زباں میلی نہیں ہوتی دہن میلا نہیں ہوتا

زباں میلی نہیں ہوتی دہن میلا نہیں ہوتا

سید اسلم صدا آمری

زباں میلی نہیں ہوتی دہن میلا نہیں ہوتا
ثناخوان محمد ﷺ کا سخن میلا نہیں ہوتا

عیاں ہے روز روشن کی طرح یہ بات دنیا میں
نبی ﷺ کا عشق ہو جس میں وہ من میلا نہیں ہوتا

جو اپنا لے کوئی انساں نبی ﷺ کا اسوۂ حسنہ
خدا کے فضل سے اس کا چلن میلا نہیں ہوتا

اجالے چار سو پھیلے ہیں گیسوئے منور کے
بہ زلف مصطفیٰ چرخ کہن میلا نہیں ہوتا

خدا کو عرش پر نعلینِ احمد ﷺ بھی گوارہ ہیں
کہ نعلینِ مبارک سے گگن میلا نہیں ہوتا

نہیں بیٹھی مگس کوئی نبیﷺ کے جسم اطہر پر
مگس کو ہے پتہ ان ﷺ کا بدن میلا نہیں ہوتا

عقیدت سارے اہل فن کو ہے ذات گرامی ﷺ سے
کہ نعت مصطفیٰ کہنے سے فن میلا نہیں ہوتا

خدا کی راہ میں دل کھول کر جو خرچ کرتے ہیں
وہ دولت کم نہیں ہوتی وہ دھن میلا نہیں ہوتا

مہک جاتے ہیں کانٹے بھی چمن میں صحبت گل سے
وجودِ خار سے رنگ چمن میلا نہیں ہوتا

قسم اللہ کی مٹی اسے ہرگز نہیں کھاتی
فناۓ عشقِ سلطان زمن میلا نہیں ہوتا

تقدس پر”صدا" اس کے فرشتے رشک کرتے ہیں
شہید عشقِ احمد ﷺ کا تن میلا نہیں ہوتا

Syed Aslam Sada Aamiri
32,B, Maroof Saheb Street Mount Road Chennai 600002
سید اسلم صدا آمری کی یہ تخلیق بھی ملاحظہ ہو :دل بسمل جہاں سے اٹھتا ہے

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے