بچوں کے شاعر ظفر کمالی

بچوں کے شاعر ظفر کمالی

امان ذخیروی
رابطہ: 8002260577

پھولوں سے مہکے گلشن کے مالی ہیں
ہم بچوں کے شاعر ظفر کمالی ہیں

ان کی نظمیں ہیں کیسی پیاری پیاری
ہو جیسے پانی کا اک چشمہ جاری
پڑھنے اور سمجھنے میں ان کو ہرگز
ہمیں نہیں ہوتی ہے کوئی دشواری

وہ ایسے عمدہ فن کار مثالی ہیں
ہم بچوں کے شاعر ظفر کمالی ہیں

ہر پل ہم کو سیدھی راہ دکھاتے ہیں
سچائی کی قیمت ہمیں بتاتے ہیں
چلنا ہے کیسے جیون کی راہوں پر
بےحد پیار محبت سے سمجھاتے ہیں

راہیں ساری ان کی دیکھی بھالی ہیں
ہم بچوں کے شاعر ظفر کمالی ہیں

ہر لمحہ ہر صبح و شام مبارک ہو
ان کو بےحد، یہ انعام مبارک ہو
ہوا انھیں جو سخت ریاضت سے حاصل
وہ رتبہ اور وہ اکرام مبارک ہو

سچ ہے وہ اس نئے دور کے حالی ہیں
ہم بچوں کے شاعر ظفر کمالی ہیں

یہ پھولوں کا ایک حسیں گلدان نہیں
رس میں ڈوبے رس گلوں کا خوان نہیں
اتنا تو محسوس ہمیں بھی ہوتا ہے
بچوں کا شاعر بننا آسان نہیں

آساں کہنے والے عقل سے خالی ہیں
ہم بچوں کے شاعر ظفر کمالی ہیں

وہ ان کی”چہکاریں" وہ "بچوں کا باغ"
اندھیروں میں روشن دیدہ زیب چراغ
نئے حوصلوں کو دی جس نے نئی اڑان
ہم نے جس سے منزل کا پا لیا سراغ

نئی نسل کے محسن ہیں وہ والی ہیں
ہم بچوں کے شاعر ظفر کمالی ہیں

"رانی پور" کا لعل سدا آباد رہے
اس دنیا کے ہر غم سے آزاد رہے
ہم بچوں کے لب پر یہی دعائیں ہیں
محشر تک وہ، یارب! زندہ باد رہے

داتا ہے تو ہم سب ترے سوالی ہیں
ہم بچوں کے شاعر ظفر کمالی ہیں
***
امان ذخیروی کی گذشتہ تخلیق :بی اماں

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے