عید کا چاند

عید کا چاند

خطاب عالم شاذ 
 (معلم: شمس اردو پرائمری اسکول، جگتدل) رابطہ نمبر: 8777536722

سبھی بچّو آؤ نظر کو اٹھاؤ
دِکھے آسماں میں قمر تو بتاؤ
نمودار ہو گا نیا چاند دیکھو
فلک پر ابھی عید کا چاند دیکھو

وہ دیکھو حسیں چاند اب دِکھ رہا ہے
وداع ماہِ رمضان کو کہہ رہا ہے
یہ اعلان کر دو کہ کل عید ہوگی
رہو شاد بچّو کہ کل عید ہوگی

نئے کپڑے کل زیب تن ہم کریں گے
سلام و دعا سب سے کرتے رہیں گے
گلے مل کے رنجش مٹائیں گے بچّو
اُخوت کی محفل سجائیں گے بچّو

یہ ہے عید کا دن تو عیدی ملے گی
ہے یومِ خوشی ہر خوشی بھی ملے گی
کھلونے خریدو گے میلے میں جا کر
پسندیدہ چیزیں بھی کھاؤ وہاں پر

مگر یاد رکھنا ریاضت ہے روزہ
ہے فرمانِ اللہ عبادت ہے روزہ
ملا ہے یہ تحفہ رسالت کے صدقے
خوشی عید کی اِس عبادت کے صدقے

بڑے ہوگے جب تم بھی روزے رہو گے
خدا کے لیے بھوکے پیاسے رہو گے
جزا اس کی اللہ سے پاؤ گے بچّو
حقیقی خوشی تب مناؤ گے بچّو
***
صاحب نظم کی گذشتہ نگارش: جواں عزم کا شاعر و ادیب: علی شاہدؔ دلکش

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے