میں انا ہوں

میں انا ہوں

محمد شہروز کٹیہاری 

میں انا ہوں-
بڑا بننا میرا کام ہے-
میں بہت چالاک ہوں –
میری چتورائی کے سامنے لومڑی بھی فیل ہے –
میرے جال میں اچھے اچھے پھنستے ہیں –
انہیں اس کا شعور تک نہیں ہوتا-
کوئی محکوم حاکم سے بغاوت کرتا ہے ، سچ پو چھو تو وہاں میں بہت فعال ہو جاتی ہوں –
دو آدمی کے درمیان اختلاف کی بھنک لگتی ہے کہ میں درمیاں میں گھس جاتی ہوں-
عزت نفس جو سب کو عزیز ہے درحقیقت وہ میں ہی ہوں –
جس کے اندر میں نہ رہوں دنیا اسے ذلیل سمجھتی ہے – مگر یاد رکھنا اس کی یہ ذلت، عزت اخروی کا سبب ہوتی ہے-
مجھے سب لوگ برا بھلا کہتے ہیں-
میری ہجو پر صفحات کے صفحات سیاہ کر دیتے ہیں مگر میں انہی کے اندر چھپی رہتی ہوں –
میری ایک بڑی خوبی ہے-
جس انسان کے اندر چھپ کر میں کھیل کھیلتی ہوں وہ مجھے دیکھ نہیں پاتا-
مگر میری طاقت اتنی کہ دوسروں کے اخلاص کو بھی میں انا بناکر دکھا سکتی ہوں –
میرا کوئی اصلی وجود نہیں ہے-
،اصلی انا تو” انا الحق”کا ہے ،جس میں شراکت کی کوئی گنجائش ہی نہیں –
بس اسی انا نے مجھے مہلت دے رکھی ہے-
ایک وقت تھا کہ "معلم الملائکہ” میرا لقب تھا-
جنت میرا مسکن تھا –
ساتوں آسمان میری سیاحت گاہ تھے-
مگر اب مجھے قیامت تک دنیا ہی میں رہنا ہے –
میرے کمالات فرعون ،ہامان،شداد سے پو چھو-
یا بوجہل و بو لہب اور عتبہ ،شیبہ ہی سے پوچھ لو-
میں نے بایزید اور منصور حلاج میں بھی گھسنے کی کوشش کی –
مگر وہاں تو اصلی انا بسا تھا-
میری وہاں ایک نہ چل سکی –
میں خیر کے راستے سےبھی لوگوں میں گھس جاتی ہوں پھر انہیں اپنا رکھیل بنا لیتی ہوں-
میری زد میں سڑک چھاپ،دنیادار،زر پرست،سے لے کر جبہ و دستار والے بھی ہیں-
خانقاہوں میں بیٹھے تسبیح بردار بھی ہیں-
میری کچھ راز کی باتیں ہیں-
،یقین جانو یہ میرے گھر کی باتیں ہیں –
ان رازوں سے میرے علاوہ کوئی پردہ نہیں اٹھا سکتا –
وہ یہ کہ جو دوسروں کی” انا ” پر زیادہ سوال کرے ،سمجھ لو اس کی انا کو زبردست ٹھیس پہنچی ہے –
میں اسے کھسیانی بلی کی طرح پاگل کر دیتی ہوں
نیز یہ کہ میں سب کے اندر موجود رہتی ہوں،کسی کے اندر چیونٹی کے مثل رینگتی ہوں تو کسی کے اندر کنگارو کی طرح اچھلتی ہوں –
ہاں !جس کے دل میں اصلی "انا”موجود ہو وہاں میں بے بس ہوجاتی ہوں ،یہی میری ایک کم زوری ہے-

رابطہ: 7545976669

صاحب تحریر کی دوسری نگارش : شعیب الاولیا: شیدائے اعلی حضرت

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے