اردو صحافت کے دو سو برسوں کا احتساب؛ بزمِ صدف انٹرنیشنل کے سے می نار کا نشانہ

اردو صحافت کے دو سو برسوں کا احتساب؛ بزمِ صدف انٹرنیشنل کے سے می نار کا نشانہ

١٢/ نومبر کو دو روزہ سے می نار کا افتتاح—-ملک کے نامور صحافی، نقاد اور ماہرین کی شرکت متوقع

پٹنہ۔۹/نومبر۔ جامِ جہاں نما سے ١٨٢٢ء میں شہرِ کلکتہ سے اردو صحافت کا جو کارواں آگے بڑھا، وہ اب دو صدی کی مدت پار کرکے ایک ایسی منزل تک پہنچ چکا ہے جہاں گذشتہ اور موجودہ عہد کے درمیان اتنی انقلاب آفریں تبدیلیاں رونما ہو چکی ہیں جس کے نتیجے میں اس بات کی ماہرین کے درمیان ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ ان دو سو برسوں کی وراثت کا کچھ اس طرح سے احتساب کیا جائے کہ ہماری صحافت کے امتیازات روشن ہوجائیں۔ اردو میڈیا فورم، بہار، پٹنہ نے اردو صحافت کے دو صد سالہ جشن کی جو باضابطہ طور پر داغ بیل رکھی اور جس کا مولوی محمد باقر کے یومِ شہادت ١٦/ستمبر سے تقریباتی آغاز کیا؛ اس کی ترغیب سے بزمِ صدف انٹرنیشنل نے دو روزہ سے می نار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا جسے ”اردو صحافت کے اہم موڑ: دو صدی کا احتساب“ عنوان سے ١٢اور ١٣/نومبر ٢٠٢١ء کو بہار اردو اکادمی کے ہال میں منعقد کیا جارہا ہے۔
بزمِ صدف انٹرنیشنل کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے پروگرام کے خدوخال میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے می نار میں خاص طور سے ملک کے نامور صحافیوں اور صحافت کی تاریخ کے محققین کو زحمت دی گئی ہے۔ روزنامہ انقلاب، پٹنہ کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر اور نامور صحافی جناب احمد جاوید سے می نار کا کلیدی خطبہ پیش کریں گے۔ سے می نار کا افتتاح امیرِ شریعت بہار، اڑیسہ اور جھارکھنڈ حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی ١٢/نومبر کو چار بجے شام کو فرمائیں گے۔ سے می نار کے افتتاحی جلسے کی صدارت بہار اردو اکادمی کے سکریٹری جناب عظیم اللہ انصاری کریں گے۔ بہار پبلک سروس کمیشن کے رکن جناب امتیاز احمد کریمی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے سے می نار میں خطاب فرمائیں گے۔ کالج آف کامرس، آرٹس اینڈ سائنس کے پرنسپل پروفیسر تپن کمار شانڈلیہ اور ڈاکٹر ظفر کمالی مہمانِ اعزازی کے طور پر سے می نار میں شریک ہوں گے۔ جی۔ایس۔ٹی۔ کمشنر جناب اسلم حسن اور اردو ہندی میں صحافت کی تاریخ پر تحقیق کرنے والے ڈاکٹر سہیل وحید اور دوحہ قطر بزمِ صدف کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر وصی الحق وصی مہمانِ ذی وقار کے طور پر افتتاحی جلسے میں شرکت کریں گے۔
١٣/نومبر ۱۲۰۲ء کو ساڑھے دس بجے دن سے سے می نار کا اجلاسِ اول شروع ہوگا۔ جس کی مجلسِ صدارت میں دہلی یونی ورسٹی کی شعبۂ اردو کی صدر اور ڈین پروفیسر نجمہ رحمانی، ممتاز صحافی اور وائس آف امریکہ کے نمایندۂ ہند جناب سہیل انجم، ممتاز صحافی اور اردو میڈیا فورم کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر ریحان غنی اور ممتاز شاعر اور نقاد، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے استاد ڈاکٹر واحد نظیر شامل ہوں گے۔ نشستِ اول میں مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی، ڈاکٹر طارق فاطمی، ڈاکٹر زین شمسی، ڈاکٹر محمد ذاکر حسین، ڈاکٹر نظام الدین احمد، ڈاکٹر الفیہ نوری، ڈاکٹر تسلیم عارف، جناب محمد مرجان علی اور محترمہ شگفتہ ناز اپنے مقالات پیش کریں گے۔ ١٣/نومبر کو سے می نار کے دوسرے اجلاس کی مجلسِ صدارت میں ممتاز نقاد اور ابوالکلام آزاد شناس ڈاکٹر جمشید قمر (رانچی)، ڈاکٹر سہیل وحید (بریلی، یو پی)، اردو میڈیا فورم کے صدر نشیں مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی اور روزنامہ تاثیر کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر محمد گوہر شامل رہیں گے۔ جناب سہیل انجم (دہلی)، ڈاکٹر ریحان غنی، ڈاکٹر ظفر امام، جناب رہبر مصباحی، ڈاکٹر منی بھوشن کمار، ڈاکٹر افشاں بانو، جناب عارف اقبال، محترمہ نازیہ تبسم اور جناب پرویز عالم اپنے مقالات پیش کریں۔
بزمِ صدف انٹرنیشنل کے ڈائرکٹر صفدر امام قادری نے سے می نار کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی کہ اس سے می نار میں یہ کوشش کی جارہی ہے کہ اردو صحافت کے دو سو برسوں کی تاریخ کے خاص پڑاو اور امتیازی امور بہر طور زیرِ بحث آئیں۔ متعدد مقالے ریڈیو، ٹیلی ویژن اور دوسری زبانوں کی صحافت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے بھی سے می نار میں پیش کیے جائیں گے جن سے اردو صحافت کا اختصاص اور امتیاز روشن ہوسکے گا۔ جناب قادری نے بتایا کہ اس سے می نار میں اردو میڈیا فورم بہار، بہار اردو اکادمی (پٹنہ)، پاٹلی پترا ٹیچرس ٹریننگ کالج(پٹنہ)، الفاطمہ ایجوکیشنل سوسائٹی بی ایڈ کالج(پٹنہ) کی خصوصی معاونت حاصل رہی ہے۔ جناب قادری نے اردو ادب و صحافت کے شایقین سے بصد محبت و عقیدت اخبار کے اطلاع نامے کو دعوت نامہ تصور کرکے سے می نار میں تشریف فرما ہونے کی گزارش کی ہے۔ جناب قادری نے اس بات کی توقع کی کہ اردو صحافت کی تاریخ کے سلسلے سے ایک سنجیدہ گفتگو کا یہاں سے آغاز ہوگا۔ بڑی تعداد میں محققین اور ماہرین اس موضوع کی طرف توجہ کریں گے اور اردو صحافت کے دو سو برسوں کی تاریخ ہمارے لیے خصوصی توجہ کا مرکز بنے گی۔
صفدر امام قادری
ڈائرکٹر بزمِ صدف انٹرنیشنل

بزمِ صدف انٹرنیشنل کی مرکزی کمیٹی کی خصوصی نشست میں لیے گئے اہم فیصلے

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے