وجہِ لولاک محمدؐ ہیں صدا ملتی ہے

وجہِ لولاک محمدؐ ہیں صدا ملتی ہے

محمد قسیم احمد رہبر گیاوی
پٹنہ (بہار) انڈیا

وجہِ لولاک محمدؐ ہیں صدا ملتی ہے
نورِ احمدؐ سے دوعالم کو ضیا ملتی ہے

چوم کر روضۂ اقدس کو ہے آئی شاید
آج اٹھلاتی ہوئی سب سے صبا ملتی ہے

کتنی خوش بخت ہے بستی وہ کھجوروں والی
آمدِ احمدِ مرسل کی صدا ملتی ہے

آؤ آؤ کہ حلیمہ کا گھرانہ دیکھو!
گوشے گوشے میں محمدؐ کی ضیا ملتی ہے

طور سے موسٰی نے پایا ہے کلامِ وحدت
عرش کو خاکِ محمدؐ سے جِلا ملتی ہے

آدم وشیث سے عیسٰی کی مسیحائی تک
سب کے پیکر میں چھپی جانِ ہذا ملتی ہے

فرض کے ساتھ ہی سنت بھی اداکرتے چلو
سنتِ حق میں چھپی راہِ خدا ملتی ہے

عیسٰی کہتے ہیں کہ اٹھ مرضی رب سے مردے
قم باذنی کی مدینہ سے ندا ملتی ہے

زورِ تعریف نہیں مجھ میں، مگر یہ سن لو!
ان کی سرکار میں ایماں کو بقا ملتی ہے

نعت کہناہے تو قرآن کو سمجھو رہبر!
بے تکی باتوں سے کب راہِ وفا ملتی ہے

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے