نبی ﷺ کو پاس بلانے کی رات آئی ہے

نبی ﷺ کو پاس بلانے کی رات آئی ہے

اثر خامہ : سید اسلم صدا آمری، چینائی

نبی ﷺ کو پاس بلانے کی رات آئی ہے
فلک پہ عید منانے کی رات آئی ہے

نظام شمس و قمر آج کچھ معطل ہو
نبی ﷺ سے ملنے ملانے کی رات آئی ہے

بٹھا لوں کیوں نہ تمھیں آج اپنی پلکوں پر
تمھارے ناز اٹھانے کی رات آئی ہے

پڑی ہی رہتی ہے ہر دم انھیں جو امت کی
وہ حال رب کو سنانے کی رات آئی ہے

کلیمِ طور پیو آج شربتِ دیدار
تمھاری پیاس بجھانے کی رات آئی ہے

نبی ﷺ کی ساعت ادنی میں سیرِ عرش تمام
خرد کے ہوش اڑانے کی رات آئی ہے

نگاہِ عشق میں پل پل ہے آپ ﷺ کی معراج
یہ رات سب کو دکھانے کی رات آئی ہے

"محب" "حبیب" میں کچھ آج امتیاز نہیں
جو فرق تھا وہ مٹانے کی رات آئی ہے

"احد" کا راز جو پنہاں تھا "میمِ" احمد ﷺ میں
نقابِ "میم" اٹھانے کی رات آئی ہے

ہیں آج دونوں”صدا" ایک ساتھ جلوہ فگن
کہ حمد و نعت سنانے کی رات آئی ہے
***
سید اسلم صدا آمری چینائی کی گذشتہ تخلیق :میں اک مسافر شب تیرگی کی ناؤ میں ہوں

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے