اردو صحافت کی دو صدی تقریبات ٢٦۔٢٧ / مارچ کو حیدر آباد میں

اردو صحافت کی دو صدی تقریبات ٢٦۔٢٧ / مارچ کو حیدر آباد میں

٢٠٢٠ء کا بزمِ صدف بین الاقوامی ایوارڈ ممتاز ناول نگار غضنفر اور نئی نسل ایوارڈ ابو بکر عباد کو پیش کیا جائے گا
٢٠١٩ء کا اعلان شدہ بین الاقوامی ایوارڈ پروفیسر مظفر حنفی کے صاحب زادگان تقریب میں شامل ہو کر حاصل کریں گے
پروفیسر محمود الاسلام (بنگلا دیش)، اجے سحاب، راہی فدائی، حقانی القاسمی اور سہیل انجم کو بھی اُن کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ دیے جائیں گے

حیدر آباد(١٤/مارچ): شہریت ترمیماتی قانون کے خلاف ردِّ عمل میں بزمِ صدف انٹر نیشنل نے ٢٠١٩ء کے اپنے بین الاقوامی ایوارڈ کی تقریبات کو ملتوی کیا تھا۔ پھر ٢٠٢٠ء کے آغاز سے ہی کورونا کی وبائی صورتِ حال میں گذشتہ دو برسوں کے دوران کسی عالمی پروگرام کی گنجایش ہی پیدا نہ ہو سکی جس کی وجہ سے بزمِ صدف کی ایوارڈ تقریبات منعقد نہ کی جا سکیں۔ اب حالات کی بہتری کو دیکھتے ہوئے ٢٠١٩ء اور ٢٠٢٠ ء کے ایوارڈ کی تقریبات اردو زبان و ادب کے پہلے گھر، محمد قلی قطب شاہ کی بسائی ہوئی بستی شہرِ حیدر آباد میں ٢٦۔٢٧/ مارچ ٢٠٢٢ء کو منعقد کی جارہی ہیں جس میں ممتاز ناول نگار غضنفر کو اُن کی مجموعی خدمات کے اعتراف میں بزمِ صدف بین الاقوامی ایوارڈ ٢٠٢٠ء تفویض کیا جا رہا ہے۔ ۲۰۲۰ء کا بزمِ صدف نئی نسل ایوارڈ ممتاز نقّاد پروفیسر ابوبکر عباد کی خدمت میں پیش کیا جائے گا۔
اِس موقعے سے ٢٠١٩ء کا بین الاقوامی ایوارڈ جو پروفیسر مظفر حنفی کو دیا جانا تھا مگر اِس دوران وہ ہمارے ساتھ نہیں رہ سکے؛ اب اُن کے صاحب زادگان جناب پرویز مظفر اور جناب فیروز مظفر کو اِس تقریب میں پیش کیا جائے گا۔ واضح ہو کہ ٢٠١٦ء میں بزمِ صدف بین الاقوامی ایوارڈ کا قیام عمل میں آیا اور اب تک جناب جاوید دانش، کینیڈا (٢٠١٦ء)، جناب مجتبیٰ حسین، ہندستان (٢٠١٧)، جناب باصر سلطان کاظمی، برطانیہ (٢٠١٨) اور پروفیسر مظفر حنفی، ہندستان (٢٠١٩ء)؛ اِس ایوارڈ کے لیے منتخب ہو چکے ہیں۔ اِسی طرح ڈاکٹر واحد نظیر، ہندستان (٢٠١٦ء)، ڈاکٹر عشرت معین سیما، جرمنی (٢٠١٧ء)، ڈاکٹر راشد انور راشد، ہندستان (٢٠١٨ء) اور ڈاکٹر ثروت زہرا، دوبئی(٢٠١٩)؛ بزمِ صدف نئی نسل ایوارڈ سے نوازے جا چکے ہیں۔ بزمِ صدف انٹر نیشنل کے چیر مین جناب شہاب الدین احمد نے میڈیا پلس آڈیٹوریم، حیدر آباد میں اخبار اور میڈیا کے افراد کے لیے منعقدہ خصوصی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ باتیں بتائیں۔ وہ قطر سے براہِ راست حیدر آباد تشریف فرما ہوئے تھے۔
انھوں نے بتایا کہ ٢٦/ مارچ ٢٠٢٢ء کو منعقدہ اِس پروگرام میں بزمِ صدف محمد صبیح بخاری ایوارڈ برائے ادبی خدمات پروفیسر محمود الاسلام (بنگلا دیش۔٢٠١٩ء) اور جناب اجے سحاب (ہندستان۔ ٢٠٢٠ء) کو دیا جائے گا۔ اس موقعے سے پروفیسر ناز قادری ایوارڈ برائے نعت گوئی ٢٠٢١ء جناب راہی فدائی کو پیش کیاجائے گا۔اشرف قادری ایوارڈ برائے تاریخ نویسی ٢٠٢١ء ممتاز صحافی جناب سہیل انجم کو دیا جائے گا اور ضیاء الدین احمد شاہد جمال ایوارڈ برائے ادبی صحافت ٢٠٢١ء معتبر ادیب اور مختلف رسائل و جرائد کے مدیر جناب حقانی القاسمی کو دیا جائے گا۔
بزمِ صدف کے چیر مین جناب شہاب الدین احمد نے کہا کہ ٢٠٢١۔٢٠٢٢ء کے برسوں کو اردو صحافت کی دو صدی تقریبات کے طور پر عالمی سطح پر منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اردو کا پہلا اخبار ’جامِ جہاں نما‘ ٢٧/ مارچ ١٨٢٢ء کو شہرِ کلکتہ سے شایع ہوا تھا۔ اِس اعتبار سے ٢٦/ مارچ ٢٠٢٢ء کو اردو صحافت اپنے دو سو برس مکمّل کر رہی ہے۔ بزمِ صدف نے نومبر ٢٠٢١ء میں ہی اردو صحافت کی دو صدی تقریبات کا ایک بین الاقوامی سے می نار منعقد کرکے آغاز کر دیا تھا۔ ٢٥/ مارچ ٢٠٢٢ء کو کلکتہ میں جہاں سے ’جامِ جہاں نما‘ شایع ہوا تھا، وہیں بھیرب گنگولی کالج کے اشتراک سے اردو صحافت کی دو صدی کے حوالے سے ایک بین الاقوامی سے می نار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں برطانیہ، بنگلا دیش، کویت، قطر اور ہندستان کے مختلف صوبوں کے ماہرین شرکت کریں گے۔
٢٦/ مارچ ٢٠٢٢ء کو حیدر آباد میں عثمانیہ کالج فار وی مین کے ہال میں بزمِ صدف انٹرنیشل کی ایوارڈ تقریبات برائے ٢٠١٩، ٢٠٢٠ اور ٢٠٢١ء منعقد کی جا رہی ہیں جس میں تمام ایوارڈ یافتگان، حیدر آباد اور ملک کے دوسروں گوشوں سے افراد شریکِ بزم ہو رہے ہیں۔ اِس موقعے سے ٧٥٢ صفحات پر مشتمل ’صحافت:دو صدی کا احتساب (١٨٢٢ء سے ٢٠٢٢ء)‘ کتاب جس میں اردو صحافت کی تاریخ کے مختلف ادوار کے حوالے سے ٧٠ مضامین شامل کیے گئے ہیں، اِس کتاب کا اردو صحافت کی دوصدی کی تکمیل کے موقعے سے اجراکیا جائے گا۔ ’بزمِ صدف‘ اور ’مکتبۂ صدف‘ نے ٦٢٤ صفحات پر مشتمل ڈاکٹر محمد ذاکر حسین کی ترتیب دادہ قاموسی کتاب ’صحافت (کتابیات)‘ کا بھی اجرا کیا جائے گا۔ جناب سہیل انجم (جدید اردو صحافت کا معمار: قومی آواز:)، ڈاکٹر تسلیم عارف (نیند کھُلی تنہائی ہے:ایم۔جے۔ اظہر)، پروفیسر محمود الاسلام (پیاسا مَن) اور متعدد کتابوں کا ایوارڈ تقریب میں اجراکیا جائے گا۔
مورخہ ٢٧/ مارچ ٢٠٢٢ء کو اردو صحافت کی دو صدی کے تعلق سے عالمی سے می نار کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں مختلف ممالک کے نمایندگان اور ہندستان کے مختلف صوبوں سے مدیران، صحافی، صحافت کے محققین اور ناقدین کے علاوہ ریسرچ اسکالرز اور حیدر آباد سے تعلق رکھنے والی نمایندہ اور سربرآوردہ شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ بزمِ صدف کی روایت کے مطابق بین الاقوامی مشاعرہ، بزمِ موسیقی اور دیگر تقریبات بھی ساتھ ساتھ چلتی رہیں گی۔
بزمِ صدف کے چیر مین جناب شہاب الدین احمد نے پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے یہ کہا کہ وبائی دور سے بہ فضلِ خدا نجات کی صورت پیدا ہوتے ہی بزمِ صدف نے اپنی ایوارڈ تقریبات اور عالمی سے می ناروں کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ بہت جلد عالمی صورتِ حال کی درستگی پر ٢٠٢١ اور ٢٠٢٢ء کی ایوارڈ تقریبات قطر میں بہ اہتمام منعقد کریں گے جہاں حسبِ روایت مختلف ملکوں سے نمایندگان شریک ہوں گے۔
***

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے