جاوید اختر بھارتی
نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت عالم اسلام اور عالم انسانیت کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے، انعام ہے، اور اللہ کا احسان عظیم ہے.. اس لیے ہمیں جشن میلاد النبی منانے کے ساتھ ہی میلادالنبی کے مقاصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور میلاد النبی کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے میں ہر خاص و عام تک پہنچا نے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے سب سے پہلے خود عمل کرنا ہوگا-
قرآن مذہب اسلام کا آئین ہے:
دنیا آج بھی بھٹک رہی ہے اور ہم بھی بھٹک رہے ہیں، دنیا بھٹکے یہ بات سمجھ میں آتی ہے مگر ہم کیوں بھٹک رہے ہیں، جب کہ رسول کائنات پر نازل ہوئی روشن کتاب آج بھی موجود ہے، جس میں دنیا کے وجود سے لے کر دنیا کے فنا ہونے تک کا ذکر ہے اور قرآن ہی مذہب اسلام کا دستور ہے اور آئین ہے اور قرآن کے نازل ہونے کے بعد ساری آسمانی کتابوں کے بارے میں اعلان کردیا گیا کہ وہ برحق تو ہیں اور برحق ماننا بھی ہے مگر عمل درآمد قرآن کے اصول و ضوابط پر ہی ہو گا. یعنی قرآن آجانے کے بعد ساری کتابوں پر عمل درآمد منسوخ کردیاگیا ہے، قرآن ہی اسلام کا نظریہ ہے، اسلام کا دستور ہے، مکمل ضابطۂ حیات ہے اور قرآن ایسی کتاب ہے جس میں رائی کے دانے کے برابر بھی شک کی گنجائش نہیں ہے. اور قرآن کی حفاظت کی ذمہ داری بھی خود اللہ تعالیٰ نے لے رکھی ہے اور قرآن کے نزول اور تحفظ سے متعلق آیت بھی قرآن میں ہی موجود ہے، جو ایک چیلنج ہے ان لوگوں کے لیے جو لوگ قرآن پر انگلی اٹھاتے ہیں.
سیرۃ النبی کما حقہ بیان ہی نہیں کیا جاسکتا کیونکہ آخری پیغمبر کا مقام و مرتبہ اللہ ہی بہتر جانتا ہے اور اللہ کے رسول جانتے ہیں. ان کے احکامات سے منہ موڑنا وجہ بربادی ہے، دونوں جہاں میں ذلت و رسوائی ہے اور ہمیں اگر ذلت و رسوائی سے بچنا ہے تو نبی پاک کی سیرت طیبہ پر عمل کرنا ہوگا اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے.
اولاد کی پرورش:
اولاد کی پرورش اور تعلیم و تربیت میں پاکیزگی لائیں تاکہ ہوش سنبھالتے ہی اسے احساس رہے کہ میں مسلمان ہوں، اور جب مسلمان ہوں تو مجھے اللہ و رسول کے احکامات پر عمل کرنا ہے مسجدوں میں جانا ہے اور نمازوں کی پابندی کرنا ہے، کسی کا دل نہیں دکھانا ہے، کسی کا مذاق نہیں اڑانا ہے، خیانت کی راہ پر لگنے والا مشورہ نہیں دینا ہے، ڈنکے کی چوٹ پر اعلان کرنا ہے کہ سیرت رسول عالم اسلام اور عالم انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ذریعہ نجات ہے. نبی پاک کا ہم امتیوں پر اتنا احسان ہے کہ ہم پوری زندگی ذکر و اذکار کرتے رہیں تو بھی احسان کا بدلہ نہیں چکا سکتے، مگر ہاں ہم اپنا بگڑا مقدر ضرور سنوار سکتے ہیں.
نبی پاک کا اخلاق کریمانہ:
نبی آخرالزماں کا اخلاق و کردار اس قدر بلند تھا کہ آپ غیروں کو بھی مصیبت میں دیکھتے تو بے چین ہوجاتے اور اس کی مدد فرماتے. آپ ﷺ پچیس سال کے اور حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا چالیس سال کی، آپ ﷺ کنوارے اور حضرت خدیجہ دو دو شوہر سے بیوہ، پھر بھی حضرت خدیجہ سے عقد نکاح فرمایا. پوری دنیا کے لیے آج بھی یہ سبق آموز ہے. آزادی نسواں کا نعرہ لگانے والو ہوش میں آؤ. ہوائی جہاز میں خواتین کو تعینات کرکے سینہ پھلاتے ہو مگر یہ بھول رہے ہو کہ تم نے اس وقت جہاز میں خواتین کو جگہ دی جب وہ جوان تھی، کیا کبھی کسی ایسی خاتون کو تعینات کیا جب اس کے چہروں پر جھریاں پڑ گئی ہوں اور وہ بوڑھی ہو چکی ہو؟ نبی سرور کونین صحابہ کرام کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں، ایک یہودی کی میت کو لے جاتے ہوئے دیکھا تو کھڑے ہوگئے، صحابہ کرام نے کہا کہ یارسول اللہ وہ تو یہودی کی میت ہے پھر بھی آپ کھڑے ہوگئے تو فرمایا محسن انسانیت نے کہ ہاں وہ یہودی ہے لیکن ہے تو انسان، ایک انسان کی جاتی ہوئی میت کو دیکھ کر میں کھڑا ہوا تاکہ دنیا جانے کہ انسانیت بہت بڑی چیز ہے.
اور آج ہمارا حال یہ ہے کہ ہم اپنے بھائیوں کی پریشانیاں دیکھ کر خوش ہوتے ہیں، بغض و کینہ ہمارے اندر اتنا زیادہ ہے کہ ہمارا معاشرہ تباہ ہوتا جارہا ہے. کتنے افسوس کی بات ہے کہ جو قوم عریانیت کی مخالف تھی، زنا کے قریب نہیں جاتی تھی آج وہی قوم عریانیت کی چادر اوڑھنے لگی، مسلم خواتین بازاروں کی رونق بننے لگیں اور مسلم نوجوان کا یہ حال ہے کہ لڑکیوں کو زناکاری کی نظروں سے دیکھنا فخر سمجھنے لگا. یاد رکھیں بارہ ربیع الاول نبی آخرالزماں کی ولادت کا دن ہے تو یہ برائی کو جڑ سے اکھاڑنے کا عہد کرنے کا بھی دن ہے، بے سہاروں کو سہارا دینے کا بھی دن ہے، پیار محبت عام کرنے کا بھی دن ہے، یتیموں سے بے پناہ محبت کرنے کا بھی دن ہے، بڑوں کا ادب اور چھوٹوں پر شفقت کرنے کا بھی دن ہے، مساجد کو سجدوں سے آباد کرنے کا عہد کرنے کا دن ہے. یہی میلادالنبی کا پیغام ہے اور اس پیغام کو عام کریں خود عمل کریں اور دوسروں کو عمل کرنے کی دعوت دیں. ہمیں اس بات کو بھی ذہن میں رکھنا چاہیے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے نہ صرف انسانوں بلکہ حیوانات کے ساتھ بھی زیادتی کرنے سے منع فرمایا ہے. نبی پاک کے اخلاق کریمانہ کی برکت ہی ہے کہ بہت ہی کم عرصے میں پوری دنیا میں اسلام کا شامیانہ تن گیا اور لوگ جوق در جوق اسلام کے شامیانے میں داخل ہونے لگے- آج بچے، بوڑھے اور جوان سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیرت نبوی اور احادیث نبوی کا مطالعہ کریں تب معلوم ہوگا کہ سیرت نبوی ہی مسلمانوں کے لیے اور پوری انسانیت کے لیے آئیڈیل اور ماڈل ہے اور یہی کامیابی کی ضامن ہے –
javedbharti508@gmail.com
Javed Akhtar Bharti
( نائب صدر اشرفیہ لائبریری) محمدآباد گوہنہ ضلع مئو یو پی
رابطہ: 8299579972
صاحب تحریر کی گذشتہ نگارش:مرحبا آمد مصطفیٰ جان رحمت صلی اللہ علیہ وسلم!
سیرتِ رسول اور عالم انسانیت
شیئر کیجیے