بزمِ تعمیر ادب جموئی میں یاد کیے گئے تلوک چند محروم

بزمِ تعمیر ادب جموئی میں یاد کیے گئے تلوک چند محروم

یوم وفات پر بزم تعمیر ادب ذخیرہ، جموئی میں یاد کیے گئے مشہور شاعر تلوک چند محروم

جموئی (پریس ریلیز) 6 جنوری 2022
بزم تعمیر ادب ذخیرہ، جموئی کے جنرل سکریٹری امان ذخیروی نے اپنے ایک تحریری بیان میں کہا ہے کہ بزم کے دفتر فضل احمد منزل میں جناب حاجی محمد سعد الله خان کی صدارت میں مشہور و معروف شاعر تلوک چند محروم کے یوم وفات پر ایک یادگاری تقریب کا انعقاد عمل میں آیا. بزم تعمیر ادب ذخیرہ کے جنرل سکریٹری اور معروف شاعر امان ذخیروی نے تلوک چند محروم کی حیات و خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی. جناب ذخیروی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ تلوک چند محروم ایک خوش فکر اور روایت کی پاس داری کرنے والے شاعر تھے. محروم کی پیدائش یکم جولائی 1887ء کو ضلع میانوالی پنجاب (موجودہ پاکستان) میں ایک علمی گھرانے میں ہوئی. محروم کے یہاں شاعری کا جذبہ بہت فطری تھا. وہ بہت چھوٹی سی عمر میں ہی شعر کہنے لگے. 1901ء میں جب وہ مڈل اسکول کے طالب علم تھے، تو ملکہ وکٹوریہ کا مرثیہ لکھا تھا. ہائی اسکول میں پہنچنے تک رسالہ ‘زمانہ` اور ‘مخزن` میں ان کی نظمیں شائع ہونے لگی تھیں. محروم نے بی اے تک تعلیم پائی اور 1908ء میں مشن ہائی اسکول ڈیرہ اسمٰعیل خان میں انگریزی کے استاذ مقرر ہوئے. پھر ترقی کر کے پرنسپل کے عہدے پر فائز ہوئے. مگر اس دوران بھی ان کا شعری سفر جاری رہا. یوں تو محروم نے دیگر اصناف شاعری پر بھی طبع آزمائی کی، مگر نظم نگاری میں ان کو کمال عبور تھا. ان کی نظموں میں قومی جذبات بہت شدت کے ساتھ نمایاں ہیں. آپ چکبست اور سرور جہاں آبادی کی روایت کے امین تصور کیے جاتے ہیں. محروم نے بچوں کے لیے بھی بہت ساری نظمیں لکھیں. بچوں کے لیے لکھی گئی ان کی نظمیں بچوں میں قومی جذبات کو ابھارنے اور ان کو زندگی کی مثالی اقدار سے متعارف کرانے کے لیے موثر ہیں. گنج معانی، رباعیات، کاروان وطن، نیرنگ معانی، بچوں کی دنیا، بہار طفلی وغیرہ ان کے شعری مجموعے ہیں. یہ بتاتے چلیں کہ ہندستان کے مشہور شاعر و ادیب، ماہر اقبال، ڈاکٹر جگن ناتھ آزاد محروم کے لائق فزند تھے. ایسے حب وطن سے سرشار شاعر کا انتقال 6 جنوری 1966ء کو دہلی میں ہوا.
اس یادگاری نشست میں شریک ہونے والوں میں محمد ارشاد خان، ڈاکٹر محمد شاہد انور، محمد عتیق الله خان، پروفیسر رضوان عالم خان وغیرہم کے نام قابل ذکر ہیں.

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے