حسین قریشی صاحب کی کتاب پاگل پن

حسین قریشی صاحب کی کتاب پاگل پن

تحریر ایسی ہوکہ اضافہ کہیں جسے

مصنف:حسین قریشی
مبصر: نکہت کاظم سید

"پاگل پن" کتاب کا عنوان ہی قاری کی توجہ کو اپنی جانب کھینچ لیتا ہے۔ پاگل پن حسین قریشی صاحب کے افسانوں اور افسانچوں کا مجموعہ ہے جس کی ادبی حلقوں میں خوب پذیرائی ہوئی ہے۔میں نے جب اس کتاب کے بارے میں سنا، اس کے عنوان ہی کی وجہ سے آرڈر کیا. کیونکہ ہم سبھی میں کسی نہ کسی کو لے کر پاگل پن، جوش، جذبہ اور جنون ہوتا ہی ہے۔ جب مجھے کتاب موصول ہوئی میں نے ایک ہی نشست میں مکمل اسے پڑھ لیا۔ کتاب کا عنوان کتاب میں موجود مواد سے بھر پور مناسبت رکھتا ہے۔ حسین قریشی صاحب کا شمار ایسے ادیبوں میں ہوتا ہے جو ادب کے ذریعے معاشرے کی اصلاح کرتے ہیں۔ کامیاب ادیب وہ ہوتا ہے جو قارئین کی نفسیات کو سمجھتا ہے۔ قارئین کے دل و دماغ میں موجود جذبات اور خیالات کو قرطاس پر اتارتا ہے اور حسین قریشی صاحب اس فن سے بہ خوبی واقف ہیں۔ آپ کے افسانوں میں قارئین کے لیے بھرپور جوش، جذبہ اور ہمت موجود ہے۔ آپ نے اپنی تحریروں میں اپنے کرداروں کو حوصلے اور ہمت کے وہ پنکھ عطا کیے ہیں کہ جن سے ان کی پرواز تھمتی ہی نہیں ہے اور وہ منزل پر پہنچ کر ہی دم لیتے ہیں۔آپ کے کردار قاری کے لیے مثالی کردار بن کر ابھرتے ہیں اور تادیر ذہن میں رہتے ہیں۔ اس کی سب سے اعلا مثال افسانہ’دوڑ` کا کردار ‘لتا’ ہے۔ گوکہ یہ حقیقت پر مبنی افسانہ ہے لیکن آپ نے حقیقت کی نوک پلک سنوار کر اسے افسانے کی وہ شکل دی ہے کہ اس کے کردار ہمارے لیے زندہ و جاوید مثال بن گئے ہیں۔ افسانہ ‘پاگل پن` میں ‘ثانیہ` کا کردار ‘ہمت کا پہاڑ ` نظر آتا ہے۔ مصنف نے اس افسانے کے اختتام پر یہ جملہ لکھا ہے کہ "جب تم اپنی طاقت، صلاحیت اور قابلیت سے بڑا کام کرنے کا مصمم ارادہ کرتے ہو تب لوگ تمھیں پاگل کہتے ہیں اور یقین مانو زندگی کی جیت اور کامیابی پاگل پن میں ہے۔" بہت خوب ہے۔ اسے پوری کتاب کا نچوڑ کہا جا سکتا ہے۔دوڑ، پاگل پن، کورٹ میرج، فیشن پرستی قابل ذکر افسانے ہیں۔ ہمہ جہت ترقی، ستیہ گرہ، اہنسا، تربیت و تعلیم، افسانچے کافی گہرائی لیے ہوئے ہیں۔ آپ کا قلم تیز رفتاری سے ترقی کررہا ہے۔ سوشل میڈیا، اخبارات اور رسائل میں آئے دن آپ کی تحریریں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ اللہ آپ کے قلم کو یوں ہی رواں دواں رکھے اور اس سے ایسی ہی تحریریں نکلتی رہیں جنھیں ہم اردو ادب میں اضافہ کہہ سکیں، پاگل پن ہی کی طرح!!!
پاگل پن کتاب 128صفحات پر مبنی ہے. اس مجموعے میں 14 افسانے اور 46 افسانچے شامل ہیں۔ جسے ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس دہلی نے 2021ء میں شائع کیا۔ محمد اسلم پرویز کے ڈیزائن کردہ خوب صورت سرورق اور بہترین بائنڈنگ پر مشتمل اس کتاب کی قیمت 160 بھارتی روپے مقرر کی گئی ہے۔ آپ مصنف سے 9850155656 پر رابطہ کرکے کتاب حاصل کرسکتے ہیں.
آپ یہ بھی پڑھ سکتے ہیں :کتاب : پاگل پن (افسانوی مجموعہ)

شیئر کیجیے

One thought on “حسین قریشی صاحب کی کتاب پاگل پن

  1. پاگل پن کا مختصر تعارف اچھا ہے۔مصنف کو مبارک باد۔۔۔۔پاگل پن عنوان منفرد ہے اور توجہ اپنی طرف کھینچنے میں کامیاب۔ پاگل پن ہوگا اگر انسان پاگل پن کو پڑھے بغیر رہ جائے ۔میں مصنف سے رابطہ کرنے کے لیے تیار ہوں اگر مجھے کتاب تحفے میں دیں گی کیونکہ دو سال سے کتاب خرید کر پڑھنے کی عادت چھوٹ گئی ہے اور دوستوں عزیزوں نے بھی کتاب خریدنے کا موقع نہ دیا تحفتہ بھیج دیتے ہیں۔۔۔۔بہرحال مصنف کو مبارک باد اور نیک خواہشات ۔۔۔۔!
    پاگل پن ہی ہے کہ تحفے میں مصنف کتاب دے۔بھائی کیوں تحفے میں دے مجھے تھوڑی جانتے ہیں۔چھاپنے میں زر لگا ہے وہ کہاں سے آئے اگر ہم کتاب خرید کر نہ پڑھے تو اردو ادیب کی ترقی کا کیا ہوگا۔۔۔سب پاگل پن ہے۔ پاگل پن ہی پاگل پن۔۔۔۔ہر فرد پاگل ہے پر اپنا پاگل پن ظاہر نہیں کرتا۔۔۔۔۔طیب فرقانی صاحب کا شکریہ ادا اگر نہ کیا تو پاگل پن ہوگا۔وہی تو ہیں جو بہترین تحریریں پڑھنے کا انتظام کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے