عورت

عورت

(خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک نظم)

سید عارف معین بلے

رفعتیں جس پہ مٹیں کتنی حسیں عورت ہے
آسماں مرد اگر ہے تو زمیں عورت ہے

رنگ تخلیق کیے، دنیا کو خوش بو بخشی
سچ اگر پوچھو تو یہ دھرتی نہیں، عورت ہے

نسلِ آدم کو بقا بخشی انہی دونوں نے
وجہِ تخلیق کہیں دھرتی، کہیں عورت ہے

اس نے جنت سے نکالا تھا ہمیں لیکن آج
گھر وہ جنت ہے اگر گھر میں مکیں عورت ہے

اس کے قدموں تلے رکھ دی ہے خدا نے جنت
مرحبا آفریں جنت کی امیں عورت ہے

آبرو پورے پریوار کی، ہر بھائی کا مان
گھر کی ملکہ بھی یہی تخت نشیں عورت ہے

اس کو ہر روپ میں بخشی ہے بلندی رب نے
فہم و ادراک سے بالا و بریں عورت ہے

جنسِ بازار نہیں ہے کہ خریدو ، بیچو
احترام اس کا ہے جو پردہ نشیں عورت ہے

چاندنی میرے بھی آنگن میں بچھی جاتی ہے
میرے گھر میں بھی تو اک ماہ جبیں عورت ہے

دیکھ لو پلکوں کے گھونگھٹ میں حیا دلہن کی
پھر یہ بتلاؤ کہیں ایسی حسیں عورت ہے

اس کی مسکان کو ہم دیکھ کے جی اٹھتے ہیں
پھول پت جھڑ میں کھلادے، وہ زمیں عورت ہے

اس کےقدموں میں ہی جنت ہے سبھی نبیوں کی
مان لو فرش پہ یہ عرش بریں عورت ہے

پارسائی بھی تو ثابت ہے کنواری ماں کی
سوچو اس دنیامیں مریم سی کہیں عورت ہے

اس کی آغوش میں تہذیبوں نے آنکھیں کھولیں
مادرِ شہنشہِ دنیا و دیں عورت ہے
***
سید عارف معین بلے کی گذشتہ تخلیق :تَصوّف کیا ہے؟

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے