کتاب : پلانٹ فزیولوجی

کتاب : پلانٹ فزیولوجی

نام کتاب : پلانٹ فزیولوجی (Plant Physiology)
نام مصنفین : ڈاکٹر محمد بشیرالدین ، پروفیسر ایس مقبول احمد، موبائل : 9701010472, 9440366462
صفحات : ۲۱۲ قیمت : ۔/٤٥٠ روپے
پبلشر : ڈائرکٹوریٹ آف ٹرانسلیشن، ٹرانسلیشن اسٹڈیز، لیکسیکوگرافی اینڈ پبلی کیشنز، مولانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی حیدرآباد۔ 500032
مبصر : ڈاکٹر رفیع الدین ناصر، صدر شعبۂ نباتیات، مولانا آزاد کالج، اورنگ آباد (مہاراشٹر) موبائل : 9422211634

سائنسی معلومات کو اردو زبان میں پیش کرنا گویا جوئے شیر لانے سے کم نہیں ہے۔ سائنسی قلم کار کو اردو میں معلومات صفحۂ قرطاس پر بکھیرتے وقت کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس میں سب سے پہلے سائنسی اصطلاحات کا استعمال اُس کے بعد عام اردو قاری کو سمجھ میں آنے والی زبان و بیان کا استعمال اشکال کی پیش کشی پر خاص طور سے توجہ دینے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی حیدرآباد اردو زبان میں تمام علوم کو عام کرنے میں بہت کوشش کررہی ہے اور اُس میں وہ بڑی حد تک کامیاب بھی ہوئی ہے۔ یونی ورسٹی کے قیام سے اب تک کئی علوم کی اردو کتابیں منظرعام پر آئیں اور مقبول بھی ہوئیں۔ اپنے اِس ٢٥/ سالہ دور میں یونی ورسٹی نے ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسلیشن، ٹرانسلیشن اسٹیڈیز، لیکسیکوگرافی اینڈ پبلی کیشنز کا قیام عمل میں لاکر ترقی کی طرف اہم قدم بڑھایا ہے۔ اِس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ پروفیسر محمد خالد مبشرالظفر کی سربراہی میں ابھی تک کئی کتابیں شائع ہوکر عام اردو قاری تک پہنچی ہیں۔ اِس ڈائریکٹوریٹ کا اہم مقصد مختلف النوع نصابی و حوالہ جاتی کتب اور دیگر اہم اردو کتب کی اشاعت کر کے عام قاری طلبہ اور بہ طورِخاص وہ طلبہ جن کا پس منظر اردو ہے اور مختلف مقابلہ جاتی امتحانات میں شرکت کے خواہاں ہیں؛ اُن تک آسان اردو زبان میں سائنسی معلومات کتب کے توسط سے پہنچائے۔ ڈائریکٹوریٹ نے سائنس کے مختلف علوم پر بہت معیاری کتابیں شائع کیں۔ حال ہی میں اسی طرح کی ایک معیاری کتاب ”پلانٹ فزیولوجی“ کو شائع کیا ہے۔
ڈاکٹر محمد بشیر الدین نے اُن کی تحریر کردہ یہ کتاب جب ہمیں تبصرہ کے لیے پیش کی تو بہت خوشی ہوئی۔ دورِ حاضر کو مدنظر رکھ کر جس معیاری انداز میں یہ کتاب شائع کی گئی ہے وہ بہت قابل تعریف ہے۔ ”پلانٹ فزیولوجی“ کا جب گہرائی سے مطالعہ کرنا شروع کیا تو معلوم ہوا کہ ڈاکٹر محمد بشیرالدین جو سابق پروفیسر زرعی یونی ورسٹی حیدرآباد ہیں، اُن کے ساتھ پروفیسر ایس مقبول احمد صدر شعبۂ نباتیات مانو بھی اِس کتاب کے شریک قلم کار ہیں۔ دونوں ماہرین نے اس کتاب کو معیاری بنانے میں بہت محنت سے کام لیا ہے۔ نباتات کی فعلیاتی سرگرمیوں (Physiological activities) کو دونوں مصنفین نے کل ۲۲/ ابواب میں پیش کیا ہے۔ گویا انھوں نے دریا کو کوزے میں پیش کر کے اردو قاری کی تشنگی دور کرنے کا اہم فریضہ انجام دیا۔ نباتات میں فعلیاتی سرگرمیاں بہت زیادہ اور مختلف انداز میں ہوتی ہیں۔ جن پر کئی کتابیں تحریر کی گئی ہیں، لیکن اردو میں شاید ہی کسی نے اِس جانب توجہ دی ہو۔ مانو کے ٹرانسلیشن ڈائریکٹوریٹ نے اِس اہم موضوع کی طرف توجہ دے کر ماہرین ڈاکٹر بشیر اور ڈاکٹر مقبول کو خامہ فرسائی پر مجبور کیا اور اِس معیاری کتاب کو شائع کیا۔
کتاب کی ابتدا نباتات کے خلیہ سے ہوتی ہے، جس میں فاضل مصنفین نے خلیہ کے تمام بنیادی خواص کو بیان کیا اور اُن کے مختلف عضوچوں کے بارے میں تفصیلی معلومات بہترین اشکال کے ساتھ پیش کیں۔ کسی بھی ذی حیات کی کارکردگی کا آغاز خلیہ کی صحت اور اُس کی سرگرمی سے ہوتا ہے۔ اِس لیے نباتات میں بھی فعلیاتی سرگرمیوں کا آغاز خلیہ سے ہوتا ہے۔ فاضل مصنفین کی ابتدائی یہ تحریر عام قاری کو نباتات کی فعلیات سمجھنے میں آسانی فراہم کرتی ہے۔ اس کے بعد مصنفین نے نباتات میں پانی کے کردار کو بیان کیا۔ ہم جانتے ہیں کہ کوئی بھی ذی حیات بغیر پانی کے زندہ نہیں رہتا۔ نباتات میں پانی کا کردار تمام سرگرمیوں میں بڑا اہم ہوتا ہے۔ وہ جڑوں کے ذریعہ جذب کیا جاتا ہے، پھر مختلف تقطیری مراحل سے گذر کر پودے کے سرے تک پہنچتا ہے اس دوران وہ اپنے ساتھ مختلف تغذیات، معدنیات، نمکیات، خامرے، محرکاب اور دیگر کیمیات لے جاتا ہے جس کی وجہ سے پودے صحت مند رہتے ہیں۔ ان میں بہترین نشوونما ہوتی ہے، جس کے نتیجہ میں بہترین پھول، پھل اور دیگر محاصلات وافر مقدار میں حاصل ہوتے ہیں، جس سے انسان کو فائدہ ہوتا ہے۔ یہی پانی جب اپنا عمل مکمل کرتا ہے تو بخارات کی شکل میں خارج ہوتا ہے. اِن تمام فعلیات کو فاضل مصنفین نے مختلف عناوین قائم کر کے بہت اچھے انداز میں بیان کیا۔ فوٹو سینتھسس، ریسپریشن، ضیائی عرصہ، تغذیات، ورنالائزیشن، پودوں میں حرکات وغیرہ عوامل کو فاضل مصنفین نے انتہائی سادہ، آسان زبان میں مختلف اشکال اور خاکوں کے ذریعہ پیش کیا۔ چونکہ ڈاکٹر بشیر کا تعلق زرعی شعبہ سے رہا ہے، اِس لیے اِس کتاب کے آخری باب میں انھوں نے ”فزیولوجی کا زراعت میں استعمال“ پر بہت اچھے معیاری انداز میں زراعت میں ہونے والے فوائد کا ذکر کیا۔ مختصر لیکن جامع انداز میں ڈاکٹر بشیر نے فزیولوجی اور زراعت کے درمیانی ربط کو بیان کیا۔
پوری کتاب معیاری اور پُرکشش انداز میں پیش کی گئی ہے۔ طباعت بہترین کاغذ پر بہت اچھی ہے۔ نئی روایت کے مطابق مصنفین نے زیادہ تر انگلش اصطلاحات کو جوں کے توں قائم رکھا، جب کہ بیشتر انگلش اصطلاحات کی متبادل اور آسان اصطلاحات موجود ہیں۔ جیسے فوٹو سنتھیسس کے لیے شعاعی ترکیب یا ضیائی تالیف، ریسپریشن کے لیے عمل تنفس یا تنفس، مائیٹوکانڈریا کے لیے توانیہ وغیرہ عام فہم اصطلاحات استعمال کی جاسکتی تھیں۔ یہ اصطلاحات اسکولوں کی کتابوں میں درج ہیں۔ فاضل مصنفین نے کتاب کے آخر میں فرہنگ دی ہے، جس میں کتاب میں درج مختلف سائنسی اصطلاحات کی وضاحت کی گئی ہے، جو پندرہ صفحات پر مشتمل ہے۔ اس کے بعد مصنفین نے کتابیات اور مختلف تحقیقی حوالہ جات بھی پیش کیا تاکہ اگر قاری کو تشنگی محسوس ہو تو وہ اِن حوالہ جات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ کتاب کا سرورق گرچہ جاذبِ نظر ہے، لیکن اِس میں فزیولوجی سے متعلق تصاویر آجاتیں تو وہ مزید نکھر جاتا۔ میگزین سائز کی یہ کتاب ۲۱۲/ صفحات پر مشتمل ہے۔ جس کی قیمت ٤٥٠/ روپے یقینا بہت زیادہ ہے۔ ڈائریکٹوریٹ کو کتاب کی اس قیمت کی طرف توجہ دینا چاہئے۔ ڈائریکٹوریٹ نے اس سے قبل شائع کی گئی کتابوں کی قیمت بہت کم رکھی تھی، جس کی وجہ سے عام قاری نے اُن کتابوں کو ہاتھوں ہاتھ لیا۔ توقع یہ کی جاتی ہے کہ اِس کتاب کو بھی اردو دنیا ہاتھوں ہاتھ لے اور کتب خانوں تک پہنچائے تاکہ اردو کے عام قاری اور وہ طلبہ جو مختلف مقابلہ جاتی امتحانات میں شرکت کررہے ہیں انھیں اِس سے فائدہ پہنچے۔ میں فاضل مصنفین ڈاکٹر محمد بشیرالدین اور پروفیسر ایس مقبول احمد و ساتھ ہی ڈائریکٹوریٹ کو اِس اعلا معیار کی کتاب شائع کرنے پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور توقع کرتا ہوں کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری و ساری رہے گا۔ 
Dr. Rafiuddin Naser
HOD Botany
Maulana Azad College of Arts Science & Commerce,
Dr. Rafiq Zakaria campus, Rauza bagh, Auangabad-431001 (MS)
Mobile: 9422211634 email: rafiuddinnaser@rediffmail.com
٭٭٭
صاحب تبصرہ کی گذشتہ نگارش :نام کتب : حیاتیات (حصہ اول) و حیاتیات (حصہ دوم)

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے