جاں سوز ہے سب کے لیے حامد کی رحلت کی خبر

جاں سوز ہے سب کے لیے حامد کی رحلت کی خبر

بہ یاد حامد امروہوی مرحوم
شکاگو میں مقیم عہد حاضر کے ممتاز نعت گو اور کثیرالجہات سخنور حامد امروہوی مرحوم کے سانحہ ارتحال پر ان کے شعری مجموعے ” اس پار سے اس پار تک" کے تناظر میں منظوم تاثرات

احمد علی برقی اعظمی

جاں سوز ہے سب کے لیے حامد کی رحلت کی خبر
تھے جو سخنور نامور اس پار سے اس پار تک
امروہہ سے امریکا تک تھے سب کے جو ورد زباں
اک نعت گو تھے معتبر اس پار سے اس پار تک
ہے مرجع اہل نظر ان کا کلام جاں فزا
تھے درد دل کے چارہ گر اس پار سے اس پار تک
ہے ان کا اسلوب بیاں ارباب دانش پر عیاں
آئینہ نقد و نظر اس پار سے اس پار تک
تھے وہ رؤف امروہوی کے ایک سچے جانشیں
اک لائق و فائق پسر اس پار سے اس پار تک
وہ تھے شکاگو میں جہاں "بزم سخن" کی شان تھے
تھے آن لاین جلوہ گر اس پار سے اس پار تک
ان کے جلو میں ضوفشاں تھی ایک ادبی کہکشاں
روشن تھی جو مثل قمر اس پار سے اس پار تک
امروہہ کے جو نام کو روشن کرے چاروں طرف
کوئی نہیں ہے دیدہ ور اس پار سے اس پار تک
تھے اپنے حسن خلق سے سب کے دلوں پر حکمراں
خلد بریں ہے جن کا گھر اس پار سے اس پار تک
تھا سرحدوں سے ماورا ان کے سخن کا دایرہ
برقی کی ہے سب پر نظر اس پار سے اس پار تک
***
برقی اعظمی کی گذشتہ تخلیق :وہ بھول گیا مجھ سے برسوں کی شناسائی

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے