لازم ہے تامّل تجھے تقریر سے پہلے

لازم ہے تامّل تجھے تقریر سے پہلے

طفیل احمد مصباحی 

لازم ہے تامّل تجھے تقریر سے پہلے 
تحقیق سے ، تنقید سے ، تحریر سے پہلے

انصاف ملا بعد میں ، لیکن وہ ادھورا
میں قتل ہوا ظلم کی شمشیر سے پہلے

اے مفت کے مفتی تو ذرا ہوش میں رہنا
سوبار حَذَر چاہیے تکفیر سے پہلے 

انصاف کے مندر پہ کرے کون بھروسہ
دیتا ہے سزا آج جو تقصیر سے پہلے

آباد ہمیں ہونا ہے ، برباد تو ہو لیں 
تخریب بھی کچھ چاہیے تعمیر سے پہلے

یہ دور قلم کا ہے ، قلم کا ہے زمانہ
ہاتھوں میں قلم لیجیے ، شمشیر سے پہلے

ہر آن رہے پیشِ نظر یہ بھی حقیقت
ملتا نہیں کچھ وقت سے ، تقدیر سے پہلے

اے کاش دعاؤں میں مری ایسا اثر ہو
مقصود ملے نالہ شب گیر سے پہلے

اس ملک کو یہ تاج محل کس نے دیا ہے
اک شاہ جہاں ابنِ جہاں گیر سے پہلے

دنیا کی ستم کوشی سے گھبراؤ نہ یارو
تحقیر ہوا کرتی ہے ، توقیر سے پہلے

دشمن کے کلیجے کو ہِلا دیجیے احمد
جنگوں میں سدا نعرۂ تکبیر سے پہلے

***

طفیل مصباحی کی پچھلی نگارش : مطالعہ : روح کی غذا

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے