اردو کارواں جلد ہی بہار بھر کے اضلاع کی کمیٹیاں تشکیل دے کر عوامی بیداری کا کام کرے گا

اردو کارواں جلد ہی بہار بھر کے اضلاع کی کمیٹیاں تشکیل دے کر عوامی بیداری کا کام کرے گا

پریس اعلانیہ
نیا دستور العمل اور اضلاع کی کمیٹیوں کے لیے اردو کارواں کی سب کمیٹیاں بنائی گئیں۔ جلد ہی دستور العمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔

پٹنہ۔ ۸فروری ۔ اردو کارواں کو بہار کے دور دراز کے علاقوں تک کی اردو داں آبادی سے اور ان کے مسائل سے جوڑ کر ایک تحریکی شکل دی جائے گی۔ نوجوانوں پر مشتمل اردو دستہ کی شاخیں اضلاع کے ساتھ سب ڈویزن اور بلاک سطح پر بھی بنانے کی کوششیں ہوں گی تاکہ آنے والے وقت میں اردو داں افراد کی حق تلفی کا سدِ باب ڈھونڈا جاسکے۔ اردو کارواں کی امارتِ شرعیہ واقع دفتر میں تنظیم کے نائب صدر ڈاکٹر صفدر امام قادری کی صدارت میں ایک ہنگامی نشست ہوئی جس میں اراکین نے مذکورہ باتیں کہیں۔
مورخہ ۶ فروری کی اردو کارواں کے سرپرست امیرِ شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی صدارت میں ہوئی آن لائن میٹنگ کے سلسلے سے ایکشن رپورٹ پیش کرتے ہوئے پروفیسر صفدر امام قادری نے بتایا کہ فوری طور پر ایک ایسے کتابچے کو ترتیب دیا جارہا ہے جس میں صوبائی کمیٹی کے تمام افراد کے نام اور پتے شامل ہوں گے۔ گذشتہ ایک برس کے دوران اردو کارواں کی جو پیش رفت ہوئی ہے، اس سلسلے سے بھی ایک مبسوط رپورٹ اس میں شامل کی جائے گی۔ اردو کارواں اور اردو دستہ کے دستور العمل اور دائرۂ کار کے بارے میں بھی اس کتابچے میں مختصر معلومات فراہم کی جائے گی۔ اس کتابچے کے ذریعہ مرکزی کمیٹی سے ضلع اور بلاک سطح پر اردو عوام کے بیچ رابطہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اردو کارواں کے سکریٹری ڈاکٹر انوار الہدیٰ صاحب نے بتایا کہ پندرہ اضلاع سے اردو دستہ کے اراکین کی تفصیل آچکی ہے۔ انھیں نشست میں مجاز کیا گیا کہ وہ باقی ماندہ اضلاع کے ارکان سے بات کرکے دس دنوں کے اندر اردو دستہ کی کمیٹیوں کی مکمل طور پر تشکیل کرکے آیندہ نشست میں اس کی فہرست منظوری کے لیے پیش کریں۔ امارتِ شرعیہ کے قائم مقام ناظم جناب مولانا شبلی القاسمی نے گذشتہ آن لائن میٹنگ کے فیصلے کے مطابق یہ بتایا کہ اردو کارواں کے دفتر کے لیے ایک کل وقتی کارکن امارتِ شرعیہ کی طرف سے مہیا کیا جارہا ہے۔ اسی کے ساتھ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ جن تین اضلاع کے نمایندگان اردو کارواں کا حصہ نہیں بن سکے ہیں، وہاں وہ صلاح و مشورے کے بعد ارکان کو نامزد کرانے کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے دستور العمل کے ڈرافٹ کی ذمہ داری پروفیسر صفدر امام قادری کو تفویض کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرافٹ پر مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی ، ڈاکٹر انوار الہدیٰ اور جناب مشتاق احمد نوری سے حسبِ ضرورت صلاح لے کر اسے حتمی شکل دی جائے۔
نائب صدر، اردو کارواں مفتی ثناءالہدیٰ قاسمی نے جلد از جلد دستور العمل اور اطلاعاتی کتابچہ کے تیار کرلیے جانے کا مشورہ دیا۔ اردو کارواں کے نائب صدر جناب مشتاق احمد نوری نے اردو کارواں کے لیے یہ حکمتِ عملی تجویز کی کہ ہمیں مرحلہ وار طریقے سے کام کرنا چاہیے۔ جیسے ہی اضلاع کی کمیٹیاں مکمل ہوجائیں، کمشنری کی سطح پر اردو کارواں کی ایک اردو بیداری کانفرنس ہو جس میں مرکزی کمیٹی کے افراد اور امارت شرعیہ کے عہدے دار بھی شرکت کریں جس سے عوام و خواص میں اردو کارواں کا حقیقی پیغام کامیابی کے ساتھ پہنچایا جاسکے گا۔ نشست کا آغاز مولانا شمیم اکرم رحمانی کی تلاوت سے ہوا ۔ دو ہفتے کے بعد دستور العمل اور تمام ضلعی کمیٹیوں کے ناموں کی توثیق کے لیے اردو کارواں کے عہدے داروں کی نشست بلائی جائے گی۔ آخر میں مفتی ثناءالہدیٰ قاسمی کے شکریے کے ساتھ یہ نشست انجام کو پہنچی۔
صفدر امام قادری
نائب صدر، اردو کارواں
***
آپ یہ بھی پڑھ سکتے ہیں :اردو کے لیے عملی اقدام

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے