بزم صدف انٹرنیشنل کے زیر اہتمام اردو صحافت دو صدی تقریبات کا انعقاد

بزم صدف انٹرنیشنل کے زیر اہتمام اردو صحافت دو صدی تقریبات کا انعقاد

پریس اعلانیہ
٢٥/مارچ کو ’جامِ جہاں نما‘ کے شہر کولکاتا سے بزمِ صدف انٹر نیشنل کا اردو صحافت دو صدی تقریبات کا آغاز
’اردو صحافت: دو صدی کا احتساب‘ عنوان سے بھیرب گانگولی کالج، کولکاتا میں بین الاقوامی سے می نار کا انعقاد
برطانیہ، کویت اور قطر کے علاوہ مغربی بنگال اور ملک کے دیگر حصوں سے اہم اصحابِ قلم کی آمد آمد
کولکاتا، ٢٣/ مارچ: ملک اور بیرونِ ملک میں اپنی ادبی سر گرمیوں کے لیے معروف ادارہ بزمِ صدف انٹرنیشل اردو صحافت کی دو صدی مکمل ہونے کے سلسلے سے جشن کی تیاریوں میں منہمک ہے۔ ٢٥ سے ٢٧ / مارچ کے دوران دو شہروں میں اِس جشن کے انعقادات ہو رہے ہیں۔ ٢٥/ مارچ ٢٠٢٢ کو کولکاتا کے بھیرب گانگولی کالج میں کالج کے شعبۂ اردو کے اشتراک سے بزمِ صدف انٹرنیشنل نے ’اردو صحافت: دو صدی کا احتساب‘ کے عنوان سے ایک بین الاقوامی سے می نار کا انقعاد کیا ہے جس کا افتتاح کالج کے پرنسپل پروفیسر شوبرونیل بوس کریں گے۔ افتتاحی پروگرام کی صدارت ممتاز اور بزرگ صحافی انجم عظیم آبادی فرمائیں گے اور سے می نار میں معروف نقاد اور بزمِ صدف کے ڈائریکٹر پروفیسر صفدر امام قادری اپنا کلیدی خطبہ پیش کریں گے۔ سے می نار کے افتتاحی اجلاس میں بزم صدف کے چیرمین جناب شہاب الدین احمد(قطر)، ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی (برطانیہ)، جناب مسعود حساس (کویت) بین الاقوامی مندوبین کی حیثیت سے شرکت فرمائیں گے۔
سے می نار کے آرگنائزنگ سکریٹری پروفیسر محمد طیب نعمانی اور محترمہ ذکیہ شہناز نے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ ٢٧/ مارچ ١٨٢٢ء کو اردو کا پہلا اخبار ’جامِ جہاں نما‘ شہرِ کولکاتا سے منشی سدا سکھ لعل کی ادارت میں شایع ہونا شروع ہوا تھا۔ اِس اعتبار سے ٢٦/ مارچ ٢٠٢٢ء کو اردو صحافت اپنے دو سو برس مکمل کر رہی ہے۔ اِسی تاریخی موقعے کو یاد گار بنانے کے لیے بزم صدف انٹرنیشنل کی معاونت سے ٢٥/ مارچ کو کولکاتا میں بھیرب گانگولی کالج میں یہ سے می نار منعقد ہو رہا ہے۔ ٢٦ اور ٢٧ / مارچ کو اردو کے پہلے گھر حیدرآباد میں بزمِ صدف صحافت تقریبات کے سلسلے سے دو روزہ عالمی سے می نار کر رہی ہے جس میں ملک اور بیرونِ ملک کے متعدد مہمانان اور ماہرین مدعو کیے گئے ہیں۔
پروفیسر محمد طیب نعمانی نے پریس کو جاری کردہ اپنے بیان میں بتایا کہ ’اردو صحافت: دو صدی کا احتساب‘ عنوان سے منعقدہ بین الاقوامی سے می نار کے پہلے جلسے کی مجلسِ صدارت میں جناب مسعود حساس(کویت)، پروفیسر ظفر امام، ڈاکٹرعاصم شہنواز شبلی، ڈاکٹر درخشاں زرّیں شامل ہیں۔ اِس اجلاس کے مقالہ خواں خواتین و حضرات میں ڈاکٹر منی بھوشن کمار(پٹنہ)، ڈاکٹر رضی شہاب، ڈاکٹر خورشید اقبال اور ڈاکٹر تسلیم عارف(رانچی)، ڈاکٹر شبانہ جاوید وغیرہ شامل ہیں۔ سے می نار کے دوسرے تکنیکی اجلاس کی مجلسِ صدارت میں بزمِ صدف کے چیر مین جناب شہاب الدین احمد (قطر)، ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی(برطانیہ)، بزمِ صدف انٹرنیشنل کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری، ڈاکٹر عمر غزالی اور ڈاکٹر امتیاز وحید شامل ہوں گے۔ اِس اجلاس میں ڈاکڑ شیخ الماس حسین، ڈاکٹر افضال عاقل، ڈاکٹر صابرہ خاتون حنا، محترمہ شہزادی انور، ڈاکٹر تسلیم عارف(کوکاتا) اور ڈاکٹر سلمان عبد الصمد اپنے مقالے پیش کریں گے۔
منتظمین نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر دعوت نامے بھیجے جا چکے ہیں، مگر ممکن ہے کہ کسی شخصیت کو بہ وجوہ ہمارے کارڈ نہیں پہنچ سکے ہوں۔ سے می نار کے موضوع کی اہمیت کے پیشِ نظر منتظمین نے اردو ادب کے طلبا، اساتذہ، ریسرچ اسکالرس، صحافی حضرات اور اردو کے ادبا و شعرا کو بڑی تعداد میں اِس تقریب کا حصہ بننے کی گزارش کی ہے۔ وہ لوگ اخبار [اور ویب پورٹل] کی اِس خبر کو ہی دعوت نامہ سمجھ کر تشریف لائیں اور اردو صحافت کی دو صدی تقریبات کے تاریخ ساز موقعے کو یاد گار بنائیں۔
شہاب الدین احمد محمد طیب نعمانی
چیرمین: بزمِ صدف انٹر نیشنل آرگنائزنگ سکریٹری

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے