میرج بیورو کے ذریعہ کرائی گئی شادیاں کتنی کامیاب؟

میرج بیورو کے ذریعہ کرائی گئی شادیاں کتنی کامیاب؟

حافظ محمد ہا شم قادری مصباحی جمشید پور
موبائل:9386379632

رب تعالیٰ نے ساری مخلوق کو پیدا فرمایا اور سبھی مخلوق کا جوڑا بھی بنایا۔ نسل اِنسانی میں رشتہ اِزدواج کا سلسلہ حضرت آدم علیہ السلام اور حضرت حوا سلام اللہ علیہا کے ملاپ سے شروع ہوا اور ہر زمانے میں مختلف طریقوں سے رائج رہا۔ یہاں تک کہ جنگلوں میں بسنے والے جنگلی اِنسانوں میں شادی بیاہ کا طریقہ رائج تھا۔ نکاح انسانی تہذیب و تمدن میں سب سے مقدم اور اہم طریقہ ہے جو رائج ہے۔

زمانہ قدیم میں شادی بیاہ کا تصور:

زمانہ قدیم میں جس قوم کی تہذیب سب سے نمایاں نظر آتی ہے، وہ یونان کی تہذیب ہے۔ یونانیوں میں شادی کا ایک نظام رائج تھا، لیکن اس قوم کے ابتدائی دور میں اخلاقی، قانونی اور معاشرتی لحاظ سے عورت کی حیثیت بہت گری ہوئی تھی۔ اخلاقی بنیادوں پر عورت کی حیثیت بے بس غلام کی سی تھی اور مرد کو اس معاشرے میں ہر اعتبار سے فوقیت حاصل تھی، بلکہ بد اخلاقی کی اس فضا میں عورت صرف مردوں کی ہوس کا نشانہ تھی۔عورت کو تمام مصائب ( تکالیف، مصیبتیں، رنج و غم، سختیاں) کا سبب قرار دیا جاتا تھا وغیرہ وغیرہ۔ رب تعالیٰ نے ہر جوڑے میں کشش (کھینچائو، لگائو، دل کشی، رغبت) چاہت پیدا فر مائی ہے، اسی وجہ کر تمام مخلوق کا جوڑا ( میاں بیوی، نرو مادہ یا ان میں سے کوئی ایک زوج) بھی بنایا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَالسَّمَاء بَنَیْْنَاہَا بِأَیْْدٍ وَإِنَّا لَمُوسِعُونَ (47) وَالْأَرْضَ فَرَشْنَاہَا فَنِعْمَ الْمَاہِدُونَ (48) وَمِنْ کُلِّ شَیْْء ٍ خَلَقْنَا زَوْجَیْْنِ لَعَلَّکُمْ تَذَکَّرُونَ (49) ترجمہ: اور آسمان کو ہم نے ہاتھوں سے بنایا اور بے شک ہم وسعت دینے والے ہیں. اور زمین کو ہم نے فرش کیا تو ہم کیا ہی اچھے بچھالے والے اور ہم نے ہر چیز کے دو جوڑ بنائے کہ تم دھیان کرو. (القر آن، سورہ، الذّٰریات: 51 آیت 47 سے 49) (کنز الایمان) رب تعالیٰ کا ارشاد ہے ہم نے ہر چیز کی دو قسمیں بنائیں جیسے آسمان اور زمین سورج اور چاند، نرو مادہ وغیرہ تاکہ تم غور کرو۔ فی زمانہ سائنس کی تحقیق سے یہ پتا لگ چکا ہے کہ درخت اور پتھروں میں بھی نر و مادہ ہیں۔ دوسری جگہ یوں ذکر فر مایا:
سُبْحَانَ الَّذِیْ خَلَقَ الْأَزْوَاجَ کُلَّہَا مِمَّا تُنبِتُ الْأَرْضُ وَمِنْ أَنفُسِہِمْ وَمِمَّا لَا یَعْلَمُونَ ۔
تر جمہ: پاکی ہے اسے جس نے سب جوڑے بنائے ان چیزوں سے جنھیں زمین اگاتی ہے اور خود ان سے اور ان چیزوں سے جن کی انھیں خبر نہیں۔ ( القرآن، سورہ یٰسین: 36 آیت36 -کنزالایمان)
شادی شدہ زندگی گزار نے کے لیے سماجی اور قانونی جوڑے کا ہونا ضروری ہے۔ زمانہ قدیم کی تہذیبوں میں باقاعدہ کوئی طریقہ یا قانون موجود نہیں تھا، یونانی تہذیب میں شادی کا جو طریقہ رائج تھا وہ بہت دقیا نوسی( پرانے زمانے کا، قدیم رسموں اور روایتوں کا پابند، رجعت پسند) تھا۔ یونانیوں میں نکاح پر کوئی قدغن، روک ٹوک، پابندی ممانعت، بندش، نہیں تھی جو شخص جس سے چاہتا نکاح کر لیتا، حتیٰ کہ دُختر اور ہم شیرہ سے بھی شادی کر لیتا۔ ( اِنسائیکلو پیڈیا آف ریلجن اینڈ ایتھکس، کے مقالہ نگار نے یونانی، رومی تہذیبوں کا ذکر بڑی صراحت سے کیا ہے) الحمد للہ! مذہب اسلام نے نکاح کے بہت واضح طریقے بتائے اور زمانہ قدیم میں رائج برائیوں کے خاتمے کا طریقہ بتایا. نکاح کے بارے میں قر آن مجید میں 25 جگہوں پر ذکر موجود ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے۔
وَأَنکِحُوا الْأَیَامَی مِنکُمْ وَالصَّالِحِیْنَ مِنْ عِبَادِکُمْ وَإِمَائِکُمْ إِن یَکُونُوا فُقَرَاء یُغْنِہِمُ اللَّہُ مِن فَضْلِہِ وَاللَّہُ وَاسِعٌ عَلِیْمٌ۔
تر جمہ: اور نکاح کردو اپنوں میں ان کا جو بے نکاح ہوں اور اپنے لائق بندوں اور کنیزوں کا اگر وہ فقیر ہوں تو اللہ انھیں غنی کردے گا اپنے فضل کے سبب اور اللہ وسعت والا علم والا ہے، (القرآن، سورہ، النور: 24 آیت32) نکاح کے فوائد ومقاصد اور طریقے قرآن مجید میں 25 جگہ وآحادیث میں کثرت کے ساتھ موجود ہیں۔

میریج بیورو، ضرورت رِشتہ کے اشتہار:

دو تین دہائی پہلے تک رشتے کے لیے زیادہ تر لڑکے والے لڑکی والوں کے گھر جاکر رشتے کا پیغام دیا کرتے تھے۔ ماں باپ، سر پرست حضرات پوچھ تاچھ کر کے طے شدہ شادیاں کیا کرتے تھے، اُس میں ماں باپ کی مرضی و خوشی کے ساتھ ساتھ ان کا تجربہ اور دُعائیں شامل رہتی تھیں۔ زمانہ بدلنے کے ساتھ ساتھ ضرورت رِشتہ کے اشتہار کے ذریعہ رشتے تلاشے جانے لگے. دور دراز کے رشتوں کو ڈاکٹر، انجینیئر، اکائونٹنٹ وغیرہ کے نام پر رشتے طے ہونے لگے. جھولا چھاپ ڈاکٹر کو mbbs, اور دوکان دوکان جاکر دوکان کا حساب کرنے والے منیم جی کو اکائونٹنٹ بتاکر شادیاں ہونے لگیں، ان میں اکثر شادیاں آگے جاکر نا کام ہونے لگیں، ضروت رشتہ کے اشتہار نے پہلے ہی لکھ دیا فریقین کی دی ہوئی جانکاری کی بنیاد پر اشتہار شائع کیا ہے، اگر جانکاری غلط ہوگی تو ادارہ یعنی اخبار ذمہ دار نہیں۔ لیجیے جناب اللہ! اللہ! خیر صلاّ، marrriage bureau, والوں نے تو قیامت کا ڈر، اللہ کا ڈر کھو دیا، لڑکے کی خوبیاں اور لڑ کی کی خوبیاں بیان کر ساتوں آسمان کے قلابے ملا دیے. جھوٹ سچ بتا کر رشتہ طے کرانے اور اپنی فیس پکی کر نے سے مطلب، آگے آپ جانیں آپ کی قسمت، اکثر ایسے رشتے آگے جاکر نا کامیاب ہوتے ہیں۔ موجودہ دور میں محلہ محلہ میریج بیرو کے آ فس کھلے ہوئے ہیں اور اب تو دیہاتوں میں میریج بیورو کے آفس کھل گئے ہیں۔ اب شادی کرانے کا کام باقاعدہ بزنس بن گیا ہے۔ اس میں گھریلو عورتیں و مرد حضرات اِمام و مؤذن صاحبان بھی اس بزنس میں کارخیر کے نام سے کُود کر ’’ دودھوں نہائو، پوتوں پھلو‘‘ یہ دعائیہ جملہ ہے جو بڑی بوڑھیاں چھوٹوں کے لیے کہتی ہیں، یعنی تم پانی کے بجائے دودھ سے نہائو والی مثال میں شرابور ہیں! سوال یہ ہے
کیا میریج بیورو کی کرائی گئیں شادیاں کامیاب ہیں؟
میریج بیورو والوں نے ہر لڑکی کو خوب صورتی میں فلمی ہیروئین کٹرینہ کیف بتایا، گھریلو سگھڑ بتاکر قصیدے پڑھے، منیم جی، منشی جی کو اکائونٹنٹ بتایا، آفس میں کام کرنے والے کو انجینئر اور نہ جانے کیا کیا بتایا لڑکے، لڑ کی والوں کو راضی کیا، اپنا جوڑا جوتا موزہ سمیت اور فیس پہلے لے لیا، دعوت اُرائی، آ گے کی کوئی ذمہ داری میری نہیں یاد دلایا، چل دیے۔ چند دن بعد ہی راز کھلا کہ آں جناب اکائونٹنٹ نہیں ایک دوکان میں منشی کا کام کر رہے ہیں. ایسے بہت واقعات ہیں و غیرہ وغیرہ، ماں باپ دھڑام سے نیچے آگرے۔ ماں باپ پر جو قیامت گزری اور بچی کے خواب چکنا چور ہوئے، ضرورت رشتہ و میریج بیورو والوں کو کوئی مطلب نہیں، زمانہ جدید میں نئے نئے ڈھنگ سے ٹھگی کرنے والوں میں کیا اِن کا نمبر نہیں آتا؟

قریبی رشتہ دار،دوست واحباب میں شادی کریں:

پہلے رشتے زیادہ تر آپس میں کیے جاتے تھے جن کو لوگ جانے، پر کھے رہتے تھے۔ دور کے ڈھول سہانے. اب بہتر سے بہتر کی تلاش میں بڑے بڑے گڈھے میں گر رہے ہیں، پھر قسمت کا رُونا روتے ہیں۔ اللہ خیر فرمائے سبھی ایسے نہیں اِلا ماشا اللہ، لیکن زیادہ تر لوگ اپنے کو ٹھگا سا محسوس کرتے ہیں۔ اپنے خون جگر سے پالی ہوئی بچیوں کو ضرورت رشتہ کے اشتہار اور میریج بیورو کی بتائی ہوئی جھوٹی ڈگریوں پر قربان نہ کریں، خوب چھان پھٹک لیں، سوبار سوچیں، تب قدم آگے بڑھا ئیں. کوشش یہ کریں کی اپنی بستی، اپنے شہر، اپنے خاندان، کے لڑکوں، لڑکیوں کو ترجیح دیں، جن کی جانکاری آپ کو رہتی ہے۔ اب تجارت کا زمانہ ہے. تجارتی اداروں پر بھروسہ کر کے دھوکا نہ کھائیں. جو چمکتا ہے وہ سونا ہی نہیں ہوتا۔ یہ کاروبار بہت ترقی پر ہے، ’’ ہینگ لگے نہ پھٹکری۔۔۔۔ رنگ بھی آئے چوکھا‘‘ چند دن پہلے ہی فلمی ہیروئین سشمیتا سین نے ٹویٹر پر شادی کے بارے میں مذاق کردیا۔ ’’ انھوں نے لکھا، جس کسی نے بھی شادی کی رسم ایجاد کی وہ ضرور کوئی گھٹیا انسان ہوگا کہ مجھے تم سے محبت ہے تو میں اس میں دوسرے لوگوں کو گواہ بنائوں تاکہ تم مجھے چھوڑ کر نہ جاسکو‘‘۔ سشمیتا سین نے خود تو شادی نہیں کی، ہو سکتا ہے کہ وہ شادی کے بندھن میں یقین نہ رکھتی ہوں۔ لیکن سماجی زندگی میں شادی کی بہت اہمیت ہے، اس کا مذاق اُڑانا دوسروں کی دل آزاری کے مترادف ہے، ضروری نہیں جو بات ہمیں غلط لگتی ہے وہ دوسروں کے لیے بھی غلط ہو۔ اسی وجہ کر سشمیتا سین خوب ٹرول ہوئیں۔ شادی زندگی کی پہلی سیڑھی ہے کوئی کھیل، ہنسی مذاق نہیں۔ ضرورت رشتہ و میریج بیورو کی تشہیر پر بھروسہ نہ کریں. سو بار سوچیں تب قدم بڑھائیں۔ اللہ ہمیں اپنے جگر کے ٹکڑوں لڑکے، لڑکیوں کے بہتر رشتے طے کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین ثم آمین.
حافظ محمد ہاشم قادری صدیقی مصباحی خطیب و امام مسجد ہاجرہ رضویہ اسلام نگر کپالی وایا مانگو جمشیدپور جھارکھنڈ پن کوڈ 831020۔09386379632,hhmhashim786@gmail.com,
صاحب تحریر کی گذشتہ نگارش:مولانا احمد رضا خان کی شاعری میں میلاد مصطفی

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے