راج کرے ہیں جھوٹے لوگ

راج کرے ہیں جھوٹے لوگ

(ایس) انجم دربھنگوی
جھگڑوا، دربھنگہ، بہار، ہند

راج کرے ہیں جھوٹے لوگ
زنداں میں ہیں سچے لوگ

اپنی باتیں رب سے کہو
تخت نشیں ہیں بہرے لوگ

شکوہ کریں کیوں غیروں سے
شعلہ زن ہیں اپنے لوگ

طرز نیا اس دور کا ہے
دار پہ دیکھے سچے لوگ

اس نگری کی قسمت میں ہے
جلتے مکاں اور مرتے لوگ

یاد بہت ہی آتے ہیں
من کے سچے اچھے لوگ

زخموں سے ہے چور بدن
کس کو دکھائیں بھولے لوگ

لاشیں اس جا بہتی ہیں
امرت جس کو کہتے لوگ

دور یہ کیسا آیا ہے
ڈرتے ہیں رہ چلتے لوگ

پیٹ نے یوں مجبور کیا
سولی چڑھ گئے بھوکے لوگ

شاعر ہو یا صحافی ہو
بکنے لگے یہ سارے لوگ

انجم ہم نے دیکھے ہیں
روٹی کو بھی ترسے لوگ
***
ایس انجم دربھنگوی کی گذشتہ تخلیق :یہ زندگی ہے مری رب کی بندگی کے لیے

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے