بزمِ صدف انٹر نیشنل کی با وقار ایوارڈ تقریب ٢٦/ مارچ کو حیدر آباد میں

بزمِ صدف انٹر نیشنل کی با وقار ایوارڈ تقریب ٢٦/ مارچ کو حیدر آباد میں

پریس اعلانیہ
جشنِ اردو صحافت دو صدی کے سلسلے سے عالمی سے می نار کا انقعاد؛ مختلف ممالک سے معتبر ادبا و شعرا کی آمد
٢٧/مارچ کو ’اردو صحافت کی دو صدی:عظیم وراثت اور عصرِ حاضر کے تقاضے‘ کے موضوع پر خصوصی مذاکرہ
حیدر آباد، ٢٥/مارچ۔ اردو زبان و ادب کی خدمت میں عالمی سطح پر سرگرم تنظیم’بزمِ صدف انٹر نیشنل‘ نے ٢٠١٩ ،٢٠٢٠ء اور ٢٠٢١ کے سلسلے سے مختلف زمروں کے اپنے ادبی و علمی ایوارڈ کی تقسیم کے لیے ٢٦ اور ٢٧/ مارچ کو شہرِ حیدر آباد کا انتخاب کیا ہے اور اِس سلسلے سے ایک دو روزہ عالمی تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔ایوارڈ تقریب کو ”جشنِ اردو صحافت دوصدی“ کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے کیوں کہ ٢٦/مارچ ٢٠٢٢ء کو اردو زبان کی صحافت کے دو سو برس مکمل ہو رہے ہیں۔ اِس کے لیے اردو کے پہلے گھر یعنی شہرِ محمد قلی قطب شاہ، حیدر آباد سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہو سکتی تھی۔اِس لیے صحافت کی دو صدی کی تکمیل کے جشن اور بزمِ صدف کی ایوارڈ تقریبات کا انقعاد آیندہ سنیچر اور اتوار یعنی ٢٦ اور ٢٧/مارچ ٢٠٢٢ء کو عثمانیہ یونی ورسٹی کالج فار وی مین کے آڈیٹوریم میں یہ تقریب منعقد ہو رہی ہے۔ اِس موقعے سے ہندستان کے مختلف صوبوں کے علاوہ برطانیہ، قطر، بنگلا دیش، کویت اور سعودی عرب کے شامل نمایندہ شعرا، ادبا، صحافی اور دانش وران جمع ہو رہے ہیں۔
بزم ِصدف انٹرنیشنل کے چیر مین جناب شہاب الدین احمد نے پروگرام کی تفصیل بتاتے ہوئے شہرِ حیدر آباد میں اِس تقریب کے انقعاد کو ایک دیرینہ خواب کی تعبیر قرار دیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ تلنگانہ کے نائب وزیرِ اعلا اور وزیرِ داخلہ عزت مآب جناب محمود علی صاحب پروگرام کے مہمانِ خصوصی ہیں اور افتتاحی اجلاس کی صدارت ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی دانش (برطانیہ) کریں گے۔ پروگرام میں مہمانِ اعزازی کے طور پر محترمہ۔ایم ویجو لتھا(پرنسپل)، جناب عظیم عباس (قطر)، ڈاکٹر ایس۔ ایم۔ نعمان(سابق صدر نشیں، آندھرا اردو اکادمی)، جناب مسعود حساس(کویت) اور محترمہ رفعت جہاں (قطر) شامل ہوں گے۔
بزمِ صدف انٹر نیشنل کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے ایوارڈ تقریب کی تفصیل بتاتے ہوئے یہ واضح کیا کہ بزمِ صدف بین الاقوامی ایوارڈ (٢٠١٩) پروفیسر مظفر حنفی کی خدمت میں پیش کیا جانا تھا مگر وہ اعلان کے بعد اللہ کو پیارے ہو گئے۔ اِس دوران وبائی صورتِ حال کے سبب ٢٠٢٠ء اور ٢٠٢١ میں کسی عالمی تقریب کے انعقاد کی گنجایشیں نہیں تھیں۔ اِس لیے یہ مشترکہ ایوارڈ تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ٢٠٢٠ء کے لیے معروف ناول نگار پروفیسر غضنفر کو بین الاقوامی ایوارڈ پیش کیا جا رہا ہے۔ بزمِ صدف نئی نسل ایوارڈ (٢٠١٩) کے لیے ڈاکٹر ثروت زہرا (دوبئی) اور ٢٠٢٠ء کے لیے پروفیسر ابو بکر عباد کو اِس موقعے سے ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ اردو زبان کی عمومی خدمات کے لیے محمد صبیح بخاری ایوارڈ برائے (٢٠١٩) پروفیسر محمد محمود الاسلام (بنگلا دیش) کو اور ٢٠٢٠ء کے لیے جناب اجے سحاب (چھتیس گڑھ) کو منتخب کیا گیا ہے۔ پروفیسر قادری نے بتایا کہ ٢٠٢١ سے بزمِ صدف نے تین نئے ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔ ڈاکٹر راہی فدائی(بنگلور) کو پروفیسر ناز قادری ایوارڈ برائے نعت گوئی، جناب سہیل انجم (دہلی) کو اشرف قادری ایوارڈ برائے تاریخ نویسی اور جناب حقانی القاسمی (دہلی) کوضیاء الدین احمد شاہد جمال ایوارڈ برائے ادبی صحافت اِس موقعے سے پیش کیے جا رہے ہیں۔
بزمِ صدف کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے بتایا کہ بزمِ صدف اپنی دیرینہ روایات کے بہترین سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے، اِس ایوارڈ تقریب میں اپنی تازہ ترین مطبوعات کا اجرا بھی کر رہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ’صحافت: دو صدی کا احتساب‘ عنوان سے بزمِ صدف نے ایک ضخیم کتاب کی اشاعت کی ہے جس میں اردو صحافت کی دو صد سالہ تاریخ سمٹ کر آگئی ہے۔ صفدر امام قادری، راج دیو کمار اور محمد مرشد صاحبان کی مرتَب کردہ ٧٥٢ صفحات کی اِس کتاب میں مشاہیر نقادوں اور محققین کے ٧٠ مضامین شامل ہوئے۔ اِس موقعے سے بزم صدف نے ممتاز محقق ڈاکڑ محمد ذاکر حسین کی بہت جاں فشانی کے ساتھ تیار کردہ ’صحافت (کتابیات)‘ شایع کی ہے۔ اِس میں اردو صحافت کے سلسلے سے گذشتہ ڈیڑھ صدیوں میں تنقید و تحقیق کا جو سرمایہ اردو میں موجود میں تھا، اُس کی مکمل کتابیات ٦٢٤صفحات پر مشتمل اس کتاب میں تیار کر دی گئی ہے۔ بزمِ صدف کے انعام یافتگان کی تازہ کتابیں بھی اجرا کے لیے منتخب کی گئی ہیں۔ سہیل انجم کی کتاب’جدید اردو صحافت کا معمار: قومی آواز‘ جشن صحافت کے سلسلے سے شایع ہوئی ہے، اِس کا بھی اِس موقعے سے اجرا کیا جائے گا۔ پروفیسر محمد محمود الاسلام کا پہلا شعری مجموعہ’پیاسا مَن‘ بزمِ صدف نے شایع کیا ہے، اِس کا بھی اجرا کیا جائے گا۔ بزمِ صدف ٢٠٢٠ء کے بین الا قوامی ایوارڈ یافتہ فن کار پروفیسر غضنفر کے ناولوں کی کلیات ’آبیاژہ‘، خود نوشت ’دیکھ لی دنیا ہم نے‘ اور مثنوی ’قمر نامہ‘ کا اِس موقعے سے اہتمام کے ساتھ اجرا کیا جائے گا۔ ان کتابوں کے ساتھ ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی کی سی ڈی ’گلہائے عقیدت‘ کا بھی اِس خاص موقعے سے اجرا کیا جائے گا۔
ایورڈ تقریب کے بعد پرو فیسر ظفر امام کی صدارت اور ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی دانش کی نظامت میں عالمی مشاعرے کا انقعاد کیا جائے گا۔ اِس مشاعرے میں جناب پرویز مظفر (برطانیہ)، پروفیسر محمد محمود الا سلام (بنگلا دیش)، جناب مسعود حساس(کویت)، محترمہ امرینہ قیصر (سعودی عرب) راقم اعظمی (قطر) وغیرہ ممالکِ غیر سے بہ حیثیتِ شاعر شریک ہوں گے۔ دیگر مہمان شعرا میں ڈاکٹر راہی فدائی(بنگلور)، پروفیسر غضنفر(علی گڑھ)، پروفیسر ابو بکر عباد(دہلی)، جناب اجے سحاب (چھتیس گڑھ)، جناب محمد طیب نعمانی(کولکاتا)، ڈاکٹر تسلیم عارف(رانچی)، کے ساتھ ڈاکٹر رؤف خیر، جناب محمود شاہد، جناب م۔ق سلیم، جناب رشید الدین رشید، ڈاکڑ محمد زاہد الحق اور محترمہ رفیعہ نوشین شریکِ مشاعرہ ہوں گے۔
بزمِ صدف کے منتظمین نے واضح کیا کہ ایوارڈ تقریب کے اگلے دن ٢٧/ مارچ ٢٠٢٢ کو ’اردو صحافت کی دو صدی: عظیم وراثت اور عصرِ حاضر کے تقاضے‘ عنوان سے ایک بین الاقوامی سے می نار کا انقعاد کیا گیا ہے جس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر نبیرۂ عزت مآب نظامِ ہفتم جناب نواب میر نجف علی خاں شریکِ بزم ہوں گے۔ سے می نار کی دو نششتیں رکھی گئی ہیں جن میں ملک کے سربرآوردہ محققین، ناقدین، صحافی اور صحافت کے محققین شریک ہوں گے۔ منتظمین نے حیدر آباد کے ادب نواز عوام اور معتبر ادبا و شعرا اور ناقدین سے استدعا کی ہے کہ اِس پروگرام میں دونوں دن شریک ہو کر اپنے موضوع کے ماہرین سے استفادہ کریں۔منتظمین نے بڑے پیمانے پر پروگرام کے کارڈ تقسیم کیے ہیں مگر کسی وجہ سے جنھیں کارڈ نہ مل سکے ہوں، اُن سے یہ گزارش کی جاتی ہے کہ اخبار [اور ویب پورٹل] کی خبر کو ہی دعوت نامہ تصّور کرتے ہوئے اردو صحافت کے دو صد سالہ جشن کو کامیاب کریں۔
شہاب الدین احمد، پروفیسر صفدر امام قادری
چیرمین:بزمِ صدف انٹرنیشنل ڈائرکٹر:بزمِ صدف انٹرنیشنل
بزم صدف انٹرنیشنل کے زیر اہتمام اردو صحافت دو صدی تقریبات کا انعقاد

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے