مانو لکھنؤ کیمپس کو ایک بڑے تعلیمی گہوارے کی صورت میں دیکھنا چاہتا ہوں۔پروفیسر سید عین الحسن

مانو لکھنؤ کیمپس کو ایک بڑے تعلیمی گہوارے کی صورت میں دیکھنا چاہتا ہوں۔پروفیسر سید عین الحسن

مولانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کا لکھنؤ دورہ
لکھنؤ۔٢٤، مارچ ٢٠٢٢ 
مجھے لکھنؤ کی زبان پر فخر ہے اور میں یونی ورسٹی کے لکھنؤ کیمپس کو ایک بڑے تعلیمی گہوارے کی صورت میں دیکھنا چاہتا ہوں۔ میری کوشش ہوگی کہ اس کیمپس کی اپنی عمارت ہو تاکہ ہم یہاں پر مزید نئے کورسز شروع کرسکیں اور یہاں کے لوگوں کو خاطر خواہ تعلیمی مواقع مل سکیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے لکھنؤ کیمپس میں اساتذہ اور طلبا سے ملاقات اور باہمی تعارف کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ میں اس یونی ورسٹی کو نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتا ہوں اور میری خواہش ہے کہ ملک کے ممتاز تعلیمی ادارے کے طور پر اب اس کی شناخت کی جائے۔ پروفیسر سید عین الحسن نے اساتذہ سے گفتگو کے دوران ریسرچ ورک پر زور دیا اور کہا کہ علم و تحقیق کی کوئی منزل، منزل آخر نہیں ہوتی۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس باصلاحیت افراد موجود ہیں اور مجھے امید ہے کہ آپ لوگوں کی پیہم جدوجہد سے بہت جلد ایک نئے تعلیمی وژن کی صورت میں نتائج ہمارے سامنے ہوں گے۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ نے کیمپس آمد پراپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے فارغین مانو سے بہ طور خاص استفادہ کررہے ہیں ہمیں ان کے لیے مزید گنجائش نکالنی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ یہ یونی ورسٹی اردو والوں کے جذب و شوق کے اعلامیہ کی ایک صورت ہے۔ اس کا فروغ اردو کا فروغ ہے۔ یہاں کے کورسز سے اردو والوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ بہ طور خاص انھوں نے طالبات کو اس جانب متوجہ کیا۔
باہمی تعارفی ملاقات کے آغاز میں کیمپس کے انچارج ڈاکٹر عبدالقدوس نے شیخ الجامعہ کی خدمت میں گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ کیمپس کا تعارف اور یہاں کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ باہمی تعارف کے بعد ڈاکٹر سعید بن مخاشن (اسسٹنٹ پروفیسر شعبۂ عربی) نے عربی زبان میں منظوم سپاس نامہ پیش کیا۔ ڈاکٹر ذیشان حیدر (اسسٹنٹ پروفیسر شعبۂ فارسی) نے اس کا فارسی میں منظوم ترجمہ پیش کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عشرت ناہید (اسسٹنٹ پروفیسرشعبۂ اردو) اور ڈاکٹر سرفراز احمدخاں (اسسٹنٹ پروفیسر شعبۂ فارسی) نے اپنی تصنیفات شیخ الجامعہ کی خدمت کی پیش کیں۔
وائس چانسلر نے کیمپس کے انچارج ڈاکٹر عبدالقدوس کو یقین دلایا کہ کیمپس کو مزید فعال اور تعلیمی اعتبار سے سرگرم رکھنے کے لیے میرا پورا تعاون حاصل رہے گا۔اس موقع پر طلبہ و طالبات نے نہایت گرم جوشی سے وائس چانسلر صاحب سے ملاقات کی اور لکھنؤ آمد پر بے پناہ خوشی کا اظہار کیا۔

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے