آہ! احمد علی برقی اعظمی

آہ! احمد علی برقی اعظمی

آمد 25 دسمبر 1954 اعظم گڑھ، انڈیا؛ رحلت 5 دسمبر ،2022 جون پور، انڈیا
(صنعتِ توشیح میں منظوم خراجِ عقیدت)

کلام : مسعود بیگ تشنہ

ا: اک جہانِ دیگراں وہ شخص برقی اعظمی
شاعری کا آسماں وہ شخص برقی اعظمی
ح: حلقۂ احبابِ فن میں آدمی اتنا شریف
مرکزِ شعر و سخن میں آدمی اتنا شریف
م: موضوعی اور فی البدیہہ تھی شاعری اس کی کمال
ترجمے کے فن میں ماہر براڈ کاسٹر بے مثال
د: دل سے کی تھی آل انڈیا ریڈیو میں نوکری
فارسی شعبے میں صدرِ شعبہ جیسی چاکری

ع: عاشقِ علم و ادب وہ زود گو تھا بے مثال
برقیاتی نیٹ کا صارف وہ شاعر باکمال
ل: لَو لگائی بے نیازی اور شرافت سے بہت
چوٹ کھائی خوب کھائی اور شرافت سے بہت
ی: یاد اس کی سادگی اور اس کی باتیں یاد ہیں
فون پر وہ دل بری اور اس کی باتیں یاد ہیں

ب: برقیاتی نیٹ کا وہ زود گو شاعر گیا
اب کہاں وہ ریختہ، وہ زود گو شاعر گیا
ر: روح ہے "روحِ سخن" اور جان "محشرِ خیال"
شاعری کے مجموعے ہیں فکر و فن میں بے مثال
ق: قوّتِ تخلیق سے چلتا رواں اس کا قلم
روز شعر و فکر میں ڈھلتا رواں اس کا قلم
ی: یہ نہ پوچھو اس کے جانے کا ہے کس درجہ ملال
دلّی والوں کا نہ پوچھو نہ ہی میرے دل کا حال

ا: ایک ہی تھا آخری وہ شخص دلّی کا شریف
دل ملائم روئی جیسا اور یہ دلّی کثیف
ع: عارضی یہ زندگی ہے، مادّی اس کا وجود
مادّی یہ زندگی ہے، عارضی اس کا وجود
ظ: ظلمتِ شب ہے ہویدا ہائے صبحِ آخری
روح "برقی" کی جو ہائے جائے صبحِ آخری
م: موت اس کو لے گئی اس عالمِ خاکی سے دور
دور دنیا کی کثافت، قبر گاہ ہے جائے نور
ی: یاد "تشنہ" آئے گا رہ رہ کے برقی اعظمی
نُقط میرا سوکھے گا کہہ کہہ کے برقی اعظمی
(5 دسمبر 2022 ،اِندور ،انڈیا)
***
مسعود بیگ تشنہ کی گذشتہ نگارش :تازہ صوبائی انتخابات کے نتائج : فوری و دور رس اثرات

شیئر کیجیے

One thought on “آہ! احمد علی برقی اعظمی

  1. اشتراک ڈاٹ کام اور فیس بک کے توسط سے جناب احمد علی برقی اعظمی کے منظوم تاثرات سے محظوظ ہوتا رہا ہوں ۔۔۔۔ اللّہ ان کے درجات بلند فرمائے۔آمین۔
    مسعود بیگ تشنہ صاحب نے فنی مہارت کے ساتھ برقی صاحب کو عمدہ منظوم خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔۔۔۔ان کی محبت کو سلام ۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے