حجاب پہننا میرا فیصلہ ہے!

حجاب پہننا میرا فیصلہ ہے!

آبیناز جان علی
موریشس

ارشاد باری تعالیٰ ہے:
ترجمہ: ”اور اے نبی ﷺ مومن عورتوں سے کہہ دو کہ اپنی نظریں بچا کر رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں اور اپنا بناؤ سنگھار نہ دکھائیں بجز اس کے کہ جو ظاہر ہو جائے اور اپنے سینوں پر اپنی چادروں کے آنچل ڈالے رکھیں اور اپنی زینت ظاہر نہ کریں۔“
(النور ۱۳: ۴۲)
میں ایسے ماحول سے تعلق نہیں رکھتی جہاں حجاب پہننا خواتین کا معمول ہو۔ میں نے ازل سے ایک آزاد معاشرے میں سانس لی ہے۔ ٢٠١١ء میں میری زندگی نے ایک اہم موڑ لیا۔ اسی سال سے میں نے حجاب پہننا شروع کیا۔ اس سے ایک سال قبل میں نے قرآن شریف کا مکمل انگریزی ترجمہ پڑھا تھا۔ زندگی میں پہلی بار میں نے قرآنِ مجید میں اللہ تبارک وتعالیٰ کے پیغام کو سمجھا اور اللہ عزوجل کے دربار میں التجا کی کہ وہ میری زندگی کو الکتاب المبین کی روشنی سے منور کرے اور مجھے توفیق دے کہ میں قرآن مجید فرقانِ حمیدکے دکھائے ہوئے راستے پر چلوں۔
٢٠١١ء کے شروع میں میں نے پہلی بار یورپ کے لئے رختِ سفر باندھا تھا۔ لندن اور پیرس کی دل فریب دنیا نے مجھ میں بہتر زندگی تخلیق کرنے کی خواہش کو بیدار کیا۔ میرے دل میں مضبوط ذہن، جسمانی صحت اور روحانی تسکین پا نے کی تمنا جاگی۔
دراصل حجاب میرے اندرونی ایقان کی ترجمانی کرتا ہے۔ جو یقین میرے دل اور میری روح میں نقش ہے، حجاب کی بدولت اسی یقین کی نشان دہی میرے ظاہر سے بھی ہوتی ہے۔ قرانِ پاک میں بندوں کے لئے یہ فقرہ موجودہے کہ سمعنا و اطعنا۔ مومن وہ ہے جو سنتا ہے اور اطاعت کرتا ہے۔ اللہ رب العالمین کو خوش کرنے کی خواہش سے میرے دل کو سکون ملتا ہے، کیوں کہ میں اپنے خالق سے بہت محبت کرتی ہوں۔ حجاب پہننے کے بعدجب بھی میں گھر سے باہر نکلتی ہوں، میں اپنے رب کی رحمت کو اپنے ساتھ محسوس کرتی ہوں۔ اس بات سے حوصلہ ملتا ہے کہ میں قرآنی آیات کو سینے سے لگارہی ہوں۔ اس سے خوداعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے۔ میں پوری طرح مانتی ہوں کہ میرا یہ فیصلہ عین مناسب ہے۔ غیر مسلم ممالک میں اور بین الاقوامی میڈیا میں اکثر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ جو لڑکیاں حجاب پہنتی ہیں ان پر ظلم و تشدد کیا جاتا ہے۔ ان کا ماحول انہیں قید کرنے کی خواہش رکھتا ہے اور انہیں کوئی آزادی نہیں ملتی۔اسی لئے مجھے دیکھ کر کئی لوگوں کو ذہنی تصادم ہوا تھا۔ ان کے مطابق میں جدیددنیا کی لڑکی ہوں جو خود مختار ہے اور آزاد طریقے سے اپنی زندگی بسر کرتی ہے۔ ان کے لئے یہ ماننا قطعی ممکن نہیں تھا کہ حجاب پہننا میرا فیصلہ ہو سکتاہے۔
حجاب حیا کی نشانی ہے۔ قدیم زمانے سے اعلیٰ طبقے کی لڑکیاں اور معزز گھرانے کی خواتین کبھی ننگے سر نہیں گھومتی تھیں۔ آج بھی برطانیہ کی ملکہ ایلیزابیتھ دوم ٹوپی کے بغیر کم دکھائی دیتی ہیں۔ آپ نے گذشتہ پچاس سالوں میں پانچ ہزار مختلف ٹوپیاں پہنی ہیں۔ یہ ٹوپیاں صرف بطور آرائش نہیں پہنی گئی ہیں بلکہ ٹوپی ایک حکمراں کے ملبوسات کا اہم حصّہ ہے۔ یہ ان کے تاج کا متبادل ہے۔
حجاب پہننے سے پہلے بھی میں ملازمت کرتی تھی۔ میں نے جب حجاب پہننا شروع کیا تو مجھے اسٹاف روم میں اور رشتہ داروں کی دعوت کے دوران استفہامیہ نگاہوں سے دیکھا گیا۔ کسی نے یاد دلایا کہ حجاب پہننے کے اصول ہوتے ہیں۔ یہ نہیں کہ ایک بار پہنا پھر اتار دیا۔ کسی نے مجھے دیکھ کر غور کیا تھا کہ معلوم پڑتا ہے کہ سردی آرہی ہے۔ کسی نے دریافت کیا ’اب نیا انداز؟‘ کسی اور کے مطابق میں حجاب پہننے کے لئے ابھی جوان ہوں۔ میں نے جواب دیا کہ عنفوانِ شباب میں قدم رکھتے ہی حجاب لڑکیوں کے لئے لازمی ہوجاتا ہے۔ کسی کی نظروں میں صدمہ اور افسوس جھلک رہا تھا تو کسی نے رائے دیتے ہوئے بتا یا کہ ممکن ہے مجھے کوئی مل گیا ہے جو مجھ سے حجاب پہنے کا مطالبہ کررہا ہے۔ کسی بزرگ نانی نے تشویش پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب میں حجاب پہنتی ہوں میرے لئے لڑکا ملنا مشکل ہوجائے گا۔ کسی اور کے مطابق میں خود کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہوں۔ اسی طرح میں نے تقریباً سو اشخاص کے تجسس کا سامناکیا۔ ان میں رفیقِ کار، رشتہ دار، مسلم اور غیر مسلم بھی تھے۔ کبھی میں خاموش رہتی تو کبھی نظر انداز کرلیتی۔ جو قریبی لوگ تھے میں نے ان کو بتایا کہ یہ میرا فیصلہ ہے۔ مجھے کچھ حد تک دکھ ہوا کہ میرے فیصلہ کی عزت نہیں کی جارہی تھی۔ حجاب کے متعلق چند لوگوں کا خیال ہے کہ لڑکیاں گھر میں بھی سر پر دوپٹہ اوڑھتی ہیں۔ بعض دفعہ یہ بھی ہوا کہ غور وخوض کے بعد چند افراد احتجاج کرنے لگے کہ مسلمان مرد آزادانہ گھومتے ہیں اور ان پر ظاہراً ایسی کوئی پابندی نہیں۔ دراصل میرا ماحول مجھے ایک وسیع الذہن لڑکی مانتا تھا اور میرے حجاب کا فیصلہ ان کے لئے بعید از قیاس تھا۔ کسی کے بارے میں رائے بدلنے سے ذہنی تکلیف توہوتی ہی ہے۔
پھر بھی سرکاری طور پرمجھ پر کسی طرح کا دباؤ یا پابندی نہیں لگائی گئی۔ موریشس کثیرالمذاہب ملک ہے اور یہاں تمام مذاہب کا احترام کیا جاتا ہے۔ اس لئے کام میں کبھی کوئی دشواری پیش نہیں آئی۔ البتہ ایک بارمجھے ایک ذاتی محفلِ غزل سرائی کی نظامت کے لئے کہاگیا۔ کچھ وقت کے بعدمجھ سے فون پر پوچھا گیا کہ کیا میں حجاب پہنتی ہوں اور یہ بھی پوچھا کہ کیا میں ہر وقت پہنتی ہوں؟ جواب ملنے پر مجھ سے کہا گیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ میرے حجاب پہننے سے ان کے پروگرام کاکوئی مذہبی عنصرنکل کر سامنے آئے۔ چنانچہ میری جگہ کسی اور کو لیا گیا۔ اس واقعہ سے دل کو تکلیف تو ضرور ہوئی لیکن خود کو یاد دلایا کہ خدا کا راستہ آسان نہیں۔ اس بات پر خود کو آفرین کہا کہ میں نے اپنے حجاب کا سودا نہیں کیا۔
اس کے علاوہ حجاب کی وجہ سے لوگ مجھے زیادہ ادب و احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ میں نے جب یورپ کا دوبارہ سفر کیاتو لندن میں سیکیورٹی چیک کے دوران صرف مشین سے جسم کی جانچ ہوئی اور سکیورٹی والی خاتون نے مجھے ہاتھ لگانا مناسب نہیں سمجھا۔ جرمنی میں صرف میرے سر پر سرسری ہاتھ رکھا گیا۔ اس عزت و احترام سے اس وقت میرے دل کو نہایت خوشی ہوئی تھی۔
حجاب غلط لوگوں کی نظروں سے حفاظت کرتاہے۔ میرے ماحول میں بہت سارے غیر محرم مرد مجھ سے خود بخود دوری اختیار کرنے لگے۔ اس کے علاوہ میں جب بھی بیرونِ ملک کا سفر کرتی ہوں مجھے کوئی نہ کوئی اللہ کا بندہ مل ہی جاتا ہے جوفقط اپنے رب کی محبت کی خاطر مجھ پر عنایتیں برساتا ہے۔ ترکی میں ایک دکان دار نے مجھے دیکھ کر چائے کے پیسے لینے سے صاف انکار کیا اورچاکلیٹ کا دو ڈبہ بھی دے دیا۔ ڈنمارک میں طعام خانے کے مالک نے مجھے پانی کی ایک بوتل مفت میں پیش کی۔ جرمنی میں طعام خانے کا مالک مجھے ہر بار کچھ نہ کچھ دے دیتا۔۔۔کبھی چائے، کبھی پھل تو کبھی مٹھائی۔ یہ خدا کی رحمت نہیں تو اور کیا ہے؟
میری ملازمت کے باعث میں ایک ایسے میدان میں ہوں جس کو مسلم قوم سے منسلک کیا جاتا ہے۔ اردو زبان پڑھاتے پڑھاتے اور ریڈیو پر مذہبی پروگرام کی نظامت کرتے کرتے میں کافی حد تک موریشس کی مسلم خواتین کی نمائندگی کررہی ہوں۔
اب موریشس میں خدا کے فضل سے حجاب زیب تن کرنے والیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور لوگوں کو یہ بات اب معمول کے مطابق لگتی ہے۔ جہاں تک میرا سوال ہے میں نے خود کو ایک دائرے کے اندر رکھا ہے۔ یہ نظم و ضبط اب میری زندگی کے دوسرے شعبوں میں منعکس ہے اور اللہ پاک کے فضل و کرم سے میری زندگی منظم طریقے سے گزر رہی ہے۔ جسم کا پردہ آنکھوں اور دل کے پردے کی آبیاری کرتا ہے۔ میں یہ بات پورے وثوق سے کہہ سکتی ہوں کہ میں نے حجاب پہننے کا صحیح فیصلہ لیا اور میں صحیح راستے پر گام زن ہوں۔ یہ احساس طاقت کی آبیاری کرتاہے۔ ہم جب خدا پاک کی راہ میں قربانیاں دیتے ہیں تو ربِ کریم مزید بخششیں عطا فرماتا ہے۔ یہ میرا اپنے رب پر ایمان ہے کہ جب سے میں نے حجاب پہننا شروع کیا کامیابی میرے قدم چومتی گئی۔ اللہ پاک سے یہی دعا ہے کہ آخری سانس تک میرے سر پر حجاب قائم رہے۔ آمین۔



شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے