مرغوب اثر فاطمی کے اعزاز میں محفل مشاعرہ

مرغوب اثر فاطمی کے اعزاز میں محفل مشاعرہ

ضیائے حق فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مرغوب اثر فاطمی کے اعزاز میں محفل مشاعرہ، نیاز نذر فاطمی کی کتاب "انبساط(شعری مجموعہ) اور ڈاکٹر نصر عالم نصر کی کتاب غم آبدار(شعری مجموعہ) کی رسم اجرا

پٹنہ پھلواری شریف 22/ستمبر 2022 ( پریس ریلیز) صوبہ بہار کی سرزمین گیا سے تعلق رکھنے والے مشہور و معروف شاعر مرغوب اثر فاطمی (سابق ڈی ایس پی ضلع کیمور) کے اعزاز میں محفل مشاعرہ اور نیاز نذر فاطمی کی کتاب انبساط (شعری مجموعہ) اور مشہور شاعر نصر عالم نصر کی کتاب غم آبدار (شعری مجموعہ) کا اجرا ضیائے حق فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مدرسہ ضیاء العلوم البا کالونی پھلواری شریف پٹنہ میں عمل میں آیا۔ اس تقریب کا اہتمام محمد ضیاء العظیم (ٹرسٹی ضیائے حق فاؤنڈیشن) اور ان کی ٹیم نے کیا، واضح رہے کہ ضیائے حق فاؤنڈیشن وہ تنظیم ہے جو سماجی، فلاحی کاموں کے ساتھ ساتھ تعلیمی کاموں میں بھی پیش پیش رہتی ہے، اس کے زیر اہتمام شہر پٹنہ پھلواری شریف میں ایک ادارہ مدرسہ ضیاء العلوم کے نام سے چل رہا ہے، جہاں بچے بچیاں اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں۔
اس پروگرام کی نظامت ڈاکٹر نصر عالم نصر نے انجام دی، صدارت مشہور و معروف شاعر جناب نیاز نظر فاطمی کی تھی.
پروگرام کی شروعات میں مرغوب اثر فاطمی کو ضیائے حق فاؤنڈیشن کی جانب سے ان کے اعزاز کے طور پر شال پیش کیا گیا، پھر کتاب رونمائی کی رسم ادا کی گئی، کتاب انبساط (شعری مجموعہ) نیاز نذر فاطمی کا دوسرا شعری مجموعہ ہے جو 2022 میں شائع ہوا ہے، جب کہ اس سے قبل ایک شعری مجموعہ ممکنات کے نام سے 2018 میں شائع ہو چکا ہے، اس کے بعد ایک خوب صورت اور شان دار مشاعرہ ہوا، مشاعرہ کی نظامت ڈاکٹر نصر عالم نصر نے کی، جب کہ صدارت کا فریضہ نیاز نذر فاطمی نے انجام دیا.
مشاعرہ میں پیش کئے گئے شعرا کے کلام پیش خدمت ہیں.
نیاز نذر فاطمی
خدائی عشق والوں کو بڑا انعام دیتی ہے
سنہری دھوپ دیتی ہے، گلابی شام دیتی ہے،
مرغوب اثر فاطمی
آفاق سے کشادہ ہے کوزہ دماغ کا
یہ آسماں کیا ہے، کرشمہ دماغ کا
سلیم شوق پورنوی
حسد کی آگ ہے ہر سو جلن زیادہ ہے
اسی لیے تو یہاں پر گھٹن زیادہ ہے
سلطان احمد ساحل
مانا کہ میری بات بہت تلخ لگی ہے
جو بات حقیقت تھی وہی میں نے کہی ہے
ڈاکٹر نصر عالم نصر
صبر کرنے کا یہ مطلب نہیں کمزور ہیں ہم
ہاتھ باقی ہے ابھی تیغ اٹھانے والا
محمد ضیاء العظیم
سسکیوں کے لمحوں میں قہقہے لگاتا ہوں
قہقہے لگا کے ہی اپنا دل جلاتا ہوں
آخر میں مہمان خصوصی مرغوب اثر فاطمی صاحب نے پروگرام کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کیا، انھوں نے کہا کہ میں ضیائے حق فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں سے بہ خوبی واقف ہوں، یہ تنظیم اپنے محاذ پر بھر پور کارہائے نمایاں انجام دے رہی ہے، آج مجھے یہاں بہت خوشی محسوس ہورہی، یہ محفل میری زندگی کا حسین لمحہ ہوگا، آپ سب کی اس بے لوث محبت کو میں تا عمر یاد رکھوں گا، ضیائے حق فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی محمد ضیاء العظیم نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا، پھر صدر محترم نیاز نذر فاطمی کی اجازت سے محفل کے اختتام کا اعلان ہوا. اس پروگرام میں مدرسہ ضیاء العلوم کے طلبہ سمیت پھلواری شریف کی معزز شخصیات شامل رہیں، خصوصاً تنویر ملک، اسفر، قاروق اعظم، وغیرہ.
اس پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں خصوصی طور پر ضیائے حق فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن و اسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو سمستی پور کالج (متھلا یونی ورسٹی) ڈاکٹر صالحہ صدیقی کا نام شامل ہے، جب کہ عمومی طور پر فاطمہ خان، زیب النساء، شمیمہ بانو، فقیہہ روشن، قاری ابوالحسن، مفتی نورالعظیم، حافظ ثناء العظیم کے نام شامل ہیں.
آپ یہ بھی پڑھ سکتے ہیں :ضیائے حق فاؤنڈیشن کی جانب سے اردو ہندی شعر وادب کے ممتاز قلم کاروں کو اعزازیہ

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے