اثر خامہ: سید اسلم صدا آمری، چینائی
نبی ﷺ کو پاس بلانے کی رات آئی ہے
فلک پہ عید منانے کی رات آئی ہے
نظام شمس و قمر آج کچھ معطل ہو
نبی ﷺ سے ملنے ملانے کی رات آئی ہے
بٹھا لوں کیوں نہ تمھیں آج اپنی پلکوں پر
تمھارے ناز اٹھانے کی رات آئی ہے
پڑی ہی رہتی ہے ہر دم انھیں جو امت کی
وہ حال رب کو سنانے کی رات آئی ہے
کلیمِ طور پیؤ آج شربتِ دیدار
تمھاری پیاس بجھانے کی رات آئی ہے
نبی ﷺ کی ساعتِ ادنئ میں سیرِ عرش تمام
خرد کے ہوش اڑانے کی رات آئی ہے
نگاہِ عشق میں پل پل ہے آپ ﷺ کی معراج
یہ رات سب کو دکھانے کی رات آئی ہے
"محب" "حبیب" میں کچھ آج امتیاز نہیں
جو فرق تھا وہ مٹانے کی رات آئی ہے
"احد" کا راز جو پنہاں تھا "میمِ" احمد ﷺ میں
نقابِ "میم" اٹھانے کی رات آئی ہے
ہیں آج دونوں”صدا" ایک ساتھ جلوہ فگن
کہ حمد و نعت سنانے کی رات آئی ہے
***
سید اسلم صدا آمری کی گذشتہ تخلیق :ہوئی بہ وصف نبی ﷺ قدر و منزلت میری
فلک پہ عید منانے کی رات آئی ہے
شیئر کیجیے