ہوئی بہ وصف نبی ﷺ قدر و منزلت میری

ہوئی بہ وصف نبی ﷺ قدر و منزلت میری

اثر خامہ: سید اسلم صدا آمری، چینائی

ہوئی بہ وصف نبی ﷺ قدر و منزلت میری
تھی پھوٹی کوڑی سے کم ورنہ شخصیت میری

نماز عشق پڑھوں”انی وجہت" کہہ کے
جدھر ہو کعبے کا کعبہ وہی جہت میری

تمھارا ساتھ تو لازم ہے دوجہاں کے لیے
کہ بن تمھارے نہ دنیا نہ آخرت میری

سبب سبب میں چھپا ہے”مسبب الاسباب"
ہے ہر سبب پہ جبیں خم بہ مصلحت میری

یہ میری شاخ چمن پہ وفا کے غنچے کھلیں
ہو تیرے ﷺ عشق سے سرشار ذریت میری

جو میرے پاس ہے سب کچھ تری امانت ہے
"ترے بغیر نہیں کچھ بھی حیثیت میری"

ترے کرم سے مرا بول بالا ہے ورنہ
ہے شہر جرم میں معروف شخصیت میری

نبی ﷺ کی یاد میں ہر سانس اپنی خرچ کروں
مرا اثاثہ ہے صل علٰی بچت میری

تو میرا ہے ترے جتنے ہزار عالم ہیں
ہے جتنی ملک تری ساری ملکیت میری

میں سنگریزوں پہ بھی گل کھلا کے ہوں معدوم
ہے ایسے شہر سے منسوب شہریت میری

نہ باندھ رکھا مجھے اور نہ پر ہی کاٹے مرے
کھلے قفس میں مقید ہے حریت میری

پڑھی جو آیت "لاتقنطوا" خدا میں نے
مچل اٹھی تیری رحمت پہ معصیت میری

غلام حضرت آمر کلیمی شاہ ہوں "صدا"
مری غلامی کا حصہ ہے تمکنت میری
(6/3/2022)
سید اسلم صدا آمری چینائی کی یہ تخلیق بھی پڑھیں:نبی ﷺ کو پاس بلانے کی رات آئی ہے

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے