نام کتاب: لفظوں کی سازش (شعری مجموعہ)

نام کتاب: لفظوں کی سازش (شعری مجموعہ)

مصنفہ: شاذیہ نیازی
ضخامت : 160
سال اشاعت : 2020
ناشر : کریٹو اسٹار پبلیکیشنز، دہلی
مبصر : نیلوفر پروین
گاچھی ٹولہ ، ارریہ ، بہار ۔ انڈیا ۔
فون: 7294941132
"لفظوں کی سازش" شاذیہ نیازی کا پہلا شعری مجموعہ ہے جس کا انتساب انھوں نے اپنے والد محترم تسلیم نیازی کے نام کیا ہے جو مشہور و معروف استاد شاعر ریے ہیں. شاذیہ نیازی سے میرا غائبانہ تعارف سوشل میڈیا کے توسط سے ہوا جہاں وقتاً فوقتاً ان کی شعری تخلیقات نگاہوں سے گزرتی رہی تھیں. وہ غزل کی شاعرہ ہیں اور ان کی غزلیں پڑھ کر موضوع و پیش کش میں تازگی اور انفرادیت کا احساس ہوتا ہے. ان کا شعری مجموعہ "لفظوں کی سازش" کے مطالعے کے بعد ان کی شاعری کی انفراد و امتیاز کے مزید کئی در وا ہوئے. اس مجموعہ میں شامل جن حضرات نے شاذیہ نیازی کے کلام کا ناقدانہ جائزہ لیا ہے ان میں سلیم سرفراز اور سید رومان انجم قابل ذکر ہیں. انھوں نے مدلل انداز میں شاذیہ نیازی کے فکر و فن پر روشنی ڈالی ہے. میں ذاتی طور پر ان کے آرا سے متفق ہوں.
سرزمین بنگال سے ہمیشہ ہی ادب و ثقافت کے حوالے سے نئے ٹیلنٹ سامنے آتے رہے ہیں. شاذیہ نیازی بھی ان میں سے ایک ہیں. وہ کولکاتا کے اہم استاد شاعر تسلیم نیازی کی صاحب زادی ہیں. اس لحاظ سے شاعری کے اسرار و رموز انھیں ورثے میں ملے ہیں. لیکن حیرت اور خوشی کا مقام یہ ہے کہ شاذیہ نیازی نے اشعار کو فنی پیکر میں ڈھالنے کے لیے اپنی الگ راہ نکالی ہے جو پرخطر بھی ہے اور پر اثر بھی. وہ سیدھے، سچے اور آسان لفظوں میں معصومیت کے ساتھ گہری اور فکر انگیز باتیں کہہ جاتی ہیں. بیشتر اشعار میں نسوانی کیف و نشاط و نفسیات کی عمدہ عکاسی ہوئی ہے. مگر ایک جرأت مندانہ اقدام کے ساتھ کہ اب متوسط طبقے کی گھریلو لڑکیوں نے بھی ظلم و ستم کے خلاف احتجاج بلند کرنا اور اپنا جائز حق مانگنا سیکھ لیا ہے. ظاہر ہے کہ یہ عصری حسیت کا تقاضا بھی ہے. مثال کے طور پر چند اشعار ملاحظہ فرمائیں.
صلح تو اک روز ہونی ہے
آج کی بات کیوں نہیں کرتے
ہاں مجھے عشق کی تمیز نہیں
آپ حضرات کیوں نہیں کرتے
نئے نئے سے یہ انداز چبھ رہے ہیں مگر
میں تم کو پھر سے پرانا نہیں بنا سکتی
شاذیہ نیازی کی شاعری میں تانیثی توانائی کو تمکنت اور وقار کے ساتھ محسوس کیا جا سکتا ہے. انداز تخاطب عاجزانہ نہیں بلکہ بےباکانہ ہے. انانیت میں خودداری کی جھلک ان اشعار میں در آئے ہیں.
میں اکیلی ہی خود پرست نہیں
دکھ رہے ہیں انا میں سب تنہا
آپ کس ملک کے شہنشہ ہیں
مجھ کو کہتے ہیں بے ادب تنہا
شاذیہ چھوڑ مت اصولوں کو
تجھ پہ جچتا ہے یہ لقب تنہا
شاذیہ نیازی کے شعری ڈکشن واقعی ان پر جچتے بھی ہیں اور ان کی ایک الگ شناخت کا حوالہ بھی بنتے ہیں. وہ سیاسی اور سماجی سرگرمیوں سے بھی باخبر رہتی ہیں اور طنز کے تیروں سے گھائل کرنا بھی انھیں آتا ہے:
جھوٹے فریبی ڈھونگی یہ مکار ہی سہی
چلتی رہے گی پھر بھی یہ سرکار دیر تک
کچھ بےخبر سے لوگوں کی مل جائے تو خبر
پڑھتی رہی یہ سوچ کے اخبار دیر تک
باپ دولت مند، بیٹی خوب صورت مہہ جبیں
آپ کی اس مرتبہ تو لاٹری اچھی لگی
شاذیہ نیازی نے بڑی فن کاری سے ایسے الفاظ و اشیا کو اپنی شاعری میں برتا ہے جن پر عام طور سے دھیان نہیں جاتا. مثلاً:
تجھے محسوس ہو جائے گا میرے ہجر کا صدمہ
میں ایسا ذائقہ اس بار بریانی میں رکھوں گی
حد ہی وہ مجنوں صفت کرنے لگا
مجھ پہ گرتی چھپکلی کا شکریہ
بریانی میں ہجر کے صدمے کا مسالہ اور مجنوں صفت شخص سے نجات کے لیے چھپکلی کا سہارا نسوانی تجربے و مشاہدے کی اچھی اور سچی مثالیں ہیں.
مشہور و معروف شاعر کی صاحب زادی ہونے کے ناطے کئی طرح کے اندیشوں اور وسوسوں کا در آنا فطری ہے. سید رومان انجم رقم طراز ہیں کہ "شاذیہ پر تسلیم نیازی کی دختر ہونے کا ایک بڑا دباؤ اور چیلنج ہوگا." مگر شاذیہ نیازی نے اپنے ایک شعر میں ان اندیشوں کو دور کرتے ہوئے کہا کہ:
اگرچہ میں بیٹی ہوں تسلیم جی کی
مگر اپنے بوتے یہ سب لکھ رہی ہوں
شاذیہ نیازی کی شاعری کی بنیادی خصوصیات میں موضوع کا تنوع، روز مرہ کے الفاظ کا حسی و صوتی پیکر، لب و لہجے کا بانکپن اور پیش کش کی ندرت خاص طور سے قابل ذکر ہیں. انھوں نے مختصر اور آسان بحر میں اچھی غزلیں کہی ہیں.
شاذیہ نیازی کے اس شعری مجموعے کا تنقیدی محاسبہ اور تعین قدر تو آنے والا زمانہ کرے گا مگر امکان اغلب ہے کہ ارض بنگال سے ایک ایسی چونکا دینے والی شاعرہ سامنے آئی ہیں جن کی شعری تخلیقات میں پروین شاکر، زہرہ نگاہ، عذرا پروین، فہمیدہ ریاض اور شہناز نبی کے تیور کی جھلک دکھائی دیتی ہے. مجھے یقین ہے کہ شاذیہ نیازی کے شعری مجموعے "لفظوں کی سازش" کا فراخ دلی سے خیر مقدم کیا جائے گا.

Nilofar Parveen
At. Gachhi Tola
Ward No. 24
P. O & Distt. Araria _ 854311(Bihar)
Mob. 7294941132

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے