خانہ کعبہ کی افضلیت و اہمیت

خانہ کعبہ کی افضلیت و اہمیت

حافظ محمد ہاشم قادری صدیقی مصباحی، جمشیدپور*

حج ایک عظیم عبادت ہے:
حج اللہ کی عبادتِ عظمیٰ ہے جس میں بے پناہ اسرار و فضائل ہیں۔ حج اسلام کا پانچواں رکن ہے ۔ ۹ ؁ھ میں فرض ہوا، اس سے قبل مستحب تھا۔ اس کی فرضیت قطعی ہے۔ جو اس کی فرضیت کا منکر ہو وہ کافر ہے۔ پوری عمر میں حج ایک بار فرض ہے، اس کے علاوہ نفل۔ حج کی فرضیت پر ارشاد باری تعالیٰ ہے پارہ 4 رکوع ۱؍ سورۃ آلِ عمران آیت 96 اِنَّ اَوَّلَ بَیْتٍ وُّضِعَ لِلنَّاسِ الَّذی بِِبَکَّۃَ مُبٰرَکاً وَّ ھُدًی لِّلْعٰلَمِیْن ترجمہ: بے شک سب سے پہلا گھر جو لوگوں کے لیے (عبادت گاہ) بنایا گیا وہ گھر جو مکّہ میں ہے وہ برکت والا اور دنیا بھر کے لیے رہ نما ہے. اس میں بہت سی نشانیاں ہیں. ابراہیم علیہ السلام کے کھڑے ہونے کی جگہ ہے اور جو اس میں چلا جاتا ہے وہ امن پاجاتا ہے۔ اور اللہ کے لیے لوگوں پر اس کا حج فرض ہے، ان پر جو وہاں پہنچنے کی طاقت رکھتے ہوں. جو منکر ہو تو اللہ کو بھی کسی کی کچھ پرواہ نہیں۔
تفسیر ابنِ عباس رضی اللہ عنہٗ میں آیت بالا کی تفسیر اس طرح بیان کی گئی ہے۔ سب سے اول جو خدا تعالیٰ کی عبادت کے لیے زمین پر بنائی گئی ہے وہ ہے جو مکّہ میں ہے۔ یعنی کعبہ شریف مبارک گھر ہے یعنی اس میں مغفرت و رحمت ہے اور سارے جہاں کے لیے سیدھی راہ ہدایت کی بنیاد ہے. سب رسولوں ،ولیوں، مسلمانوں کی قبلہ گاہ ہے۔
کعبہ معظمہ کی دینی اہمیت: حج کی دینی اہمیت و فضیلت جاننے کے لیے یہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ ’’حج ‘‘ جس پاک گھر کی زیارت و طواف کا نام ہے خدائے پاک کی بارگاہ میں خود اس گھر کا کیا مرتبہ اور مقام ہے …
کعبہ معظمہ کے بے شمار فضائل ہیں. ان میں سے کچھ عرض کیے جاتے ہیں۔ بیت المقدس کے مشہور بانی حضرت سلیمان علیہ السلام ہیں، کہ آپ نے جنّاتوں سے تعمیر کرایا. مگر کعبۃ اللہ کے مشہور بانی حضرت خلیل اللہ علیہ السلام ہیں۔ قرآن مقدس کا یہ صاف صاف اعلان ہے کہ اس سر زمین پر خدا کی عبادت کے لیے سب سے پہلا جو گھر تعمیر ہوا ہے وہ یہی ہے جو مکہ مکرمہ میں واقع ہے اور اسی وجہ سے قرآن کریم نے اس کو قدیم ترین گھر کہا ہے۔ پارہ 17 رکوع 10 سورۃ الحج آیت نمبر 29 وَلْیَطَّوّ فُوْ باِلبَیْتِ الْعَتیْق ترجمہ: اور اس آزاد گھر کا طواف کریں۔
کعبہ میں مقامِ ابراھیم کی عبادت گاہ ہے۔ پارہ 4رکوع 1 سورۃ آلِ عمران آیت 97 ترجمہ: اور اس میں نشانیاں ہیں ابراھیم علیہ السلام کے کھڑے ہونے کی جگہ۔
اس میں کھلی ہوئی نشانیاں علامتیں موجود ہیں جو اس بات کی شہادت ہیں کہ خدا نے اس گھر کو عظمت اور حرمت سے نوازا ہے۔ مقام ابراہیم علیہ السلام کی موجودگی اس بات کی ایک تاریخی دلیل ہے کہ ابراہیم علیہ السلام نے یہاں خدا کی عبادت کی ہے اور خدا کی عبادت ہی کےلیے اس گھر خانہ کعبہ کو تعمیر کیا گیا ہے۔ سورۃ بقرہ آیت نمبر 125 ترجمہ: اور ابراہیم علیہ السلام جہاں عبادت کے لیے کھڑے ہوئے تھے اس کو مستقل عبادت گاہ بنالو۔ کعبہ میں سنگ اسود جنت سے لایا ہوا پتھر ہے جو قدرت کی نشانیوں میں سے ایک ہے کعبہ معظمہ پر پرندے نہیں اڑتے بل کہ اس کے آس پاس سے ہٹ جاتے ہیں، بیت المقدس میں وہ بات نہیں. حرم کعبہ میں بکری اور شیر ایک جگہ پانی پی لیتے ہیں، وہاں شکاری شکار بھی نہیں کرتے. حرمِ کعبہ میں تا قیامت جنگ و جدال حرام ہے یہ اس دعا کا اثر ہے ۔ رَبِّ اجْعَلْ ھٰذا بَلَدًا اٰمِناً ٭ کعبہ معظمہ سارے حجازیوں خصوصاً مکہ والوں کی پرورش کا ذریعہ ہے کہ وہ جگہ وادی غیر ذِی زرع ہے جہاں معاش کے ذریعہ سب ناپید ہیں مگر وہاں کے باشندے دوسروں سے زیادہ مزے میں ہیں۔ مکہ میں بہت ہی متبرک چیزیں ہیں۔ مقامِ ابراھیم، صفا و مروہ، حجرِ اسود، رکن یمانی، عرفات و منیٰ، ساری مخلوق کے لئے امن کی جگہ ہے، آبِ زمزم ہے۔
آبِ زم زم سے علاج:
حرمِ کعبہ کا کنواں جہاں قبلہ رو ہو کر پیٹ بھر کر آبِ زم زم پیا جاتا ہے۔ آبِ زمزم کی فضیلت میں بہت سی حدیث مروی ہے۔ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہٗ فرماتے ہیں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ’’ زم زم کا پانی جس نیت سے پیا جائے اس سے وہی فائدہ حاصل ہوتا ہے ‘‘ (ابن ماجہ) غرضے کہ مکہ معظمہ صرف عبادت کے لئے ہے، کماتے دنیا والے ہیں اور کھاتے کعبہ والے ہیں۔ رب تعالیٰ نے کعبہ کی حفاظت خود فرمائی کہ فیل (ہاتھی) والوں کو ابابیل (BARN SWALLOW) سے مروادیا۔ ہمیشہ حج کعبہ کا ہی ہوا. بیت المقدس کا حج کبھی نہیں ہوا۔ ایک بار یہود نے مسلمانوں سے کہا تھا کہ ہمارا قبلہ بیت المقدس ہے تمہارا کعبہ، اور بیت المقدس کعبہ سے کہیں افضل ہے، کہ وہ کعبہ سے پہلے اور پرانا ہے، انبیاے اکرام اور ان کی ہجرت گاہ ہے اور شام کے علاقے میں واقع ہے جو متبرک زمین ہے، جہاں قیامت قائم ہوگی۔ مسلمانوں نے کہا نہیں ہمارا کعبہ افضل و اعلیٰ ہے۔ اس موقع پر اس آیت مبارکہ کا نزول ہوا۔ پارہ 4 رکوع 1سورہ آل عمران ، آیت نمبر 97 ترجمہ: بے شک سب سے پہلا گھر جو لوگوں کے لیے (عبادت گاہ) بنایا گیا وہ گھر جو مکہ میں ہے۔اس آیت مبارکہ میں ان کی تردید کی اور مسلمانوں کی تائید کی گئی (تفسیر خزائن العرفان، و روح البیان، و صاوی و تفسیر نعیمی جلد 4صفحہ 21 )
تبدیل قبلہ کا حکم: اسلام میں جب تبدیل قبلہ کا واقعہ ہوا کہ مسلمان بیت المقدس سے کعبہ معظمہ کی طرف پھیرے گئے، تو یہود نے طعنہ دیا کہ مسلمانوں نے اعلیٰ اور پرانے قبلہ کو چھوڑا اور نئے قبلہ کو اختیار کر لیا، ان کے اس طعنہ کی بھی تردید اس آیت کریمہ میں رب العزت نے فرمائی (روح ُالبیان) رب تعالیٰ نے کعبہ کے شہر کو بلدِ امین فرمایا اور اس کی قسم فرمائی وَ ھٰذَ الْبَلَدُ الْامِیْن. کعبہ کے پاس نیکی کا ثواب ایک لاکھ اور بیت المقدس کے پاس پچاس ہزار۔ اللہ کے آخری نبی محسنِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کعبہ کے پاس مکہ شریف میں پیدا ہوئے اور فرشتوں اور زیادہ انبیاے کرام کا قبلہ کعبہ ہی رہا نہ کہ بیت المقدس۔ کعبہ کو بحکم الٰہی حضرت آدم علیہ السلام نے بنایا۔ حضرت آدم علیہ السلام کے بنائے ہوئے کعبہ کو پھر اسی کی بنیاد پر حضرت ابرہیم علیہ السلام کو تعمیر کرنے کا حکم ہوا (وہ پتھر جس پر حضرت ابراہیم علیہ السلام کھڑے ہو کر دیواریں چنتے تھے) وہ بھی نشانیوں میں سے ہے۔ کعبہ معظمہ میں برکت و ھدایت کی بہت ساری نشانیاں ہیں۔ تاریخ و سیرت کی کتابوں سے پتہ چلتا ہے کہ اس کو فرشتوں نے اللہ تعالیٰ کے حکم سے حضرت آدم علیہ السلام کی پیدائش سے بھی پہلے بیت المعمور (بیت المعمور ساتویں آسمان پر فرشتوں کی عبادت اور طواف کے لیے ایک مسجد ہے) تعمیر کیا تھا۔ حضرت آدم علیہ السلام کے وقت سے لے کر طوفان نوح تک وقتاًً فوقتاً حسبِ ضرورت اس کی مرمت (Repairing) ہوتی رہی لیکن طوفانِ نوح میں کعبہ بھی غرق ہو گیا۔ اس کے بعد حضرت ابرہیم علیہ السلام کو دوبارہ تعمیر کا حکم ہوا۔ جب حضرت ابرہیم علیہ السلام تیسری دفعہ حضرت اسمٰعیل علیہ السلام سے ملنے کے لیے آئے۔ اس وقت حضرت اسماعیل علیہ السلام زم زم کے قریب تشریف رکھتے تھے اور تیر درست کر رہے تھے۔ اپنے والد کو دیکھ کر بے اختیار دوڑے اور دونوں مل کر اس قدر روئے کہ آواز یں بند ہو گئیں۔ اس کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام نے حضرت اسمٰعیل علیہ السلام سے فرمایا کہ مجھ کو خانہ کعبہ کی تعمیر کا حکم ہوا ہے، تم بھی میری مدد کرو۔ چناں چہ دونوں باپ بیٹے مل کر تعمیر میں مشغول ہوئے۔ حضرت اسمٰعیل علیہ السلام پتھر لاتے اور حضرت ابراہیم علیہ السلام پتھروں کو قرینے سے جماتے جاتے تھے۔ انھوں نے کعبہ شریف کا ایک دروازہ مشرق (East) اور دوسرا جانب مغرب (West) رکھا تاکہ ایک دروازہ سے لوگ داخل ہوکر دوسرے دروازے سے نکل جائیں۔ ان دروازوں کی دہلیزیں زمین کے برابر تھیں۔ حضرت ابراھیم علیہ السلام نے یکم ذی قعدہ کو خانہ کعبہ کی تعمیر شروع کی اور 25 ذی قعدہ کو ختم کی (کشف القلوب جلد اول صفحہ 555)۔
حج کا حکم: جب حضرت ابراھیم علیہ السلام خانہ کعبہ کی تعمیر ثانی سے فارغ ہوئے تو آپ کو بارگاہ رب العزت سے حکم ہوا، پارہ 17 سورہ الحج آیت نمبر 27 وَ اَذِنْ فِی النّاسِ بالْحَجِّ یا تُوْکَ رِجَا لاًوَّ عَلیٰ کُلِّ ضَا مَرٍیَّا تَیْنَ مِنْ کُلِّ فَج عَمِیْق ترجمہ: اور عام طور پر لوگوں میں اعلان کر دو کہ وہ اس بیت اللہ کے حج کرنے کو پیدل اور دُبلے اونٹوں پر سوار ہوکر دور دراز مسافت (راستہ) طے کر کے آئیں. حضرت ابراہیم علیہ السلام نے عرض کیا مَا یَبْلُغُ صَوْتِیْ ( میری آواز نہیں پہنچے گی) رب نے فرمایا عَلَیْکَ الْاَذَان وَ عَلَیْنَاالْبَلَاغ. تیرا کام پکارنا ہے اور پہنچادینا میرا کام ہے۔ چناں چہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بوقبیس پہاڑی سے چڑھ کر ایک پتھر پر کھڑے ہو کر پکارا۔ یَا ایُّھَا النَّاسُ اِنَّ رَبَّکُمْ قَدْ بنیٰ لَکُمْ بَیْتاً وَ کَتَبَ عَلَیْکُمْ الْحَجَّ فَاَجِیْبُوْ رَبَّکُمْ ’’ اے لوگو! تحقیق تمھارے پروردگار نے تمھارے لیے گھر بنایا اور تم پر حج فرض کیا۔ پس خدا کے حکم کی تعمیل کرو۔ ‘‘ یہ پتھر آج تک موجود ہے اور مقامِ ابراھیم کہلاتا ہے۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عبادت گاہ مقامِ ابراھیم :  فَیْہِ اٰیَا تُٗ مُقَا مُ اَبْرَا ھَیْم (سورہ آل عمران) ترجمہ: اس میں کھلی ہوئی نشانیاں ہیں ابراھیم ؑ علیہ السلام کے کھڑے ہونے کی جگہ۔ یعنی اس میں ایسی کھلی ہوئی نشانیاں موجود ہیں جو اس بات کی شہادت ہیں کہ خدا نے اس گھر کو عظمت و حرمت سے نوازا ہے۔ مقامِ ابراھیم کی موجودگی اس بات کی ایک تاریخی دلیل ہے کہ ابراھیم علیہ السلام نے یہاں خدا کی عبادت کی ہے اور خدا کی عبادت ہی کے لیے اس خانہ کعبہ کی تعمیر کی ہے۔ ارشاد باری وَاتَّخِذُوْ مِنْ مَّقَامِ اِبْرَا ھِیْمَ مُصَلّٰی (سورہ بقرہ آیت 125 ) ترجمہ: ’’ اور ابراھیم جہاں عبادت کے لیے کھڑے ہوئے تھے اس کو مستقل عبادت گاہ بنا لو ۔ ‘‘
خانہ کعبہ ہدایت و برکت کا سرچشمہ: مُبٰرَکا وَّ ھُدَی لِّلْعٰلَمِیْن ( سورہ آل عمران) ترجمہ: بے شک سب سے پہلا گھر جو لوگوں کی عبادت کا مقرر ہوا وہ مکہ میں ہے. برکت والا اور سارے جہاں کا رہ نما۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے جب اپنی بیوی اور اولاد کو اس مبارک گھر کے پڑوس میں لاکر بسایا تھا۔ اس وقت آپ نے اللہ کے حضور دل کی گہرائیوں سے یہ دعا کی تھی ’’ خدایا ہم نے ان سب کو تیرے حکم سے تیرے گھر کے پاس لا کر ڈالا ہے کہ وہ تیری نمازیں قائم کریں۔ خدایا ! تو لوگوں کے دل ان کی طرف اشتیاق و عقیدت سے جھکا دے اور ان کو ہر طرح کے پھلوں سے مالا مال فرمادے۔ ‘‘ اس دعا کی قبولیت کا نتیجہ یہ ہے کہ خدا کا یہ گھر ہمیشہ سے دینی و دنیوی برکتوں کا مرکز (Centre) بنا ہوا ہے اور آج بھی جن کو اس مرکز ہدایت کی زیارت نصیب ہو دیکھ سکتے ہیں (الحمدُ اللہ ناچیز کو گذشتہ سال یہ نعمتِ عظمیٰ ملی ہے) کہ کس طرح یہاں ہدایت و برکات کی شعائیں پھیلتی ہیں۔ اور کس طرح یہاں دینی ودنیاوی نعمتوں کی بارش ہوتی ہے۔
خانہ کعبہ امنِ عالم کا مرکز (Centre of World Peace)
وَ اِذْ جَعَلْنَا الْبَیْتَ مَشَابَۃً لِّلنَّاسِ وَ اَمَنَّا (سورہ بقرہ آیت 125 ) ترجمہ: ’’ اور یاد کرو جب ہم نے اس گھر (کعبہ) کو تمام انسانوں کے لیے مرجع اور مرکز امن بنایا‘‘ ’’ انسانیت کا مرجع‘‘ ہونے کا مطلب صرف اتنا ہی نہیں ہے کہ حج کے ایّام میں ساری دنیا سے خدا پرست یہاں جمع ہوتے ہیں۔ بل کہ اسکا وسیع تر مطلب یہ ہے کہ مومن اپنی پوری زندگی میں اس گھر کے ارد گرد چکر لگاتا ہے۔ کعبہ ہی اس کے ایمان کا مرکز ہے، کعبہ ہی مومن کی اصلی عبادت گاہ ہے۔ یہیں سے مومن کو توحید کی غذا ملتی ہے اور مومن اسی کو اپنی پانچ وقت کی نمازوں میں قبلہ بناتا ہے۔ سورہ ابراھیم آیت نمبر 35 وَ اِذْ قَالَ اِبْرَاھِیْمُ رَبِّ اجْعَلْ ھَذٰ بَلَدًا اٰمَنَّا وَ جُنُبْنِیْ وَ بَنِیّٰ اَن نعْبُدَالْاَصْنَامْ ترجمہ: اور یاد کرو جب ابراہیم علیہ السلام نے دعا کی ’’ اے ہمارے رب اس شہر کو امن کا شہر بنا دے اورمجھے اور میری اولاد کو بُتوں کی پوجا سے بچا۔‘‘سورہ آل عمران آیت نمبر 97 وَ مَنْ دَخَلَہُ کَا نَ اٰمِنا (ترجمہ) ’’اور جو اس میں آئے امان میں ہو‘‘ سورہ ابراھیم آیت نمبر 37 (ترجمہ کنزالایمان) ’’ اے میرے رب میں نے اپنی اولاد بے آب و گیاہ آبادی میں بسائی جس میں کھیتی نہیں ہوتی تیرے حرمت والے عظمت والے گھر کے پاس. اے ہمارے رب اس لیے کہ وہ نماز قائم رکھیں تو، تُو لوگوں کے دل ان کی طرف مائل کر دے اور انھیں پھل کھانے کو دے تاکہ وہ احسان مانیں۔ مکہ مکرمہ میں قیام کامقصود صرف عبادت الٰہی ہے، اس لیے رب نے وہاں کھیتی باڑی نہ رکھی، تاکہ وہاں کے لوگوں کو دنیاوی الجھن نہ ہو۔ دوسرے یہ کہ تمام عبادت میں نماز افضل عبادت ہے کہ آپ نے خصوصیت سے اس کا ذکر فرمایا۔ مکہ مکرمہ کی نماز دوسری جگہوں کی نماز سے بہتر و اعلا ہے. حضرت ابراھیم علیہ السلام کی دعا قبول ہوئی۔ آج تک مکہ مکرمہ شہر ہے. وہاں کی زمین کھیتی باڑی کے لائق نہیں. پھر بھی وہاں کے لوگ سیر ہو کر کھاتے ہیں بھوکے نہیں رہتے۔ دنیا کماتی ہے وہ کھاتے ہیں۔ ساری دنیا کے دل مکہ مکرمہ کی طرف جھکتے ہیں (روح البیان تفسیر نورالعرفان صفحہ 414)
ان آیات میں اللہ تعالیٰ نے اولاد ابرھیم علیہ السلام کو اپنا یہ احسان یاد دلایا کہ ہم نے کعبہ کو تمام انسانوں کے لیے امن کا مرکز بنایا. اس احسان عظیم کا ذکر کئی جگہ فرمایا کہ حرم کعبہ کو ایک پر امن مقام بنایا۔ آج ساری دنیا میں قتل و غارت گری و بد امنی کا بازار گرم ہے. کہیں بھی امن کا نام و نشان نہیں ملتا۔ غور کریں دیکھیں کہ ساری دنیا کا کیا حال ہے۔ مولائے رحیم نے فرمایا جو حرم کعبہ میں داخل ہوا پھر کسی کی مجال نہیں کہ کوئی اس کا بال بیکا کر سکے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراھیم علیہ السلام کی تمام دعاؤں کو قبول فرمایا اور حرم کعبہ کو وہ حرمت و فضیلت بخشی کہ روئے زمین پر اس کی کوئی مثال نہیں مل سکتی۔ جاہلیت کے اس تاریک ترین دور میں بھی جب کہ ہر طرف لوٹ مار بد امنی اور فتنہ و فساد کا بازار گرم تھا ، حرم کعبہ کا یہ احترام تھا کہ خون کے پیاسے دشمن یہاں ایک دوسرے کو دیکھتے لیکن کسی کو یہ جراء ت نہ ہوتی کہ دشمن پر حملہ کرے ہاتھ اُٹھائے. یہ آیت مبارکہ ملاحظہ فرمائیں۔( سورہ عنکبوت آیت نمبر 68) اَوَ لَمْ یَرَوْ اَنَّا جَعَلْنَا حَرَمً اٰمِنَاوَّ یُتَخَطَّفُ النَّا سُ مِنْ حَوْ لِھِم ۔ (ترجمہ) ’’ کیا انہوں نے نہیں دیکھا کہ ہم نے حرمت والی زمین پناہ گاہ بنائی۔ حالاں کہ ان کے گرد و پیش لوگ اُچک لیے جاتے ہیں۔‘‘
ایک بات تو خاص طور سے دل و دماغ کی توجہ کو کھینچتی ہے وہ حضرت ابراھیم علیہ السلام کی دعا کا یہ فقرہ میری اولاد کو بُت پرستی سے بچا (سورہ ابراھیم آیت نمبر 35)۔ امن کی دعا حقیقت کی نقاب کشائی کرتا ہے کہ تمام تباہ کاریوں ، فتنہ سامانیوں اور فساد انگیزیوں کا سرچشمہ شرک و کفر ہے جس پر پوری انسانیت متحد ہو سکتی ہے اور یہ فساد بھری دنیا امن و عافیت کا گہوارہ بن سکتی ہے، وہ توحید کی دعوت ہے ۔ امنِ عالم کا راز یہ ہے کہ دنیا میں توحید قائم ہو. خدا پرستی ہی وہ بنیاد ہے جس پر انسانیت متحدہو سکتی ہے۔ شرک و کفر کے اس تاریک دور میں بھی حدود کعبہ ’’ حرم ِ امن ‘‘ تھا جب کہ اس کے ارد گرد لوگ لوٹ لیے جاتے تھے۔ یہ معمارِ کعبہ کے پاک جذبات کی برکت ہے کہ ہر دور میں اس کا یہ احترام باقی رہا۔ اور صرف بنی اسمٰعیل ہی نہیں بل کہ مجوسی، صابی، یہودی و نصرانی سب ہی اس کی عظمت و احترام کے قائل تھے. وہیں آج کے فتنہ و فساد سے جاں بلب دنیا جو امن و عافیت کو ترس رہی ہے وہ توحید کی تعلیم کو اپنا کر اطمینان و سکون حاصل کر سکتی ہے۔ یقیناً اَمنِ عالم کا واحد مرکز خدا کا وہ گھر ہے جو اس روئے زمین پر خدا کی عبادت کا پہلا گھر ہے ۔ خدا کا گھر ہر وقت اپنے وجود سے پیغامِ توحید کا اعلان نشر کر رہا ہے اور سارے انسانوں کو خدا پرستی کی بنیاد پر جمع ہونے کی دعوت دے رہا ہے۔ ایسی دعوت جس کے حق ہونے پر کائنات کا ذرہ ذرہ شہادت دے رہا ہے۔
معمارِ کعبہ حضرت ابراھیم علیہ السلام و حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی دعائیں :
پارہ 1 رکوع 14 سورہ بقرہ آیت نمبر 127 سے 129 وَ اِذْ یَرْفَعُ اِبْرٰھِمُ الْقَوَا عِدَ مِنَ الْبَیْتِ وَ اِسْمٰعِیْلُ ط رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا ط اِنَّکََ اَنْتَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ رَ َبَّنَا وَاجْعَلْنَا مُسْلِمَۃًلَّک ص وَ اَرِنَا مَنَا سِکَنَا وَ تُبْ عَلَیْنَا ج اِنَّکَ اَنْتَ التَّوَّا بُ الرَّحِیْمُ رَبَّنَا وَبْعَثْ فِیْھِمْ رَسُوْلًامِّنْھُمْ یَتْلُوْ عَلَیْھِمْ اٰیٰتِکِ وَ یُعَلِّمُھُمُ الْکِتٰبَ وَالْحِکْمَتَ ویُزََکِّیْھِمْ ط اِنَّکَ اَنْتَ الْعَزِیْزُ الْحَکِیْم (ترجمہ: کنز الایمان) ’’ اور جب اُٹھاتا تھا ابراھیم اس گھر کی نیو (بنیاد) اور اسمٰعیل یہ کہتے ہوئے اَے رب ہمارے ہم سے قبول فرما بے شک تو ہی ہے سنتا جانتا اے رب ہمارے اور ہمیں تیرے حضور گردن رکھنے والا اور ہماری اولاد میں سے ایک اُمت تیری فرماں بردار ہمیں ہماری عبادت کے قاعدے بتا اور ہم پر اپنی رحمت کے ساتھ رجوع فرما۔ بے شک تو ہی ہے بہت توبہ قبول کرنے والا مہربان ۔ اے رب ہمارے اور بھیج ان میں ایک رسول انہی میں سے ان پر تیری آیتیں تلاوت فرمائے اور انھیں تیری کتاب اور پختہ علم سکھائے اور انھیں خوب ستھرا فرمائے، بے شک تو ہی ہے غالب حکمت والا۔‘‘ حضرت ابراھیم علیہ السلام اور حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی دعائیں بارگاہ رب العزت میں قبول ہوئیں. حضرت ابراھیم علیہ السلام نے ہمارے حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری کی دعا کی. حضورصلی اللہ علیہ وسلم دعائے ابراھیم علیہ السلام اور بشارتِ مسیح ہیں۔ ابراھیم علیہ السلام نے حضورصلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق بہت سی دعائیں مانگیں جو رب کریم نے لفظ بہ لفظ قبول فرمائیں۔ حضورصلی اللہ علیہ وسلم مومن جماعت میں پیدا ہوں۔ مکہ معظمہ میں ہی پیدا ہوں. حضورصلی اللہ علیہ وسلم کو کتاب کے علاوہ حکمت بھی عطا ہو یعنی حدیث پاک. حضورصلی اللہ علیہ وسلم تمام جہاں کے معلم ہوں۔ حضرت ابراھیم علیہ السلام کی دعا ہی کی برکت ہے، گرچہ مکہ مکرمہ میں پیداوار نہ ہو مگر یہاں کے لوگوں کو رزق وافر مقدار میں ملے گا۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ خانہ کعبہ قبولیتِ دعا کی جگہ ہے. سورہ آل عمران 96-97 شاہد ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے خلیل اللہ کی یہ دعا قبول فرمائی اور اس گھر کو تمام جہاں کے لئے برکت، فضیلت، امن کا مرکز قرار دیا اور یہ وضاحت فرمائی کہ خود اس گھر کے وجود میں ایسی صریح (ظاہر) و صاف علامتیں (نشانیاں) موجود ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مقبول ہیں۔ انتہائی پاک و متبرک مقام ابراھیم، صفا مروہ، حجر اسود، رکنِ یمانی، عرفات و منیٰ، ساری مخلوق نہ صرف انسان بل کہ چرند وپرند سب کے لیے امن کی جگہ۔ آبِ زم زم وغیرہ۔
آبِ زم زم سے علاج: حرمِ کعبہ کا کنواں جہاں قبلہ رو ہو کر پیٹ بھر کر آبِ زم زم پیا جاتا ہے اس کے بے شمار فوائد و فضائل حدیث کریمہ کے ذخائر میں موجود ہیں۔ آبِ زم زم تین سانسوں میں رک رک کر پینا چاہیے بیماری سے شفاہے علاج ہے ۔
حضرت ابراھیم علیہ السلام کی تمنّائیں:
پارہ 13رکوع 13 سورہ ابراھیم آیت 39 سے 41 (ترجمہ) ’’ اے ہمارے رب مجھے نماز قائم کرنے والا رکھ اور کچھ میری اولاد کو ۔ اے ہمارے رب اور ہماری دعا سن لے۔ اے ہمارے رب مجھے بخش دے اور میرے ماں باپ کو اور سب مسلمانوں کو جس دن حساب قائم ہوگا۔
حضرت ابراھیم علیہ السلام نے حضرت اسمٰعیل و حضرت اسحٰق علیہ السلام کی پیدائش کو اللہ کی بڑی نعمتوں میں شمار کیا، حضرت ابراھیم علیہ السلام فرزندگی کی دعا مانگ کر عرض کرتے تھے ’’اِسْمَعْ یَا اِیْل ‘‘ اے اللہ سن لے یعنی آمین۔ جب اسمٰعیل علیہ السلام پیدا ہوئے تو آپ نے اس دعا کی یادگار میں آپ کا نام اسمٰعیل رکھا۔
کعبۃ اللہ کے بنانے والوں کو وصیت: پارہ 1 رکوع 14سورہ بقرہ آیت نمبر 125 ’’ وَ عَھِدْنَآ اِلٓیٰ اِبْرَا ھِیْمَ وَ اِسْمٰعِیْلَ اَنْ طَھِّرَ بَیْتیَ لِطّآئِفِیْنِ وَالْعٰکِفِیْنِ وَالرُّکعِ السُّجُوْد ( ترجمہ کنز الایمان): اور ہم نے تاکید فرمائی ابراھیم اور اسمٰعیل کو کہ میراگھر خوب ستھرا (پاک) کرو طواف والوں اور اعتکاف والوں اور رکوع سجود والوں کے لیے. ’’ پاک‘‘ کا لفظ خاص طور سے قابل غور ہے۔ خدا کے گھر کی اصل پاکی، صفائی ستھرائی یہ ہے کہ اسے شرک و کفر کی نجاستوں سے پاک صاف رکھا جائے، اس میں خدا کے سوا دوسرے کا نام بلند نہ ہو اور اس سے دنیا کو صرف توحید کا پیغام ملے۔ بالکل فطری طور پر رب کریم کا یہ حکم آج اُن تمام لوگوں کی طرف ہے جو ملتِ ابراھیمی پر چلنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ اور خدا کے گھر کو قبلہ و کعبہ مانتے ہیں۔ بالخصوص وہ افراد، جو بیت اللہ کی تولیت و توسیع اور خدمت کی عظیم ذمہ داری پر فائز ہیں۔
کعبہ معظمہ کے مقدس مقامات سے متعلق حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان:
حدیث شریف میں آیا ہے کہ حجر اسود جب جنت سے دنیا میں لایا گیا تو دودھ سے زیادہ سفید تھا۔ پھر آدمیوں کے گناہوں کی وجہ سے کالا ہو گیا (ترمذی شریف) دوسری حدیث شریف میں ہے کہ سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قسم کھا کر ارشاد فرمایا حجر اسود کو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن ایسی حالت میں اٹھائے گا کہ اس کی دو آنکھیں ہوں گی جن سے وہ دیکھے گا اور زبان ہوگی جس سے وہ بولے گا اور اس شخص کے بارے میں گواہی دے گا کہ جس نے اس کو حق کے ساتھ بوسہ (چوما) دیا ہوگا۔ (ترمذی و ابن ما جہ)
حدیث شریف میں ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ میرا دل چاہتا تھا کہ میں کعبہ شریف کے اندرجا کر نماز پڑھوں تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا ہاتھ پکڑ کر حطیم میں داخل کر دیا اور فرمایا کہ جب تیرا دل کعبہ میں داخل ہونے کو چاہے تو یہاں آ کر نماز پڑھ لیا کر کہ یہ کعبہ کا ہی ٹکرا ہے۔ تیری قوم نے جب کعبہ کی تعمیر کی اس حصہ کو (اخراجات کی کمی کی وجہ سے ) کعبہ کے باہر کر دیا۔(ابوداؤد)
حدیث شریف میں ہے کہ جو میزاب رحمت کے نیچے دعا کرے اس کی دعا قبول ہوتی ہے (درمختار) حدیث شریف میں ہے کہ ملتزم ایسی جگہ ہے جہاں دعا قبول ہوتی ہے۔ کسی بندہ نے وہاں ایسی دعا نہیں کی جو قبول نہ ہوئی ہو۔ حدیث شریف میں آیا ہے کہ مستجاب کے پاس ستر ہزار فرشتے دعا پر آمین کہنے کے لیے مقرر ہیں۔ اس لیے اس کا نام مستجاب رکھا گیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ اللہ جل شانہ کی بارہ نعمتیں روزانہ اس گھر پر نازل ہوتی ہیں جن میں سے چھ طواف کرنے والوں پر نازل ہوتی ہیں، چار وہاں نماز پڑھنے والوں پر اور دو بیت اللہ کو دیکھنے والوں پرنازل ہوتی ہیں. (حدیث) بیت اللہ شریف کا صرف دیکھنا ہی عبادت ہے۔ حضرت سعید بن المصیب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جو ایمان کی تصدیق کے ساتھ کعبہ شریف کو دیکھے اس کے گناہ ایسے جھڑتے ہیں جیسے پتے درخت سے جھڑ جاتے ہیں اور جو شخص مسجد میں بیٹھ کر صرف بیت اللہ کو دیکھتا رہے چاہے طواف، نماز نفل نہ پڑھتا ہو وہ افضل ہے اس شخص سے جو اپنے گھر میں نفلیں پڑھتا ہو اور بیت اللہ کو نہ دیکھے۔ حضرت عطا رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ بیت اللہ کو دیکھنا بھی عبادت ہے اور بیت اللہ کو دیکھنے والا ایسا ہے جیساکہ رات کو جاگنے والا اوردن میں روزہ رکھنے والا اور االلہ کے راستے میں جہاد کرنے والا اور اللہ کی طرف رجوع کرنے والا۔ حضرت عطا رحمۃ اللہ علیہ سے ہی نقل کیا گیا ہے کہ ایک مرتبہ بیت اللہ کودیکھنا ایک سال کی عبادت نفل کے برابر ہے۔ حضرت طاعوس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ بیت اللہ کا دیکھنا افضل ہے اس شخص کی عبادت سے جو روزہ دار، شب بیدار، مجاھد فی سبیل اللہ ہو۔ حضرت ابراھیم نخعی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ بیت اللہ کا دیکھنے والا مکہ سے باہر عبادت میں کوشش سے لگے رہنے کے برابر ہے اورطواف کرنے والوں میں جس قدر نعمتیں نازل ہوتی ہیں وہ اس حدیث سے ظاہر ہے اس لیے علما نے لکھا ہے کہ مسجد حرام میں تحیۃ المسجد سے طواف کرنا افضل ہے۔ اگر کسی وجہ سے طواف نہ کر سکے تو تحیۃ المسجد پڑھے ورنہ بجائے تحیۃ المسجد کے مسجد میں جاتے ہی طواف کرنا افضل ہے۔ البتہ اگر نماز کا وقت ہو تو اس وقت طواف نہ کرے۔ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جن کو اللہ جل شانہ نے اپنے لطف و کرم اور فضل سے کثرت سے طواف کرنے کی توفیق عطا فرمائی۔ حضور مصطفیٰ جانِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ کو خطاب کر کے ارشاد فرمایا کہ تو کتنا بہتر شہر ہے اور مجھ کو کتنا محبوب ہے اگر میری قوم مجھے نہ نکالتی تو تیرے سوا کسی جگہ قیام نہ کرتا (حدیث) اس حدیث کی وجہ سے نیز ان جیسی احادیث کی وجہ سے جن میں مکّے کی نیکی کا ثواب ایک لاکھ آیا ہے ایک بڑی جماعت کا مذہب ہے کہ مکہ مکرمہ سارے شہروں سے افضل ہے اور وہاں قیام کرنا مستحب اور افضل ہے ۔
تعمیر کعبہ کا مقصود عبادتِ الٰہی و عقیدہ توحید کا اعلان :
سورہ الحج آیت نمبر26 سے 27
’’ وَ اِذْ بَوَّاْنَا لِاِبْرَاَھِیْمَ مَکَانَ الْبَیْتِ اَلّا تُشْرِک بِی شَیئًا وَّ طَھِّرْ بَیْتِیَ لِطَّآ ئِفِیْنَ وَالْقَائِمِیْن وَالرُّ کَّعِ السُّجُوْد وَ اَذِّنْ فِیْ النَّا سِ بِالْحَجِّ یَاتُوْکَ رِجَالاً وَّ عَلیٰ کُلِّ ضَا مِرٍ یّاتِیْنَ مِنْ کُل فَجٍّ عَمِیْق (ترجمہ) اور جب ہم نے ابراھیم علیہ السلام کو اس گھر کا ٹھکانہ ٹھیک بتا دیا اور حکم دیا کہ میرا کوئی شریک نہ کر میرا گھر (کعبہ معظمہ) ستھرا (پاک) رکھ طواف والوں اور اعتکاف والوں اور رکوع سجدے والوں کے لیے۔ اور لوگوں میں عام ندا کر دے وہ تیرے پاس حاضر ہوں ہر دبلی اونٹنی پر کہ ہر دور کی راہ سے آتی ہیں۔
چناں چہ حضرت ابراھیم علیہ السلام نے بوقبیس پہاڑ پر چڑھ کر آواز دی (اعلان فرمایا) کہ اللہ کے گھر کی طرف آؤ۔ جس جس نے آپ کی آواز پر لبیک کہا وہ اتنی ہی بار حج کرے گا اور جو روح خاموش رہی وہ حج نہ کر سکے گی۔ حضرت ابراھیم علیہ السلام کا یہ معجزہ ہے کہ آپ کی آواز مشرق و مغرب شمال و جنوب موجود سب تک پہنچی. آپ کی پکار کا اثر قیامت تک رہے گا۔ خانہ کعبہ پانچ بار تعمیر ہوا۔ (1) حضرت آدم علیہ السلام نے بنایا (2) ابراھیم علیہ السلام نے بنایا (3) قریش نے بنوایا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اعلان نبوت سے 15 سال قبل (4) پھر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد عبداللہ ابن زبیر رضی اللہ عنھما نے (5) پھر حجاج بن یوسف نے ۔ آج حجاج بن یوسف کی تعمیر موجود ہے۔ (تفسیر روح البیان و نور العرفان صفحہ 534)
تعمیر کعبہ کا مقصد روزِ اول سے یہ تھا کہ خدا کی عبادت کرنے والے یہاں جمع ہوں اور قیام، رکوع، سجود کر کے توحید الٰہی کا شور بلند کریں اور کفر و شرک کی نجاست مٹا دیں۔ دور دراز سے لوگ شوق و ذوق ، ولولے و جوش کے ساتھ اس گھر کی زیارت کو آئیں اور یہاں سے توحید کا پیغام لے کر دور دراز ملکوں میں پھیل جائیں اور اس پیغام کو دنیا کے گوشے گوشے میں پہنچا دیں۔ اسی لیے روزِ اول سے خدا نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو حکم دیا. یہ اِذنِ عام دے دو کہ وہ اس پاک گھر کا حج کریں اور یہاں جمع ہو کر توحید کے نعروں سے اپنے دلوں کو گرمائیں اور یہ پیغام لے کر زمین کے چپے چپے میں پہنچیں. تمام مسلمان خصوصاً حجاج کرام کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ اللہ کے اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کے مطابق
’’بَلَّغُوْ عَنِّی‘‘ میری بات دوسروں تک پہنچاؤ پر عمل پیرا ہوں اللہ تمام مسلمانوں کو اپنے گھر خانہ کعبہ و روضۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت و حاضری نصیب فرمائے اور ایمان پر قائم رکھے اور ایمان پر خاتمہ عطا فرمائے آمین ثم آمین۔

رابطہ:09386379632,
* خطیب و امام مسجد ہاجرہ رضویہ اسلام نگر کپالی وایا مانگو جمشیدپور جھارکھنڈ پن کوڈ 831020

صاحب مضمون کی یہ نگارش بھی ملاحظہ ہو: سنت ابراہیمی قربانی کی احتیاط ہم کیا کریں کیا نہ کریں

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے