بزم شعراٸے سیمانچل اتردیناج پور کی دوسری ماہانہ طرحی نشست کا کامیاب انعقاد

بزم شعراٸے سیمانچل اتردیناج پور کی دوسری ماہانہ طرحی نشست کا کامیاب انعقاد

 


اتردیناج پور کے اسلام پور میں 21 فروری2021بروز اتوار 2 بجے دن انقلاب فاٶنڈیشن اسلام پور کے دفتر میں بزم شعرائے سیمانچل اتردیناج پور کی ”دوسری طرحی نشست“ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا. اس طرحی نشست کی صدارت سیمانچل پورنیہ کے بزرگ کہنہ مشق شاعر استاد الشعرا  مبارک حسین مبارک رضوی پورنوی نے فرماٸی اور نظامت کنوینر مشاعرہ  محسن دیناج پوری نے فرمائی جب کہ نگرانی انقلاب فاٶنڈیشن اسلام پور کے چٸرمین  ڈاکٹر صادق الاسلام صاحب نے فرماٸی ۔ اس موقع پر شعرا کی تعداد سامعین سے زیادہ تھی ۔۔۔
اس طرحی نشست کے کنوینرمحسن نواز محسن دیناج پوری نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا. چنندہ مہمانان گرامی نے اپنے تاثرات و خیالات بھی پیش کیے. پورنیہ سے آٸے ہوٸے مہمان شاعر  مبارک رضوی نے اپنی مسرت و خوشی کا اظہار کرتے ہوٸے فرمایا کہ مجھے بہت خوشی ہوٸی کہ اس طرحی نشست کا میں حصہ بنا اور نوجوان شعراٸے کرام سے ملنے کا یہ اچھا موقع ملا ۔اس کے لٸے نوجوان شاعر و فعال شخصیت محسن دیناج پوری کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آٸندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا. یقینا ایک دن بزم شعراٸے سیمانچل کی خدمات کی وجہ سے سیمانچل کو دبستان سیمانچل لکھا جاٸے گا اور جدید و قدیم شعراٸے سیمانچل کو چاہٸے کہ اس طرح کی ادبی شعری نششتیں سجاٸیں، شرکت کریں اور سیمانچل میں شعر و ادب کے فروغ کے لٸے بے لوث خدمات انجام دیں ۔   افقر پورنوی نے منتخب شدہ مصارع طرح کے تعلق سے معلوماتی گفتگو کرتے ہوٸے فرمایا کہ مصرع جب بھی منتخب کریں، کسی بڑے اور معتبر شاعر کا معیاری مصرع منتخب کریں تاکہ ادب کا معیار برقرار رہے اور شعرا کو جم کر منفرد شاعری کرنے میں مزہ آٸے. کسی بھی طرحی نشست کے لٸے ایک مصرع کافی ہے. دو مصارع طرح کی ضرورت نہیں. جب بھی مصرع دیں ایک مصرع کا اعلان کریں، تاکہ نشست کے دن ایک دور طرحی مشاعرہ کے بعد دیگر شعرا کو غیر طرحی کلام سنانے کا موقع ملے۔ افقر پورنوی صاحب نے منتظمين بزم محسن دیناج پوری ، نثار دیناج پوری ، شہباز مظلوم پردیسی  کی خدمت میں مبارکباد پیش کیا اور ہر ماہ طرحی نشست میں آنے کا وعدہ کیا ۔
سیمانچل کے نوجوان شاعر  مجسم فانی کی نعت و غزل بہت پسند کی گٸی۔’الہام ہوا ہے’ شعری مجموعے کے خالق نثار دیناج پوری نے زیادہ سامعین اور اردو دوست احباب کی طرحی نشست میں شرکت نہ کرنے پر بہت افسوس کیا اور مہمان شعراٸے کرام کی آمد پر خوشی و مسرت کا اظہار فرمایا۔۔ اور آخر میں سرپرست محفل، نگران طرحی نشتت، علاقےکے  سماجی و سیاسی قاٸد ڈاکٹر صادق الاسلام نے اپنے خیالات کا اظہار فرمایا. انھوں نے شعراٸے سیمانچل کی ہمت افزاٸی کرتے ہوٸے فرمایا کہ اس علاقہ اتردیناج پور و سیمانچل میں مزید اردو شعر و ادب کو فروغ اور شعر و ادب کے ماحول  کو سازگار بنانے کے لٸے آپ تمام شعرا و ادبا کو محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ محسن دیناج پوری و نثار دیناج پوری کی محنتوں اور  ہمت و جذبات کو سلام کرتا ہوں. یہی لوگ ہیں جو ہمیشہ اردو کی محفل سجاتے ہیں. ان شاء اللہ اسی طرح کی محفل سے اردو شعر و ادب کو فروغ ملے گا۔ میں وعدہ کرتا ہوں آٸندہ جب جہاں میری ضرورت پڑے گی آپ لوگ مجھے یاد کریں، میں آپ تمام احباب کے ساتھ ہوں، ہر ممکن تعاون کرنے کوشش کروں گا۔ اس طرحی نشست کے انتظامات میں ڈاکٹر صاحب اور شفیق صاحب کا کلیدی رول رہا. شعراٸے کرام کے لٸے مختصر نذرانہ کے ساتھ پرلطف ٹفن اور سرجاپوری چاٸے کا انتظام کیا گیا. کنوینر مشاعرہ محسن دیاج پوری نے تمام مہمانان کے شکریہ کے ساتھ نشست کے اختتام کا اعلان کیا ۔


اس طرحی نشست کے لٸے دیٸے گٸے دو مصارع طرح
”تونے ہی اسے مطلع انوار بنایا“
”اک حشر اس زمیں پہ اٹھا دینا چاہٸے“

پر شعرا کی جانب سے پیش کٸے گئے طرحی کلام سے چند اشعار بطور ملاحظہ فرمائیں :

رخسار حسیں زلف کو خم دار بنایا
قدرت نے تجھے حسن کا شہ کار بنایا
سرکار دوعالم کے پسینے کی مہک نے
گلشن میں گلابوں کو مہک دار بنایا
مجسم فانی پورنوی ۔۔پورنیہ بہار

شہروں میں فقط شہر مدینہ ہی حسیں ہے
تونے ہی اسے مطلع انوار بنایا
خیرات وہ دیتے ہیں زمانے کو شب و روز
خالق نے انہیں مالک و مختار بنایا

محسن دیناج پوری (کنوینر)

سرکار دو عالم کی محبت میں خدا نے
اک پھول نہیں سارا ہی سنسار بنایا
کیا پوچھتے ہو ان کی سخاوت کا طریقہ
آقا نے تو منگتوں کو بھی سردار بنایا

جسیم اکرم مرکزی ۔۔پورنیہ

جلوؤں کااعتبار کرادیناچاہئیے
اس کو نقاب رخ سے ہٹا دینا چاہئیے
غالب کی فکر میر کالہجہ ہواقدیم
صنفِ سخن کو طرزنیا دینا چاہئیے

مبارک رضوی پورنوی (صدر مشاعرہ)

دو چار بار یاد دلا دینا چاہئے
پھر بھی جو بھول جائے بھُلا دینا چاہئے
دنیا کی زندگی ہو جسے عارضی حیات
اُس لاش کو ٹھکانے لگا دینا چاہئے
افقر پورنوی، پورنیہ، بہار

ایوبی جوش خالدی شمشیر لے کے پھر
کہرام اس جہاں میں مچا دینا چاہٸے
لگ جائے جس چراغ کی لو سے مکاں میں آگ
اے فانی وہ چراغ بجھا دینا چاہیے

مجسم فانی پورنوی، باٸسی پورنیہ

چہرہ ہو جیسا ویسا دکھا دینا چاہئے
اک آئنے کو فرض نبھا دینا چاہئے
جس کو ملیں نہ عشق ومحبت کی منزلیں
اس کو تمہارے گھر کا پتہ دینا چاہئے

نثاردیناج پوری (معاون کنوینر)

مذہب کا ہر جنون ہے حسنِ وطن پہ داغ
یہ داغ ہو کہیں بھی مٹا دینا چاہئے
بیٹھا رہا میں صبح سے دیدار کے لئے
آنا اگر نہیں تھا بتا دینا چاہئے

شہباز مظلوم پردیسی ۔۔(معاون کنوینر)

استاد سے سبق یہی ملتا رہا ہمیں
حق کے لٸے یہ سر بھی کٹا دینا چاہٸے
کھیتی لگاکے چاند ستاروں کی دوستو
اب آسماں زمیں کو بنا دینا چاہٸے

محسن نواز محسن دیناج پوری (کنوینر)

مدت گزر گئی ہے ترے انتظار میں
دیدار اپنے رخ کا کرا دینا چاہئیے
میں نے تو تیرے ملنے کو سمجھا تھا دوستی
گر عشق تھا تجھے تو بتا دینا چاہئیے

جسیم اکرم مرکزی پورنوری

آداب نوش جام کے جس کو نہیں پتہ
اس کو بھی ایک جام پلا دینا چاہیے
اب میں وصال جان تمنا کو چل دیا
میرا جنازہ خوب سجا دینا چاہیے

غلام ربانی اشہر ۔۔باٸسی بہار

حرفِ انا کو دل سے مٹا دینا چاہیے
وعدہ کسی سے ہو تو نبھا دینا چاہیے
ہو جائے جس جگہ بھی نادم ترا حریف
شکوہ گلہ ہو جو بھی بھلا دینا چاہیے

شجرالہدی شجر دیناج پوری (گوال پوکھر)

اس کے علاوہ وھاٹس ایپ کے ذریعے اپنا کلام بھیجنے والے شعراٸے کرام مدبر عالم جامعی مغربی بنگال ،نور جمیل نوری اتردیناج پور، آزاد ضمیر لکھنوی یوپی، شکیل سہسرامی بہار اور نور سعید  کے نام قابل ذکر ہیں ۔

آخر میں نوجوان شاعر مبارک علمی دیناج پوری نے تیسری ماہانہ طرحی نشست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوٸے اعلان فرمایا کہ بزم شعراٸے سیمانچل اتردیناج پور کی تیسری طرحی نشست 20 مارچ 2021 بمطابق 6 شعبان 1442 بروز سنیچر 11 بجے دن سے ”لاٸف میڈیکل ہاٶس“ و علمی گرافس کے سامنے اسلام پور بلاک کے دھتولہ بازار میں ہوگی. ان شاء اللہ

مصرع براٸے غزل
”مکمل وہ ابھی میرا نہیں ہے“
شاعر: اشرف یعقوبی کلکتوی

آزاد قوافی : میرا اچھا سچا سمجھا وعدہ جلوہ کیسا جیسا وغیرہم

افاعیل : مفاعیلن مفاعیلن فعولن

اس مصرع طرح پر ایک دور طرحی مشاعرہ ہوگا اور ایک دور غیر طرحی کلام سنانے کا موقع دیا جاٸے گا۔
تمام شعراٸے کرام ،باذوق سامعین ، اور محبان اردو سے شرکت کی پرخلوص گزارش ہے

رابطے کے  نمبرات 8374786880 9002542909۔۔

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے