بزمِ صدف انٹر نیشنل کی ساہتیہ اکادمی انعام یافتہ ادیب کے لیے تہنیتی پراگرام

بزمِ صدف انٹر نیشنل کی ساہتیہ اکادمی انعام یافتہ ادیب کے لیے تہنیتی پراگرام

ممتاز ظرافت نگار، محقق اور ماہرِ ادبِ اطفال کی خدمات پر یک روزہ سے می نار اتوار کو
ملک اور صوبے کے ممتاز صاحبانِ قلم کی شرکت۔ چیف سیکریٹری جناب عامر سبحانی افتتاح کریں گے
پٹنہ(18/نومبر): بہار میں ظرافت، تحقیق اور بچوں کے ادب کے حوالے سے ظفر کمالی کی ادبی و علمی اہمیت واضح ہے۔ گذشتہ دنوں جب ساہتیہ اکادمی نے ادبِ اطفال کے لیے اُنھیں اپنا ایوارڈ پیش کیا تو بزمِ صدف انٹر نیشنل نے یہ طے کیا تھا کہ اُن کی ادبی خدمات کے حوالے سے ایک بھر پور سے می نار منعقد کیا جائے گا۔ خدا کا شکر ہے کہ آیندہ اتوار بہ روز 20 نومبر 2022ء کو دس بجے دن سے بہار اردو اکادمی کے سے می نار ہال میں یہ تقریب منعد ہونے جارہی ہے، جس کا افتتاح بہار کے موجودہ چیف سکریٹری جناب عامر سبحانی فرمائیں گے۔ یک روزہ سے می نار کا کلیدی خطبہ داکٹر امتیاز وحید، صدر شعبۂ اردو، کلکتہ یونی ورسٹی، کولکاتا پیش کریں گے جس میں ظفر کمالی کی کثیر الجہات شخصیت اور علمی کمالات پر سیر حاصل گفتگو کی توقع ہے۔ پروگرام میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے روزنامہ قومی تنظیم کے مدیرِ اعلا جناب سیّد محمد اشرف فرید خطاب فرمائیں گے اور ویر کنور سنگ یونی ورسٹی کے سابق صدر شعبۂ اردو اور خانقاہِ شاہ ارزاں کے سجادہ نشیں پروفیسر سیّد شاہ حسین احمد پروگرام کی صدارت فرمائیں گے۔ ممتاز فکشن نگار داکٹر سنتوش دیکشت اور معروف محقق پروفیسر کرمیندو ششر مہمانِ اعزازی کے طور پر محفل کے حصّہ ہوں گے۔ افتتاحی جلسے میں مہمانوں کا استقبال بزمِ صدف کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری کریں گے اور رسالہ بھاشا سنگ، اردو ڈائرکٹوریٹ کی نائب مدیرہ ڈاکٹر افشاں بانو نظامت کے فرائض انجام دیں گی۔ اِس یک روزہ سے می نار میں ڈاکٹر ظفر کمالی بہ نفسِ نفیس موجود ہوں گے اور اپنے شایقین سے دو بہ دو خطاب کے لیے موجود ہوں گے۔
ظفر کمالی کی ادبی خدمات کے حوالے سے منعقدہ اِس سے می نار میں افتتاحی جلسے کے بعد دو تکنیکی اجلاس رکھے گئے ہیں۔ پہلے اجلاس کا عنوان ’شخصیت، ادبِ اطفال اور رباعی گوئی‘ اِس موقعے سے صوبۂ بہار کے مختلف اضلع سے بارہ نقّاد اور محققین کے مقالہ جات پیش کیے جائیں گے۔ پہلے جلسے کی صدارت ممتاز عالمِ دین اور ادیب مفتی محمد ثناءالہدیٰ قاسمی اور معروف افسانہ نگار جناب مشتاق احمد نوری مشترکہ طور پر کریں گے. اِس جلسے میں ڈاکٹر اظہار خضر، جناب اسفر فریدی، ڈاکٹر ظفر امام قادری، ڈاکٹر امتیاز سرمد، ڈاکٹر انوار الحسن، ڈاکٹر منی بھوشن کمار، جناب جاوید اقبال، داکٹر تسلیم عارف، ڈاکٹر صالحہ صدیقی، محترمہ شگفتہ ناز، محترمہ نازیہ تبسّم، جناب محمد شوکت علی، جناب محمد مرجان علی؛ اپنے تحقیقی و تنقیدی مقالات پیش کریں گے۔
تقریب کا دوسرا اجلاس ظفر کمالی کی تنقید و تحقیق اور ظرافت نگاری کے اعتراف و احتساب کے لیے متعین ہے۔ اِس جلسے کی مجلسِ صدارت میں ڈاکٹر اظہار خضر اور ڈاکٹر ظفر امام قادری شامل رہیں گے۔ گیارہ مقالاں خواں حضرات میں جناب مشتاق احمد نوری، مفتی محمد ثناءالہدیٰ قاسمی، ڈاکٹر ظفر امام قادری، ڈاکٹر ریحان غنی، ڈاکٹر محمد ذاکر حسین، ڈاکٹر عطا عابدی، مفتی محمد ولی اللہ قادری، ڈاکٹر افشاں بانو، جناب رہبر مصباحی، جناب عبد الوہاب قاسمی، جناب محمد عارف اقبال، محترمہ شازیہ حسن؛ کی شرکت سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ ظفر کمالی کی ادبی خدمات کے بارے میں تفصیل کے ساتھ گفتگو ممکن ہو سکے گی۔ منظوم تاثّرات کے لیے جناب ظفر صدیقی، جناب شاہد اختر، جناب شکیل سہسرامی، جناب زاہد سیوانی اور ڈاکٹر التفات امجدی افتتاحی اجلاس میں موجود ہوں گے۔ مفتی محمد ثناءالہدیٰ قاسمی اور جناب صابر رضا رہبر مصباحی کی تازہ کتابوں کا اجرا بھی اِس موقعے سے عمل میں آئے گا۔
بزمِ صدف کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر پروگرام کے دعوت ناموں کی تقسیم عمل میں آئی ہے مگر عین ممکن ہے کہ کسی شائقِ اردو تک یہ دعوت نامہ پہنچنے سے رہ گیا ہو، ایسی صورتِ حال میں بزمِ صدف نے اردو کے لاکھوں شائقین سے معذرت کی ہے اور اُن سے گزارش کی ہے کہ اِس اخبار [ویب پورٹل] کی خبر کو ہی دعوت نامہ تصوّرکرتے ہوئے 20 /نومبر(اتوار) کو دس بجے دن میں بہار اردو اکادمی کے ہال میں تشریف لائیں اور اردو کے ایک ایسے سچے خادم اور کثیر الجہات تخلیق کار ڈاکٹر ظفر کمالی کی خدمات کے اعتراف کے تاریخی موقعے پر شریک ہوں۔
صفدر امام قادری
ڈائرکٹر، بزمِ صدف انٹر نیشنل
***
آپ یہ بھی پڑھ سکتے ہیں :بزمِ صدف کا قومی سے می نار ٢١/اگست کو بہار اردو اکادمی، پٹنہ میں

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے