ہیں گرو نانک کی عظمت کے نشاں سب پر عیاں

ہیں گرو نانک کی عظمت کے نشاں سب پر عیاں

سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کو منظوم خراج عقیدت
ٖ
ڈاکٹر احمد علی برقیؔ اعظمی

ہیں گرو نانک کی عظمت کے نشاں سب پر عیاں
مٹ نہیں سکتے کبھی جن کے نقوشِ جاوداں
تھے وہ سکھ مذہب کے بانی اور پہلے پیشوا
ہیں نہایت روح پرور اُن کی سب گروبانیاں
اُن کے پنجابی کے اک استاد تھے سید حسن
درس میں جن کے مِلاتے تھے وہ اُن کی ہاں میں ہاں
اُن کی تعلیمات کا ان پر ہوا اتنا اثر
اُن کے ہی زیر اثر لکھنے لگے گروبانیاں
ان کے تھے مرشد تصوف میں وہی بابا فرید
جن کے ارشادات گربانی میں ہیں وردِ زباں
ان کی تعلیمات سے سب ہو رہے ہیں مستفید
جن کا ہر اک لفظ ہے وحدانیت کا ترجماں
گرنتھ صاحب میں ہیں ان کے نو سو چوہتر بھجن
ہیں بہت مقبول جو سارے سکھوں کے درمیاں
”جپجی صاحب“ اور ”اسادی وار“ وہ نظمیں ہیں جو
ماننے والوں کے ہیں ان کے دلوں پر حکمراں
اُن کا گروگرنتھ صاحب گُرمُکھی میں وہ کتاب
ہے جہاں میں جو گرونانک کی عظمت کا نشاں
اُن کی تعلیمات کا مظہر ہے ان کا قول و فعل
اتحاد باہمی کا درس ہے جس سے عیاں
اُن کے چولے پر لکھی ہیں عربی کی آیات جو
ہیں نمایاں اُن سے ان کی زندگی کی جھلکیاں
غو ث الاعظم کے تھے روضے پر کئی دن تک مقیم
اس سفر میں اپنے دی بغداد میں جاکر اذاں
ایک مدت تک رہے مکے، مدینے میں مقیم
اِس سفر کا ان کے ہے تاریخ میں واضح بیاں
لوگ ساتھ آتے گئے اور کارواں بنتا گیا
تھے وہ روحانی سفر کے اپنے میر کارواں
ان کی عملی زندگی کا تھا یہی واحد مشن
بھول جائیں لوگ اپنی باہمی سب تلخیاں
کاش اُن کے ماننے والے سمجھ جائیں یہ بات
تھے گرونانک سبھی لوگوں پہ یکساں مہرباں
جو بھی برقیؔ نے لکھا اُس کا ہے تاریخی ثبوت
یہ حقیقت ہے نہیں کوئی خیالی داستاں
برقی اعظمی کی یہ تخلیق بھی ملاحظہ فرمائیں :شبلی نعمانی تھے فخر روزگار

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے