عکس ثانی

عکس ثانی

طیب فرقانی

ہر ایک شعر، غزل کو، ہر اک کہانی کو
لکھا ہے جس سے قلم کی اسی روانی کو
مری دعا ہے کہ محنت یہ ان کی رنگ لائے
خدا قبول کرے یارو عکس ثانی کو
صاحب خان ساگر کا مذکورہ قطعہ نورالدین ثانی کے شعری مجموعہ عکس ثانی کے لیے لکھا گیا ہے اور مجموعے میں شامل ہے.
نورالدین ثانی کا تعلق سیمانچل کے ضلع کٹیہار سے ہے. وہ دہلی کی سرحد پر رہتے ہیں اور کام کے آدمی ہیں. روز ہنگامہ خیز میں دیواریں جوڑتے ہیں اور شام فرقت میں الفاظ جوڑتے ہیں. اسی طرح زندگی اور شاعری دونوں کا پہیہ آگے بڑھا رہے ہیں. شعری مجموعہ عکس ثانی سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کے رابطے وسیع ہیں.
ان کا شعری مجموعہ پچھلے برس ٢٠٢١ میں منظر عام پر آیا ہے. اس میں چند حمد، نعت اور ماں کی عظمت پر نظموں کے علاوہ ١٣٣ غزلیں شامل ہیں.
مجموعے کی اشاعت پر توحید ازہر پورنوی اور صاحب خان ساگر کے قطعات بہ طور دعا و نیک خواہشات شامل مجموعہ ہیں. عمران دھام پوری کی ایک مکمل نظم بھی شامل ہے.
اس کے علاوہ نثر میں درج تحریریں شامل ہیں :
ابھرتے ہوئے شاعر نور الدین ثانی کی دل کش شاعری از تنویر پھول، نیو یارک، امریکا
کہاں میں اور کہاں یہ نکہت گل از نورالدین ثانی
عکس ثانی _شعر لافانی از ڈاکٹر مقصود جعفری
عکس ثانی : نورالدین ثانی کا نقش اول از احسان قاسمی
اپنی لگن کا سچا شاعر : نورالدین ثانی از جمیل مظہر سیانوی
اب ایک غزل ملاحظہ فرمائیں :
آج تک ان کی محبت سے یوں بیزار ہیں ہم
عمر بھر وہ یہ سمجھتے رہے اغیار ہیں ہم
حسن کردار کبھی ہم نے نہ چھوڑا لوگو
یہ الگ بات ہے کہ خیر سے زردار ہیں ہم
ٹیس زخموں سے جو اٹھتی ہے مزا آتا ہے
اس لیے تیری جفاؤں کے طلب گار ہیں ہم
تیری مرضی ہے ہنسادے یا رلادے ہم کو
اب ترے عشق و محبت میں گرفتار ہیں ہم
غیر کے در پہ پڑی رہتی ہے پگڑی ان کی
اور یہ کہتے ہیں کہ صاحب دستار ہیں ہم
ہم سے ہوتی نہیں دنیا کی غلامی ثانی
اپنی دنیا کے میاں آج بھی مختار ہیں ہم
کتاب محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، اردو ڈایرکٹوریٹ، پٹنہ بہار کے مالی تعاون سے شایع ہوئی ہے. قیمت دو سو روپے. صفحات ١٩٢

***
گذشتہ تذکرہ یہاں پڑھیں:خان محبوب طرزی

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے