پروفیسر احمد شاندار کے انگریزی غزلیہ مجموعے کا اجرا اور شعری نشست کا انعقاد

پروفیسر احمد شاندار کے انگریزی غزلیہ مجموعے کا اجرا اور شعری نشست کا انعقاد

ایک ممتاز سائنس داں کی شعر و ادب سے غیرمعمولی وابستگی مستقبل میں روشن ادبی امکانات کا اشاریہ: پروفیسر شہپر رسول

(نئی دہلی): پروفیسر احمد شاندار بنیادی طور پر بایو انفارمیٹکس کے ایک ممتاز سائنس داں ہیں۔ اس میدان میں ان کے چار ہزار سائٹیشن ان کا ایک غیرمعمولی کارنامہ ہے۔ اس کے باوجود وہ شعر و ادب، موسیقی اور دیگر فنونِ لطیفہ کے علاوہ مختلف علوم و فنون سے بے پناہ دل چسپی رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ مستقبل کی دنیا میں شعر و ادب کے امکانات روشن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر احمد شاندار کی انگریزی غزلوں کے مجموعے کا اجرا کرتے ہوئے عہدِ حاضر کے ممتاز شاعر پروفیسر شہپر رسول نے کیا۔ اس موقع پر پروفیسر احمد شاندار کی رہائش گاہ لوٹس اسپیسیا، نوئیڈا میں شعری نشست کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جس میں صدرِ محفل پروفیسر شہپر رسول کے علاوہ پروفیسر احمد شاندار، ڈاکٹر احمد نصیب خان، معین شاداب، ڈاکٹر رحمان مصور، ڈاکٹر خالد مبشر اور سفیر صدیقی نے اپنا معیاری کلام پیش کیا۔ ذیل میں نمونۂ کلام ملاحظہ ہو:
اپنے مزاج ہی میں کہاں تھا قیام و نام
سب یہ سمجھ رہے تھے کہ دنیا کریں گے ہم
(شہپر رسول)
افق کو بانٹ کے بیٹھے ہیں تارے سیارے
ہوا ہے عرش بھی اب تنگ بستیوں کی طرح
(احمد شاندار)
ناخنوں میں ہاتھوں کے
پھانس کی چبھن ہوگی
ہاتھیوں کے پیروں میں
آبلے پڑے ہوں گے
ایندھنوں میں چولہوں کے
دیمکیں لگی ہوں گی
پانیوں کی رانی کو
جنگلوں کے راجہ کو
اک سیہ مرض ہوگا
(احمد نصیب خان)
ان سے ملنے کی خوشی بعد میں دکھ دیتی ہے
جشن کے بعد کا سناٹا بہت کھلتا ہے
(معین شاداب)
کہاں تھا جنگ کا میدان اور کہاں دشمن
ہم ایسی جنگ میں ہارے ہیں جو لڑی ہی نہیں
(رحمان مصور)
بھٹک رہا ہے مِرے سر کا بوجھ اٹھائے ہوئے
مِرا جنون کسی سنگ کی تلاش میں ہے
(خالد مبشر)
بے خودی میں رفتہ رفتہ کھینچ لائی اپنے ساتھ
ایک رسّی پیڑ کے جھولے سے پنکھے تک مجھے
(سفیر صدیقی)
نشست کی نظامت کے فرائض معین شاداب نے انجام دیے اور اختتام میزبان پروفیسر احمد شاندار کے اظہارِ تشکر پر ہوا۔
نوٹ: (ذیل کی تصویر میں دائیں سے) ڈاکٹر خالد مبشر، پروفیسر احمد شاندار، ڈاکٹر رحمان مصور، معین شاداب، پروفیسر شہپر رسول، ڈاکٹر احمد نصیب خان اور سفیر صدیقی۔
پروفیسر شہپر رسول اور پروفیسر عبدالرشید کی سبک دوشی پر الوداعیہ

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے