پروفیسر شہپر رسول اور پروفیسر شہزاد انجم کو جامعہ کے اہم شعبوں کی ذمہ داریاں سونپی گئیں

پروفیسر شہپر رسول اور پروفیسر شہزاد انجم کو جامعہ کے اہم شعبوں کی ذمہ داریاں سونپی گئیں

(نئی دہلی) جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے پروفیسر شہپر رسول کو ارجن سنگھ سینٹر برائے فاصلاتی تعلیم کے تحت چلنے والے اردو کورسز اور مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ کا کنسلٹنٹ مقرر کیا ہے اور پروفیسر شہزاد انجم کو مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز کیا ہے۔ اس سے قبل پروفیسر شہپر رسول شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدرِ شعبہ اور دہلی اردو اکادمی کے وائس چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کا شمار عہدِ حاضر کے ممتاز شعرا میں ہوتا ہے۔ ان کی کتاب ’’اردو غزل میں پیکر تراشی‘‘ کو ادبی دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پروفیسر شہپر رسول کو غالب انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ’’غالب انعام برائے شاعری‘‘ سے بھی سرفراز کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی اہم رسائل نے ان پر خصوصی گوشے بھی شائع کیے ہیں۔
پروفیسر شہزاد انجم شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدرِ شعبہ ہیں۔ اس سے قبل انھوں نے بہ حیثیت کوآرڈی نیٹر ’’ٹیگور ریسرچ اینڈ ٹرانسلیشن اسکیم‘‘ منجانب وزارتِ ثقافت، حکومتِ ہند، ڈائریکٹر مرکز برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور بہ حیثیت انچارج جامعہ کمیونٹی سینٹر بہ حسن و خوبی اپنی ذمہ داریاں ادا کی ہیں۔ ان کی درجنوں کتابیں ادبی حلقے میں مقبول ہوچکی ہیں، جن میں ’عہد ساز شخصیت سرسید احمد خان‘، ’دیدہ ور نقاد گوپی چند نارنگ‘ اور ’اردو کے غیر مسلم شعرا و ادبا‘ قابلِ ذکر ہیں.
پروفیسر شہپر رسول اور پروفیسر شہزاد انجم کی تازہ تقرریوں سے علمی اور ادبی حلقوں میں یہ امید کی جارہی ہے کہ ارجن سنگھ سینٹر برائے فاصلاتی تعلیم اور مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ جیسے موقر اداروں میں خوش آئند پیش قدمیاں ظہور پذیر ہوں گی۔
جامعہ سے وابستہ اترپردیش اردو اکادمی کے انعام یافتگان کے اعزاز میں تہنیتی جلسے کا انعقاد

شیئر کیجیے

One thought on “پروفیسر شہپر رسول اور پروفیسر شہزاد انجم کو جامعہ کے اہم شعبوں کی ذمہ داریاں سونپی گئیں

  1. Name : سید اسلم صدا آمری
    Email : sadaulaamiri@gmail.com
    Message : انتہائی قابل تحسین اقدام ہے شہپر رسول اور شہزاد انجم صاحب کی اردو ادب میں میں ناقابل فراموش خدمات ہیں جس کے لئے واقعی ان عہدوں پر فائز ہوئے کے حقدار ہیں میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے مناسب پر بےداغ مدت مدید تک قائم رکھے سید اسلم صدا آمری چینائی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے