۳/ مارچ کوعلی گڑھ مسلم یونی ورسٹی سے متعلق کتاب کی رسمِ اجرا

۳/ مارچ کوعلی گڑھ مسلم یونی ورسٹی سے متعلق کتاب کی رسمِ اجرا

بزمِ صدف انٹرنیشنل کے پروگرام میں مصنف محمد وجیہ الدین اور متعدد عمائدین شامل ہوں گے

پٹنہ یکم مارچ۔ علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کے حوالے سے مشہور انگریزی ناشر ہارپر کالنگس، انڈیا کی جانب سے شایع شدہ انگریزی صحافی محمد وجیہ الدین کی کتاب علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کا بزمِ صدف انٹرنیشنل کی جانب سے آیندہ ۳/مارچ کو چار بجے شام سے بہار اردو اکادمی کے سے می نار ہال میں اجرا کیا جائے گا۔ تقریب کی صدارت ممتاز ناول نگار پروفیسر عبدالصمد فرمائیں گے۔ اجرا کے پروگرام میں مصنفِ کتاب بہ نفسِ نفیس شامل ہوں گے اور اپنے مشاہدات اور شرکا کے سوالات کے جواب مرحمت فرمائیں گے۔ اس اجرا پروگرام میں مولانا مظہرالحق عربی و فارسی یونی ورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محمد حبیب الرحمان علیگ مہمانِ خصوصی ہوں گے اور ڈاکٹر ریحان غنی، ڈاکٹر شیو کمار یادو، پروفیسر محمد شریف اور جناب اسفر فریدی کے خصوصی خطابات طے کیے گئے ہیں۔
بزمِ صدف انٹرنیشنل کے ڈائرکٹر جناب صفدر امام قادری نے بتایا کہ محمد وجیہ الدین کی یہ کتاب اپنے موضوع کا ایک ایسا گوشوارہ ہے جس میں ایک ساتھ تاریخ اور معاصر سماج کے مسائل دست و گریباں ہورہے ہیں۔ انگریزی زبان میں اس کتاب کی اشاعت کا ایک خاص موقع اس طور پر بھی رہا کہ علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کے صد سالہ جشن کی تیاریوں کے سلسلے سے مصنف نے اس کتاب کی ترتیب کی ذمہ داری لی۔ مصنفِ کتاب ایک پیشے ور صحافی بھی ہیں، اس لیے انھوں نے اپنے عصری تجربات، دورانِ تعلیم علی گڑھ کے آنکھوں دیکھے احوال اور تاریخ کے اوراق میں بند سینکڑوں خزائن کو کچھ اس طرح سے اس کتاب کے ذریعے عام کرنے کی کوشش کی ہے جیسے یہ کتاب صرف علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کی ایک تاریخ نہ ہو بلکہ ہندستانی مسلمانوں کے جدید ذہن کی تعمیر و تشکیل کا نقشہ بھی اس ادارہ سازی کے دوران پایۂ تکمیل تک پہنچ رہا تھا۔ فی زمانہ یہ کتاب اسلامیانِ ہند کی تاریخ کے موضوع پر ایک ایسی کتاب ثابت ہورہی ہے جسے گھر گھر میں پڑھا جارہا ہے۔ اسی لیے بزمِ صدف نے عظیم آباد میں، مصنف کے آبائی صوبے میں اس کتاب کے اجرا اور اس پر مذاکرے کا باضابطہ سلسلہ قائم کرنے کا ارادہ کیا۔
یہ کتاب اور تقریبِ اجرا میں شامل مشہور اہالیانِ قلم کی گفتگو موجودہ عہد کے سیاسی اور سماجی تقاضوں کے ساتھ کچھ اس طرح سے ہم رشتہ ہوگی جہاں سے ایک نئی گفتگو اور فکری صلاح و مشورہ کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔ بزمِ صدف نے اخبار [اور ویب پورٹلز] کی خبر کو ہی دعوت نامہ سمجھتے ہوئے سرسید احمد خاں، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی، ہندستانی مسلمانوں کے مسائل اور ملک کو درپیش طرح طرح کی تشویشات جیسے موضوعات پر غور و فکر کرنے والے افراد سے خاص طور پر گزارش کی ہے کہ جمعرات کی شام یعنی ۳/مارچ کو چار بجے شام سے بہار اردو اکادمی میں جمع ہوکر دانشوروں کی گفتگو سے فیض حاصل کریں۔
پروفیسر صفدر امام قادری نے علیگ برادری، اولڈ بوائز ایسو سی ایشن کے افراد سے خاص طور سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مادرِ درس گاہ اور بانیِ درس گاہ کے مرکزی موضوع پر مذاکرے میں شریک ہوکر کتاب کے پیغام کو فیضانِ عام میں تبدیل کریں۔
صفدر امام قادری
ڈائرکٹر
بزمِ صدف انٹرنیشنل

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے