کنفیشن

کنفیشن

غضنفر

کبھی یہ بھی خواہش ابھرتی ہے مجھ میں
کہ میں اپنے”میں" کو نکا لوں
اسے آپ کے آئینے میں بھی ڈالوں
مگر میرے "میں" کی تو صورت بہت ہی بری ہے
خباثت کا انبار اس میں نہاں ہے
سراپے سے اس کے کراہت عیاں ہے
جبیں پر خطرناک سوچوں کے جنگل اگے ہیں
ارادوں کے وحشی درندے چھپے ہیں
نگاہوں سے حرص و ہوس جھانکتے ہیں
ہوس کے مناظر بھی ایسے کہ ذہن و جگر کانپتے ہیں
زنا ایسوں کے ساتھ سوچا گیا ہے
بدن جن کے جنسی بلوغت کو پہنچے نہیں ہیں
یا جو بلوغت کی ساری کشش کھو چکے ہیں
یا وہ جن سے نازک سا رشتہ جڑا ہے
مقدس سا رشتہ رہا ہے
مرے، میں، کی صورت بری ہے
کہ دنداں درندوں کی صورت
کسی سہمے سمٹے کنوارے بدن میں گڑے ہیں
کہ ماتم کدے میں بھی آنکھیں کسی جسم کی برجیوں پر ٹکی ہیں
کہ پہلو میں بیگم
مگر ذہن میں اور ہی کوئی چہرہ کھلا ہے
کہ پگلی بھکارن کے تن اور اندھے بھکاری کے کشکول پر بھی نظر ہے
بری ہے بری ہے
کہ دل میں اعزّا کی اموات کی خواہشیں بھی دبی ہیں
کئی بے گنہ گردنیں انگلیوں میں پھنسی ہیں
کہ لفظِ عیادت میں بیمار کی موت کی بھی دعا ہے
کہ احباب کی جیت پر دل دکھی ہے
کہ اولاد کی برتری سے چبھن ہے
کہ بھائی کے روشن جہاں سے جبیں پر شکن ہے
کہ من میں پڑوسی کی کھڑکی کھلی ہے
نظر چلمنوں کی کڑی پر لگی ہے
ہوس کے نشانے پہ اک اک لڑی ہے
خیالوں میں کیا کیا سماں گھومتا ہے
ہوس کیسے کیسے جہاں ڈھونڈتا ہے
کہ جو پالتا ہے اسی کی نفی ہے
کہ جو پوجتا ہے اسی سے دغا ہے
عجب اوبڑ کھابڑ سی "میں" کی زمیں ہے
کہ اس میں کہیں بھی توازن نہیں ہے
کسی بھی طرح کا تناسب نہیں ہے
جہاں حوصلہ چاہیے، بزدلی ہے
جہاں راستی کی ضروت، کجی ہے
جہاں چاہیے امن، غارت گری ہے
جہاں چاہیے قرب، واں فاصلہ ہے
جہاں فاصلہ چاہیے، پاس کا سلسلہ ہے
جہاں خامشی چاہیے، غلغلہ ہے
اگر میرے”میں" کی یہ صورت نظر آگئی
تو زمانہ مجھے کیا کہے گا
یہی سوچ کر اپنی ِاس آرزو کے بدن میں تبر گھونپ دیتا ہوں اکثر
مگر یہ تمنا کہ میں اپنے ” میں" کو نکالوں
مرے دل میں رہ رہ کر کیوں جاگتی ہے
سبب اس کا یہ تو نہیں ہے کہ میں اپنی مکروہ صورت دکھا کر زمانے کی آنکھوں میں خود کو بڑا دیکھنا چاہتا ہوں
یا یہ کہ مسلسل شرافت کے ناٹک سے تنگ آ چکا ہوں
یا پھر یہ کہ اب باہری شکل و صورت میں میری کشش کوئی باقی نہیں ہے
سبب آپ کو بھی نظر کوئی آئے
تو آئینے سے اپنے کہیے، مجھے بھی بتائے
حقیقت کا چہرہ مجھے بھی دکھاۓ
***
غضنفر کی نگارش بھی پڑھیں : افسانچہ اور مائیکرو فکشن/ مائکروف

شیئر کیجیے

One thought on “کنفیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے