بیٹیاں
ظاہر ہے اس مضمون کا نعت سے کیا تعلق ہے، اس کے باوجود ایسا نہیں ہے کہ ان میں نعت کے اشعار بالکل نہیں ہیں، ہیں لیکن آٹے میں نمک کے برابر۔ اس لیے مولانا کو میرا مشورہ ہے کہ وہ اشعار کی درجہ بندی پھر سے کریں، نعت کی تعداد اس مجموعے میں کم ہوجائے پرواہ نہیں، لیکن اسے خالص رکھیں اور بقیہ اشعار کو غزل کے عنوان سے شامل کتاب کریں، اس مجموعے میں جو غزلیں ہیں وہ عصر حاضر کے تناظر میں ہیں، ان میں ندرت خیال اور رفعت افکار تو نہیں ہے، لیکن ان میں ترسیل کی کمی نہیں ہے، انورؔ صاحب سادے لفظوں میں قاری تک اپنی بات پہنچانے کا ہنر جانتے ہیں، البتہ ان کو پڑھ کر ہم اسے اعلا شاعری کا نمونہ نہیں قرار دے سکتے، کیوں کہ اس کا انداز بڑی حد تک مولوی کے وعظ کی طرح ہو گیا ہے، وعظ کی بڑی اہمیت ہے، اس سے انکار نہیں، لیکن واعظانہ انداز کی شاعری سے فن کو بڑا نقصان پہنچتا ہے، مضامین و تخیلات شاعر اپنے ماحول سے ہی اٹھاتا ہے، لیکن شعر و ادب کے لیے مستعمل صنعتیں، تشبیہ، استعارے، تلمیحات اسے وعظ و خطاب سے اوپر لے جاتے ہیں اور تب وہ ادبی شہ پارہ بن پاتا ہے، صدائے انورؔ میں یہ کمی کھٹکتی ہے۔ اس حقیقت کے باوجود بعض غزلیں اس مجموعے میں اچھی ہیں، چند اشعار بہ طور نمونہ درج ہے۔
ہم شان ہندوستان کو بچانے میں لگے ہیں
وہ مجھ کو ہندوستان سے بھگانے میں لگے ہیں
ہم نے آگ جن کے گھر کی بجھائی تھی دوستو
وہ آگ میرے گھر میں لگانے میں لگے ہیں
ان سب کے باوجود اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اس کتاب کے ذریعے مولانا کی شاعری کے نمونے ہمارے سامنے آگئے اور مستقبل میں کوئی شعراے سیتامڑھی کی تاریخ و تذکرہ لکھے گا تو مولانا کے ان رشحات قلم کو نظر انداز کرنا اس کے لیے آسان نہیں ہوگا۔
نظمیں اور قطعات وغیرہ بھی اس مجموعے میں شامل ہیں، حادثۂ گجرات پر بھی ایک نظم ہے، جس میں قتل و غارت گری کے مناظر کی مضبوط اور مؤثر عکاسی کی گئی ہے، لیکن اسے بھی اپنے اسلوب، الفاظ اور شعری پیرہن کے اعتبار سے اعلا ادب قرار نہیں دیا جا سکتا۔ کتاب ابھی زیر طبع ہے، انتظار مجھے بھی ہے، آپ بھی کیجئے، اس انتظار میں قیمت اور ملنے کے پتے کو بھی شامل کر لیجئے۔
***
صاحب تبصرہ کی گذشتہ نگارش: کتاب: تاب سخن

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے