شہیدِ صحافت مولوی محمد باقر کی یادگاری تقریب پٹنہ میں ١٦ ستمبر کو

شہیدِ صحافت مولوی محمد باقر کی یادگاری تقریب پٹنہ میں ١٦ ستمبر کو

اردو میڈیا فورم کے جلسے کی صدارت پروفیسر مولانا شمیم منعمی کریں گے اور جناب عادل فراز (لکھنوَ) کلیدی خطبہ دیں گے

مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے حکومتِ بہار کے وزیر جناب شہنواز عالم پروگرام میں شرکت کریں گے

ہندستانی صحافت کو اپنے لہو سے سینچنے والے صحافیوں میں سب سے پہلا نام دہلی اردو اخبار کے مدیر مولوی محمد باقر کا ہے. جنھیں16/ ستمبر 1857 کو اپنے ملک اور وطن سے وفاداری کی پاداش میں انگریزوں نے گولیوں سے اڑا دیا۔ ہندستان کی کسی بھی زبان کی صحافت کا یہ سب سے پہلا قومی ایثار تھا جس نے اردو ہی نہیں ہندستان کی دوسری زبانوں کی صحافت کے لیے ایک معیار متعین کیا اور صدیوں تک ہماری صحافت اسی ایثار اور معیارِ اخلاق کی تابع رہی۔ مولوی محمد باقر کی شہادت ہندستان کے ہر صحافت پیشہ فرد کے لیے یادگار دن ہے جب ہم اپنے اسلاف کے کارناموں پر سر دھنتے ہیں اور فخر کرتے ہیں کہ ہم اتنے قیمتی اسلاف کے وارث ہیں۔
مورخہ 16ستمبر 2022ء کو 3/بجے دن، بہار اردو اکادمی کے ہال میں اردو میڈیا فورم، بہار، پٹنہ کے زیرِ اہتمام شہیدِ صحافت مولوی محمد باقر کے سلسلے سے یادگاری تقریب کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں دنیاے صحافت اور ادب کے معروف افراد اظہارِ خیال کریں گے۔ تقریب میں مولوی محمد باقر کی حیات و خدمات کے سلسلے سے مستقل تحقیقی کتاب لکھنے والے مصنف جناب عادل فراز (لکھنوَ) کو کلیدی خطبہ پیش کرنے کے لیے دعوت دی گئی ہے۔ اردو میڈیا فورم کے سرپرستِ اعلا مولانا شمیم الدین منعمی صدارت کریں گے۔ پروگرام میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے وزیرِ انتظاماتِ آفات جناب شہنواز عالم شرکت فرمائیں گے۔ نائب امیر شریعت مولانا محمد شمشاد رحمانی، دوردرشن کے ڈپٹی ڈائرکٹر سید سلمان حیدر، جناب خالد انور (ایم ایل سی)، ڈاکٹر اظہار احمد (سابق ایم ایل سی)، ڈاکٹر محمد گوہر، ڈاکٹر سید شہباز، جناب عبدالواحد رحمانی اور جناب انوار الحسن وسطوی کے ساتھ ساتھ اردو میڈیا فورم کے سرپرست سید محمد اشرف فرید، صدر مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی، جنرل سکریٹری ڈاکٹر ریحان غنی اور کارگزار جنرل سکریٹری پروفیسر صفدر امام قادری مولوی محمد باقر کی حیات و خدمات کے حوالے سے خطاب کریں گے ۔
پروگرام کے موقعے سے اردو میڈیا فورم کے صدر مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی کی خدمات کے حوالے سے جناب عبدالرحیم کی مرتبہ کتاب ’’مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی: شعراے کرام کی نظر سے‘‘ کا مہمانوں کے ہاتھوں اجرا ہوگا۔ اردو میڈیا فورم کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر ریحان غنی اور کارگزار جنرل سکریٹری پروفیسر صفدر امام قادری نے بتایا کہ گذشتہ برس بھی یومِ شہادت کو اہتمام سے منایا گیا تھا اور میڈیا سے متعلق افراد کا ایک جمِ غفیر اس تقریب کاحصہ تھا۔ انھوں نے کہا کہ اردو صحافت کی دو صدی کی تکمیل پر اردو میڈیا فورم نے متعدد انداز کے ادبی اور علمی جلسے منعقد کیے اور اپنی معاونت سے دوسرے اداروں کی طرف سے بھی بہت سارے پروگرام کرائے گئے۔ پورے ملک میں اردو میڈیا فورم، بہار کی کوششوں سے ایک خوش گوار ماحول قائم ہوا اور اس کے نتیجے میں ملک کے گوشے گوشے میں اردو صحافت کی دو صدی کی تقریبات منعقد ہورہی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اردو میڈیا فورم بہار نے آگے بھی مولوی محمد باقر کا یومِ شہادت (16/ستمبر) اور جامِ جہاں نما کے پہلے شمارے کی اشاعت یعنی 27/ مارچ کو ہر سال تقریب کی شکل میں منانے کا فیصلہ کیا ہے.
اردو میڈیا فورم نے عظیم آباد میں اردو زبان و ادب کے شائقین اور صحافت کے چاہنے والوں سے گزارش کی ہے کہ مولوی محمد باقر کے یومِ شہادت کی تقریب میں بڑی تعداد میں شریک ہوں۔ اس سلسلے سے دعوت نامے تقسیم کیے گئے ہیں مگر ممکن ہے کچھ لوگوں کو یہ دعوت نامے نہ مل سکے ہوں، وہ براہِ کرم اخبار/ ویب پورٹل کی اس اطلاع کو دعوت نامہ تصور کرتے ہوئے پروگرام میں شریک ہوں۔
پروفیسر صفدر امام قادری
کارگزار جنرل سکریٹری
اردو میڈیا فورم، بہار، پٹنہ
***
آپ یہ بھی پڑھ سکتے ہیں :اردو صحافت کی دو صدی اور بزم صدف انٹرنیشنل

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے