جے پرکاش یونی ورسٹی کے شعبۂ اردو میں ریسرچ اسکالرز سیمینار کا انعقاد

جے پرکاش یونی ورسٹی کے شعبۂ اردو میں ریسرچ اسکالرز سیمینار کا انعقاد

چھپرہ ــــــــ مورخہ ۱۰؍ ستمبر۲۰۲۲ء کو جے پرکاش یونی ورسٹی، چھپرہ میں شعبۂ اردو کے زیرِ اہتمام ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ شعبۂ اردو کے ساتھ ساتھ یونی ورسٹی کے دیگر شعبے کے اساتذہ کی موجودگی میں ریسرچ اسکالرس نے خود اعتمادی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے مقالے پیش کیے۔ دو نشستوں میں تقریباً چار گھنٹے تک یہ سیمینار جاری رہا اور کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ نظامت کے فرائض مشترکہ طور پر امتیاز احمد، حشمت علی اور نور افشاں نے انجام دیے۔
واضح رہے کہ یہ سیمینار جے پرکاش یونی ور سٹی، چھپرہ کے شعبۂ اردو میں پری پی.ایچ۔ڈی کورس کر رہے ریسرچ اسکالرس کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔ سیمینار کا عنوان ’’قاضی عبدالودود اور تحقیق کا فن‘‘ تھا۔ تمام ریسرچ اسکالروں نے مذکورہ عنوان کے پیشِ نظر قاضی عبدالودود کی ادبی اور تحقیقی خدمات کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیا۔ مشترکہ طور پر تمام مقالات پسند کیے گئے اور دانشور اساتذہ نے تمام ریسرچ اسکالروں کی حوصلہ افزائی فرمائی۔
ڈاکٹر مظہر کبریا نے اپنی تقریر میں فرمایا کہ تمام مقالات سننے کے بعد دلی مسرت حاصل ہوئی۔ آپ نے اساتذہ کے ذریعے دی گئی ہدایات کو نظر میں رکھتے ہوئے محنت کی اور بہتر مقالے پیش کیے۔
پروفیسر مسعود ارشد ہاشمی نے اپنی پرمغز گفتگو کے ذریعے ریسرچ اسکالرس کی حوصلہ افزائی فرمائی۔ کمیوں اور کوتا ہیوں کی طرف بھی انھوں نے عمدہ اشارا کیا اور اپنی دلی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیچ سابقہ بیچوں کے مقابلے میں نہ صرف اچھا ہے بلکہ ہم متمنی ہیں کہ یہ یاد گار ثابت ہو۔
آخر میں صدرِ شعبہ پروفیسر سمیع احمد کو مدعو کیا گیا۔ انھوں نے اپنے خیالات کا اظہار فرمایا۔ اپنی ذمے داری ادا کرتے ہوئے انھوں نے جہاں شعبہ جاتی سرگرمیوں سے بچوں کو آگاہ کیا وہیں تمام مقالے پر تنقیدی، تحقیقی اور تاثراتی گفتگو کی۔ ان کی گفتگو معلوماتی اور کارآمد تھی۔ ہر مقالے پر فرداً فرداً گفتگو سے انھوں نے مجمعے کو محوِ حیرت کیا۔ ان کی گفتگو سے ریسرچ اسکالرس نے یہ بھی سیکھا کہ مقالے کیسے سنے جاتے ہیں اور کس فکری اور علمی انداز میں اظہارِ خیال کیا جاتا ہے۔
جن ریسرچ اسکالرس نے سیمینار میں حصہ لیا ان کے نام کچھ اس طرح ہیں: سعدیہ پروین، طارق انور، محمد رضوان، ریحانہ خاتون، منیرہ محمدی، نورافشاں، محمد افتخار، نازیہ سلطانہ، حشمت علی، امتیاز احمد، عبدالوہاب، کنیز فاطمہ، مظہر الحق، محمد اعظم اور ریاض احمد۔ اس موقعے پر پروفیسر سمیع احمد (صدر شعبۂ اردو: جے پرکاش یونی ورسٹی ، چھپرہ)، پروفیسر مسعود ارشد ہاشمی، پروفیسر مظہر کبریا، پروفیسر وید ناتھ مشرا(صدر شعبۂ سنسکرت: جے پرکاش یونی ورسٹی، چھپرہ)، پروفیسر رام ناتھ پرشاد (صدر شعبۂ فلسفہ: جے پرکاش یونی ورسٹی، چھپرہ) اور پروفیسر سرفراز احمد (نوڈل آفیسر: جے پرکاش یونی ورسٹی، چھپرہ) موجود تھے۔

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے