‘مصروف` اور دیگر افسانچے

‘مصروف` اور دیگر افسانچے

ایس معشوق احمد

1.مصروف 
رات سے ماجد کی کمر میں شدید درد تھا۔اس نے صبح سویرے اسپتال کا رخ کیا۔ٹکٹ کاونٹر پر ایک گھنٹہ انتظار کرنے کے بعد اس کی باری آئی۔انتظار کرنے اور لمبی قطار میں کھڑے رہنے کے سبب اس کا آدھا درد جاتا رہا ۔ ٹکٹ پر کمرہ نمبر 9 لکھا تھا۔وہ کمرہ نمبر 9 کی جانب روانہ ہوا۔وہ حیران ہوا جب اس نے یہ دیکھا کہ ٹکٹ کاونٹر سے زیادہ بھیڑ انتظار گاہ میں ہے۔اسے لگا جیسے ساری مخلوق بیمار ہوکر انتظار گاہ میں جمع ہوکر اپنا علاج کرانے آئی ہے۔ستم تو یہ ہے کہ تمام بیمار ڈاکٹر صاحب کا انتظار کر رہے تھے لیکن ڈاکٹر صاحب مریضوں کو اسپتال کے بجائے اپنے کلینک میں دیکھنے میں مصروف تھے۔

2.بولی

سیلم زار و قطار رو رہا تھا۔ اس نے پہلے بھی نوکری حاصل کرنے کے لیے سو درخواستیں دی تھیں لیکن اب کی بار ناکام ہونا ناممکن تھا۔اس نے محنت کے ساتھ ساتھ ایک اعلی آفیسر سے پانچ لاکھ میں سودا طے کیا تھا۔اپنی زمین جائیداد بیچ کر اس نے پانچ لاکھ کا انتظام کرکے اس اعلی آفیسر کے حوالے کئے تھے۔ لسٹ منظر عام پر آئی۔اس نے اپنا نام ڈھونڈنے کی تین چار بار ناکام کوشش کی لیکن اس کا نام لسٹ میں نہیں تھا۔اعلی آفیسر کی رہائش پر پہنچ کر اسے معلوم ہوا کہ اعجاز نے سات لاکھ دے کر لسٹ میں اپنا نام شامل کرایا تھا۔

3.بے بسی

چار مہینے ہوئے ہماری برائے نام کی شادی کو۔ نہ مجھے تم تب پسند تھے اور نہ آج ہی پسند ہو۔میرے گھر والوں نے زبردستی میرا رشتہ تم سے کیا تھا۔جب سے تم میری زندگی میں آئے ہو، میری زندگی جہنم سے بد تر ہوگئی ہے۔مجھے تم سے پیار تھا ہی نہیں۔مجھے سجاد سے پیار تھا، ہے اور رہے گا۔صائمہ یہ الفاظ کے تھپیڑے اپنے نام نہاد شوہر کو مار رہی تھی۔ روز روز یہ سب کچھ سننے کے بعد امجد نہایت عجیب اذیت سے دوچار ہوتا رہا۔شادی کی پہلی ہی رات صائمہ نے امجد کو اپنی بیتی زندگی کے بارے میں بتایا اور ساتھ ہی یہ اشارہ بھی دیا کہ اس کے دل کے مندر میں کسی اور کی مورت رکھی ہوئی ہے۔یہ سن کر جس درد و کرب سے وہ گزرا، وہی جانتا ہے۔وہ اپنا سب کچھ صرف اسی کو سمجھ بیٹھا تھا ۔اس کو دیکھ کر یہی لگتا تھا کہ صرف عورتیں ہی مظلوم نہیں ہوتیں بعض مرد بھی لاچار اور بے بس ہوتے ہیں.
ایس معشوق احمد کی یہ نگارش بھی ملاحظہ فرمائیں : امداد کے عوض

شیئر کیجیے

One thought on “‘مصروف` اور دیگر افسانچے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے